• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

ہماری نئی حکومت سے جڑی ایرانی سعودی غم اور خوشیاں

شائع April 28, 2022

'کپتان کے وزیرِاعظم نہ رہنے سے ایران-پاکستان تعلقات ڈھلوان پر'، یہ سرخی ہے عرب دنیا کی مشہور نیوز سائٹ الشرق الاوسط کی۔ اس خبر کی تفصیل میں بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف کو جلد ایران کا دورہ کرنا چاہیے ورنہ کپتان کے دور میں قائم ہوئے اچھے پاک-ایران تعلقات تحلیل ہوجائیں گے۔

ایرانی اس وقت اس بات پر تقسیم ہیں کہ کپتان کے نکالے جانے کا ذمہ دار امریکا ہے یا علاقائی حالات۔ ایرانی انقلابی گارڈ کے نیوز ہینڈل امریکا کو ذمہ دار بتاتے ہیں۔ باقی تفصیل آپ اسی نیوز سائٹ پر خود پڑھ لیں۔

یہ خبر دیکھ کر لازم تھا کہ دوڑ کر ایرانی میڈیا کو دیکھا جائے کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں۔ تہران ٹائم کی ہیڈلائن تھی کہ سعودی عرب نے وزیرِاعظم شہباز شریف سے رابطہ کیا ہے۔ اس خبر کی تفصیل میں خط کے جاری رولے کا ذکر بھی ہے۔ اس میں جہاں پاکستان کی معاشی بدحالی، 100 ارب ڈالر کے قریب قرض کا بوجھ اور سعودی عرب کی مستقل معاشی مدد کا ذکر ہے وہیں ایک دلچسپ بات لکھی ہوئی ہے کہ کپتان کے دور میں سعودی عرب کے ساتھ ایک بحران اس لیے پیدا ہوا تھا کہ پاکستان نے ترکی اور ایران جیسے اسلامی ملکوں کے ساتھ بہت اچھے تعلقات استوار کرلیے تھے۔

ایرانی اس بات پر تقسیم ہیں کہ کپتان کے نکالے جانے کا ذمہ دار امریکا ہے یا علاقائی حالات—تصویر: ٹوئٹر
ایرانی اس بات پر تقسیم ہیں کہ کپتان کے نکالے جانے کا ذمہ دار امریکا ہے یا علاقائی حالات—تصویر: ٹوئٹر

بندہ ادھر پوچھے کے ترکی کے ساتھ ہم پہلے پٹھو گرم کھیل رہے تھے؟ ہر دور میں تعلق اچھا ہی رہا۔ مطلب یہ کہ تہران ٹائم ایران سے قریبی تعلقات کو سعودیوں کے ساتھ بحران کی وجہ بتا رہا ہے۔

پاکستان میں سعودیہ کے سابق سفیر علی عواد الاسیری نے پاک سعودی تعلقات پر ایک مضمون لکھا ہے۔ اس میں پاکستان کی بہت ہی تعریف کی ہے، بہت پیار خیال سے ہمارے مسائل کا جائزہ لیا ہے، سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی تاریخ بیان کی ہے، ہر دہائی میں مل کر کیے گئے کاموں، سرد جنگ، افغان جنگ کے دوران مشترکہ مؤقف اور حکمتِ عملی کا بیان کیا ہے، شہباز شریف کے سعودی دورے کا انتظار ہونے کا بتایا ہے، ان کی وزارتِ اعلیٰ کی کارکردگی بتائی ہے، نواز شریف کا ذکر ہے اور لکھا ہے کہ سعودی پاکستان کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ اس کے علاوہ ایران-عراق جنگ میں صورتحال نازک ہونے پر پاکستان کا سعودی دفاع کے لیے اپنی فوج بھیجنے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

اسیری کے مضمون کو یہیں چھوڑتے ہیں۔ پاک-سعودی تعلقات کو سمجھنا ہے تو ایک پرانی کہانی یاد کرتے ہیں۔ محمد ال سعد نے سعودی گزٹ میں ایک مضمون لکھا ہے۔ اس میں امریکی صدر ریگن اور موجودہ صدر جو بائیڈن کا جائزہ لیا ہے۔ بائیڈن اور ان کی ٹیم کو ایسی ایسی سنائی ہیں کہ امریکا مخالفین کے دل ٹھنڈے ٹھار کردیے ہیں۔

سعد کہتے ہیں کہ ریگن نے بائیڈن کی نسبت بہت مشکل حالات میں امریکا کی صدارت سنبھالی تھی اور اس وقت افغانستان میں روس کو آئے 2 سال ہوچکے تھے۔ انہوں نے اپنا دور اچھا گزارا، ان کی ٹیم بہت سمجھدار لوگوں پر مشتمل تھی۔ صدر ریگن کے دور میں ہی امریکا، سعودی عرب کا سب سے بڑا سفارتی بحران پیدا ہوا تھا۔ یہ بحران بیلسٹک میزائل کی خریداری سے پیدا ہوا جو سعودی عرب نے چین سے خریدے تھے۔ اس بحران کو ریگن نے بہت عقلمندی سے حل کیا۔

بحران ہو اور ہم نہ ہوں یہ کیسے ہوسکتا؟ جہاں مامتا وہاں ڈالڈا۔ ہر پنگے کے عین درمیان میں پاکستان کھڑا اِدھر اُدھر دیکھ رہا ہوتا کہ لو پھر پھڑے گئے۔

ہوا یہ تھا کہ اسرائیل نے لبنان میں فلسطینی کیمپوں کے خلاف جارحانہ کارروائی کی۔ اس سے کچھ سال پہلے وہ عراق میں حملہ کرکے اس کی ایٹمی سائٹ تباہ کرچکا تھا۔ سعودی ٹینشن میں آگئے۔ انہوں نے سوچا کہ ایک جانب اسرائیل ہے دوسری طرف ایران۔ ہمارے لیے سنجیدہ دفاعی مسائل پیدا ہوگئے ہیں۔

شاہ فہد نے اپنے بھائی وزیرِ دفاع سلطان بن عبدالعزیز السعود سے کہا کہ چین سے بیلسٹک میزائل حاصل کیے جائیں۔ وزیرِ دفاع نے امریکا میں اپنے 2 بیٹوں کی ڈیوٹی لگائی۔ ایک امریکا میں سفیر اور دوسرا ایئر ڈیفنس کا سربراہ تھا۔ تب چین اور سعودی عرب کے سفارتی تعلقات بھی نہیں تھے۔

تو یہ سعادت بھی ہمارے حصے میں آئی۔ اسلام آباد میں چین سے سعودی رابطہ کروایا گیا۔ ایئر ڈیفنس کے سربراہ شہزادہ خالد نے چین کے 4 دورے کیے اور 50 چینی ساختہ سی ایس ایس 2 میزائل خریدے گئے۔ اس منصوبے کا کوڈ ایسٹ ونڈ رکھا گیا۔

شہزادہ خالد  نے چین کے 4 دورے کیے اور 50 میزائل خریدے—تصویر: وکی پیڈیا
شہزادہ خالد نے چین کے 4 دورے کیے اور 50 میزائل خریدے—تصویر: وکی پیڈیا

سعودی جب میزائلوں کے لیے سائٹ تعمیر کر رہے تھے تو سی آئی اے کو پتا لگ گیا جس کے بعد ایک سفارتی بحران نے جنم لیا۔ سعودیوں نے امریکی سفیر کو ملک سے نکال دیا۔ کولن پاول صدر ریگن کے سیکیورٹی ایڈوائزر تھے۔ انہیں سعودی سفیر نے گارنٹی دی کہ اسرائیلیوں سے کہیں کہ یہ میزائل صرف دفاع کے لیے ہیں۔ کولن پاول بہت بعد میں صورتحال کو یاد کرتے یہی کہا کرتے کہ وہ بہت تناؤ والے حالات تھے۔

اسرائیلیوں نے پوچھا کہ بیلسٹک میزائل جو ایٹمی وار ہیڈ لے جاسکتے ہیں، 50 عدد اور دفاعی مقصد؟ پھر سب کا دھیان ظاہر ہے ہماری طرف جانا تھا۔ چین نے بتایا کہ ان میزائلوں میں تبدیلی کی گئی ہے اور یہ روایتی ہتھیار ہی لے جاسکتے ہیں۔

اس ساری کہانی میں آپ کو پاکستان کا کوئی خاص کردار محسوس نہیں ہوا یا ہوا؟ سعودی عرب نے 1988ء میں یہ میزائل حاصل کرنے کے بعد صرف ایک بار ان کی نمائش کی ہے۔ یہ قومی دن کے موقع پر تب کی گئی تھی جب 2014ء میں پاکستانی آرمی چیف نے دفاعی پریڈ میں شرکت کی تھی، ان پاکستانی آرمی چیف کا نام ہے جنرل راحیل شریف۔

پچھلے دنوں اچانک سی این این نے سعودی میزائل پروگرام کو یاد کرنا شروع کردیا تھا۔ کریں جتنا کرنا ہے کیا ہوسکتا۔ پاک-سعودی تعلقات بہت گہرے اور غیر روایتی ہیں۔ ایسے ہی ہمیں ادھار تیل نہیں مل جاتا۔ زلزلے کے دوران شاہ عبداللہ نے امداد کے لیے ایئر برج قائم کرنے کا کہا تھا۔ جب اناڑیوں کے ہاتھ حکومت آجائے اور تعلقات کی گہرائی اور نزاکت کا خیال تک نہ رکھ سکے تو پھر جو معاملات سمجھتے ہیں ان سب کو اکٹھا ہونا ہی ہوتا ہے۔

آپ بھلے کہتے رہیں کہ کوئی ایسا رہ تو نہیں گیا جو میرے خلاف نہ ہو۔ سرکار سب اکٹھے ہوگئے جو ملک کے حق میں ہیں اور نزاکتیں سمجھتے ہیں۔

وسی بابا

دیس دیس کی اپنے دیس سے جڑی باتیں دیسی دل سے کرتے ہیں۔

انہیں فیس بُک پر فالو کریں: WisiBaba. انہیں ٹوئیٹر پر فالو کریں WisiBaba.

آپ کا ای میل ایڈریس [email protected] ہے

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (10) بند ہیں

شیریار Apr 28, 2022 03:35pm
نئی حکومت کو سعودی عرب کے ساتھ تعلقات پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے اور اس بار تعلقات کا فایدہ پاکستان کو زیادہ ہونے والا ہے کیونکہ ایم بی ایس نے مذہبی جنونیوں سے سعودی تعلق قریباً ختم کرکے رکھ دیا ہے لیکن یہ سوال موجود رہے گا کہ کیا ہمارے طاقتور طبقات بھی مذہبی جنونیوں سے قطع تعلق کے حق میں ہیں ؟
عظیم سبزواری Apr 28, 2022 03:43pm
بادی النطر میں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سعودی عرب نے یہ میزائل ایران کے خلاف استعمال کرنے کے لیے تھے کیونکہ مضمون نگار کے بقول سعودی حکام امریکہ کے توسط سے اسرائیل کو اس بات کی یقین دھانی کراچکے تھے کہ یہ میزائل اس کے خلاف استعمال نہیں ہوں گے۔ اب کیا کہیں کہ پاکستان نے اس اس میں اپنا کردا ادا کیا ہے!!!! سعودی سفیر نے جس اپنے مضمون میں جس انداز سے شریف خاندان کی تعریف کی ہے اسے دیکھتے ہوئے بعید نہیں ہے کہ حکومت کی تبدیلی میں امریکہ کے ساتھ ساتھ سعودی حکومت نے بھی بھرپور کردار ادا کیا ہے، سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف تو پہلے ہی سعودیوں کے چہتے بنے بیٹھے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ عمران صحیح کہتا ہے کہ اس کی حکومت سازش کے تحت ختم کی گئی ہے۔ پہلے شک تھا اب یقین ہوتا جارہا ہے۔
سیف اللہ خالد Apr 28, 2022 03:45pm
ایران میں یقیناً عمران کان کے بیانیہ کو سنجیدگی سے لیا جارہا ہے ،لیکن ایرانی سفارتی معاملات میں بہت کایاں ہیں، عربوں کے مقابلے میں زیادہ سمجھدار ، وہ جلد اس پورے قصے پر نظر ثانی کریں گے اور سمجھ جائیں گے کہ امریکی مداخلت صرف الف لیلی کے سوا کچھ نہیں ، لیکن خان پر جو انہیں پیار آرہا ہے ، اس وجہ نہیں وجوہات ہیں اور وہ کچھ اور ہیں، کچھ کچے پکے خواب ، کچھ ادھوری خواہشات کی کسک ، کچھ راز داری کی احمقانہ باتیں ، جیسے کچی عمر کے عشاق کیا کرتے ہیں ۔ سعودیوں سے تعلق بگڑنے میں بھی صرف گھڑی کا معاملہ نہیں ،یہ سب کچھ بھی تھا۔ آپ نے ٹھیک ذریعہ سے ٹھیک پوائنٹ پکڑاہے ۔ علی العسیری بڑا سیانا بندہ ہے۔ خان کو پتا نہیں چلا ورنہ اب تک’’ اوئے عسیری تجھے چھوڑوں گا نہیں‘‘ ، کا نعرہ لگ چکا ہوتا یا کم از کم سعودی عرب میں پڑے یوتھیوں کو اس کے خلاف گالم گلوچ کرکے خروج لگوانے کا بندوبست کرچکا ہوتا۔ علی العسیری کی جنوری سے لندن،ریاض اور ایک دو اور شہروں میں بھاگ دوڑ اور ان کے شریک سفر تلاش کرلیں ،تو کہانی کا کچھ حصہ سمجھ آسکتا ہے ۔ پاکستان میں تبدیلی پرعسیری کا لڈیاں ڈالنا بنتا ہے، وہ ٹوٹے ہوئے اعتماد کے دھاگے جوڑنے میں کامیاب ٹھہرا ہے۔
شوکت کلامی Apr 28, 2022 03:46pm
خوب آرٹیکل ہے بھئی ،آپ سند کے ساتھ بات کرتے ہیں یہ موجودہ پاکستانی صحافت میں عنقا ہوا جارہا ہے ۔ کالم کے آخر میں توقع تھی کہ، موجودہ حالات میں شہباز شریف کے دورہ سعودیہ کے متعلق کچھ ارشاد فرمائیں گے ۔ مگر مایوسی ہوئی ۔
ہارون Apr 28, 2022 03:50pm
اچھا تجزیہ ہے اور مصنف بہت دور دور سے کوڑی لائے ہیں۔
Muhammadraza Sargana Apr 28, 2022 03:50pm
Well analysed the ties in between both countries, but the ending para, result, is still ambiguous. narrative, working, at the moment
Javaid Abid Apr 28, 2022 04:21pm
وسی بابا، مختلف نقاط ملا کر لکھنے کا بہت شکریہ۔ چیزیں بہت واضح ہو گئ ہیں۔
عامر کاکازئی Apr 28, 2022 04:24pm
وسی بابا کی بہترین تحریر ان کے اپنے مخصوص سٹائل میں۔ افسوس یہ ہوتا ہے کہ ہمارے “اپنوں” نے پاکستان کو اسکول کے کھلنڈرے نکمے بچوں کے حوالے کر دیا تھا۔ چار سال میں اندرونی طور پر تو جو بُرا ہوا سو ہوا، بیرون ملک بھی پاکستان کی عزت کا ستیاناس ہو گیا۔ سعودیہ ناراض، ترکی ناراض، ایمراتی ناراض، ایران ناراض، افغانستان تک ناراض، چین ناراض، ملشیا ناراض، امریکہ اور یورپ تک ناراض کوئی ایک ملک بتا دیں جو پچھلے چار سالوں میں خوش ہو؟ جاتے جاتے بھی سازش کی شُرشری چھوڑ کر چلا گیا۔ سادہ سی بات ہے۔ خارجہ پولیسیز شہزادوں کی ڈرایوری کرنے سے نہیں چلتی،۔
عامر Apr 28, 2022 05:27pm
اچھا کالم ہے۔ چینی میزائل کی خریداری کی خبر دلچسپ اور نئی ہے۔ سعودیوں اور پاکستان کے تعلقات گہرے ہیں، مگر نئی سعودی قیادت سے بھی کچھ ٹمپرامنٹ ایشوز کی غلطیاں ہوئی ہیں، کپتان تو خیر بادشاہ آدمی تھا۔ خیر امید ہے کہ پاکستان کو ایک اور اچھا پیکیج ملے گا۔ اس بارے مصنف نے کچھ نہیں لکھا، شائد اگلے بلاگ میں احاطہ کیا جائے
عامر گمریانی Apr 28, 2022 07:33pm
عالمی امور ماضی و حال کو اس سے آسان الفاظ اور انداز میں بیان کرنا شائد ممکن نہ ہو۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024