• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

عمر چیمہ کا وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے معاملے پر عارف علوی کو خط

شائع April 25, 2022
گورنر نے کہا کہ وہ ایک آئینی عہدے پر فائز ہیں اور انہیں اپنے آئینی کاموں کو انتہائی احتیاط کے ساتھ انجام دینے کی ضرورت ہے— فائل فوٹو: ڈان نیوز
گورنر نے کہا کہ وہ ایک آئینی عہدے پر فائز ہیں اور انہیں اپنے آئینی کاموں کو انتہائی احتیاط کے ساتھ انجام دینے کی ضرورت ہے— فائل فوٹو: ڈان نیوز

گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے صدر مملکت عارف علوی سے وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے 'متنازع انتخابات' کے معاملے کے ساتھ ساتھ سبکدوش ہونے والے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے استعفے کے معاملے کو حل کرنے کے لیے تجویز مانگ لی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ نے اپنا استعفیٰ گورنر کو نہیں بلکہ وزیر اعظم کو دیا تھا جبکہ آئین کے آرٹیکل 130 (8) کے تحت وزیر اعلیٰ گورنر کو استعفیٰ دیتا ہے۔

صدر کو لکھے گئے چھ صفحات پر مشتمل خط میں پنجاب کے منتخب وزیر اعلیٰ سے حلف نہ لینے کی آئینی وجوہات کی وضاحت کرتے ہوئے گورنر نے کہا ہے کہ ابتدائی طور پر عثمان بزدار کے متنازع استعفے کی وجہ سے صوبے میں سیاسی تعطل پیدا ہوا اور بعد ازاں وزیر اعلیٰ کا متنازع انتخاب ہوا۔

متعلقہ آرٹیکلز اور رولز کی وضاحت کے بعد گورنر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے انتخابی عمل آئینی خلاف ورزیوں اور اس کے تحت بنائے گئے قواعد اور لاہور ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ کے حکم پر ایک کلاسک کیس ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر پنجاب نے نومنتخب وزیر اعلیٰ کی تقریب حلف برداری مؤخر کردی

گورنر نے کہا کہ آئینی رکاوٹوں کے پیش نظر ’میں غلط کو برقرار رکھنے کے لیے آگے نہیں بڑھ سکتا، میری خواہش ہے کہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے مناسب کارروائی کی جائے جس پر آئین خاموش ہے‘۔

اپنے خط میں گورنر نے کہا کہ وہ ایک آئینی عہدے پر فائز ہیں اور انہیں اپنے آئینی کاموں کو انتہائی احتیاط کے ساتھ انجام دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاس خود کو نومنتخب وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز سے حلف لینے سے روکنے کی وجوہات ہیں۔

جیسا کہ لاہور ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ وہ (گورنر) وزیر اعلیٰ کے حلف میں تاخیر اور حلف نہ لینے کی وجوہات درج کریں، انہوں نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ یہ غلط ہے اور اپنے دفاع میں واقعات بیان کیے ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ فیصلے میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کو اپنے حلف کی پاسداری کرنی ہوگی اور وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے منصفانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ انداز میں انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانا ہوگا۔

مزید پڑھیں: گورنر پنجاب نے نومنتخب وزیر اعلیٰ کی تقریب حلف برداری مؤخر کردی

گورنر کا کہنا تھا کہ آئین کی شقوں سے متعلق میری سمجھ کے مطابق وزیر اعلیٰ کا انتخاب خامیوں سے بھرا ہوا ہے جس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے بینچ کی جانب سے دیے گئے فیصلے کو نظر انداز کیا گیا ہے۔

عمر سرفراز چیمہ نے اس کے بعد پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے کارروائی کی وضاحت کی اور کہا کہ ’یہ بات بالکل واضح ہوجاتی ہے کہ جس طرح سے وزیر اعلیٰ کا انتخاب اور ووٹوں کی گنتی کرائی گئی ہے وہ دوسرے شیڈول کی سراسر خلاف ورزی ہے اور لاہور ہائی کورٹ ڈویژن بینچ کی طرف سے دی گئی ہدایات کی روح کے بھی خلاف ہے۔

گورنر نے کہا کہ آئین کے آرٹیکلز واضح کرتے ہیں کہ گورنر ایسے حالات میں حلف لینے کے لیے آگے بڑھنے کے پابند نہیں ہیں، جہاں انتخاب کے انعقاد کے پورے طریقہ کار کی خلاف ورزی کی گئی ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 130 (5) کے تحت میکانکی طریقے سے آگے نہیں بڑھ سکتا، آپ کے علم میں لانا غیر اہم ہے کہ حلف برداری کے لیے آئین میں بھی کوئی مدت مقرر نہیں ہے‘۔

گورنر پنجاب نے سیکریٹری پنجاب اسمبلی کی رپورٹ کا بھی حوالہ دیا جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وزیر اعلیٰ کا انتخاب ایک غیر آئینی عمل کا شاخسانہ تھا، اس لیے اب میری آئینی سمجھ اور ضمیر کے مطابق بطور گورنر میں آرٹیکل 130 (5)کے تحت آگے نہیں بڑھ سکتا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024