عروہ حسین سے متعلق کچھ غلط باتیں سن رکھی ہیں، اعجاز اسلم
سینیئر اداکار اعجاز اسلم نے کہا ہے کہ انہوں نے اداکارہ عروہ حسین سے متعلق کچھ غلط باتیں سن رکھی ہیں اور اگر وہ سچ ہیں تو اداکارہ کو آداب سیکھنے چاہئیے۔
اعجاز اسلم حال ہی میں اہلیہ سبین اعجاز کے ہمراہ آغا علی اور حنا الطاف کے شو ’دی کپل شو‘ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے ذاتی زندگی سمیت شوبز پر کھل کر باتیں کیں۔
پروگرام کے دوران اعجاز اسلم نے بتایا کہ ان کی شادی کو 25 سال ہو چکے اور انہوں نے گھر والوں کی مرضی سے شادی کی تھی۔
پروگرام کے دوران ان کی اہلیہ سبین اعجاز نے بتایا کہ انہوں نے شادی کے بعد ہی بزنس کی تعلیم حاصل کی اور دو بچوں کے ہوتے ہوئے انہوں نے یونیورسٹی میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔
ایک سوال کے جواب میں اعجاز اسلم نے بتایا کہ وہ ڈائٹ پر یقین نہیں رکھتے، البتہ وہ صحت مند رہنے کے لیے ورزش کو ترجیح دیتے اور اچھی غذا کھاتے ہیں۔
انہوں نے فٹنیس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مرد حضرات کا ماہ نور بلوچ بھی کہا جاتا ہے۔
اداکار نے کیریئر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف اپنے سینیئرز بلکہ اپنے جونیئرز بھی سیکھنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں اور وہ نئے اداکاروں کو ایسی باتوں سے آگاہ کرتے رہتے ہیں جو ان کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’کبھی گجرات گیا نہ کوتلی ہوں، اعجاز اسلم
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بہت مشکلات دیکھیں اور غلطیاں کیں، اس لیے جو غلطیاں ان سے ہوئیں یا جن مشکلات کا ان کو سامنا ہوا، وہ ان سے اپنے جونیئرز کو آگاہ کرتے ہیں۔
پروگرام کے ایک سیگمنٹ میں اعجاز اسلم نے کہا کہ عدنان صدیقی انڈسٹری کے سب سے بڑے جھوٹے شخص ہیں، ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ وہ ایسا جھوٹ نہیں بولتے جو کسی کے لیے نقصان دہ ہو بلکہ وہ اپنی جان چھڑانے کے لیے جھوٹی باتیں کرتے رہتے ہیں۔
اسی سیگمنٹ میں ایک سوال کے جواب میں اعجاز اسلم نے کہا کہ انہوں نے سن رکھا ہے کہ عروہ حسین کا شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکاروں اور ہدایت کاروں سے رویہ ٹھیک نہیں ہوتا۔
انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے خود ایسی کوئی بات نہیں دیکھی اور نہ ہی انہوں نے عروہ حسین کے ساتھ کبھی کام کیا ہے مگر انہوں نے ان سے متعلق کچھ غلط باتیں سن رکھی ہیں۔
اعجاز اسلم کے مطابق انہوں نے سن رکھا ہے کہ عروہ حسین نے ایک بار ایک ہدایت کار کو بھی جھاڑ پلادی تھیں۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر عروہ حسین سے متعلق مذکورہ باتیں درست ہیں تو انہیں اخلاقیات سیکھنے کی ضرورت ہے، تاہم وہ یقینی طور پر نہیں کہہ سکتے کہ مذکورہ باتیں سچی ہیں۔