• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بھارتی ’کشمیر کی آزادی‘ کا نعرہ لگائیں، انہیں گانا گفٹ کردوں گا، ابرارالحق

شائع May 26, 2022
ابرار الحق کے گانے کو کرن جوہر کی فلم میں شامل کیا گیا ہے—فائل فوٹو: فیس بک
ابرار الحق کے گانے کو کرن جوہر کی فلم میں شامل کیا گیا ہے—فائل فوٹو: فیس بک

معروف گلوکار ابرار الحق نے اعلان کیا ہے کہ اگر معروف بھارتی فلم ساز کرن جوہر اور دیگر اداکار ’کشمیر کی آزادی‘ کا نعرہ لگائیں تو وہ انہیں اپنا گانا ’نچ پنجابن نچ’ بطور تحفہ دے دیں گے۔

ابراالحق نے یہ اعلان بھارتی فلم ساز کرن جوہر کی جانب سے اپنا مذکورہ گانا چوری کرکے آنے والی فلم ‘جگ جگ جیو‘ میں شامل کرنے کے بعد کیا۔

ابرار الحق نے مقامی صحافی سے بات کرتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی فلم سازوں نے ان کا گانا چوری کیا اور ساتھ ہی کہا کہ ان کا تیسرا یا چوتھا گانا چوری کیا گیا ہے۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ ماضی میں جب ان کے گانے چوری کیے گئے تب تو ہ بہت بڑے خوش ہوئے تھے کہ بھارتیوں نے ان کا گانا چوری کرکے فلم میں شامل کرلیا مگر اب چوں کہ ڈیجیٹل میڈیا کا دور ہے اور بھارتی ان کے گانوں سے اربوں روپے کما رہے ہیں تو یہ عمل ناقابل قبول ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بولی وڈ کے لوگ اربوں روپے فلموں پر خرچ کرکے اربوں روپے کماتے ہیں مگر ان میں تخلیقی صلاحیت نہیں، ان کے پاس اچھے میوزک کمپوزر ہی نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کرن جوہر نے ابرارالحق کا مشہور گانا ’نچ پنجابن نچ‘ چوری کرلیا

انہوں نے اپنے گانے ’نچ پنجابن نچ’ کو کرن جوہر اور ان کی ٹیم کی جانب سے چوری کیے جانے کے عمل کو نامناسب اور غلط قرار دیا اور کہا کہ انہیں لوگوں نے بتایا کہ ان کا گانا چوری کرلیا گیا۔

ایک سوال کے جواب میں ابرارالحق نے واضح کیا کہ انہوں نے نہ تو ’نچ پنجابن نچ‘ کے کاپی رائٹس فروخت کیے اور نہ ہی انہوں نے گانے کو بھارتی فلم میں شامل کرنے کی اجازت دی۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے گانا چوری کیے جانے کے بعد بھارت، پاکستان اور برطانیہ میں اپنے وکلا سے مشورہ کیا ہے، وہ جلد ہی گانا چوری کرنے والی بھارتی ٹیم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کریں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے تاحال نہیں سوچا کہ وہ کتنے پیسوں کا ہرجانہ دعویٰ دائر کریں گے، عین ممکن ہے کہ وہ ڈھیر ساری رقم کا مطالبہ کریں اور یہ بھی ممکن ہے کہ وہ معممولی چیز پر گانے کے رائٹس بھارتیوں کو دے دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ وہ اسی بات پر ہی بھارتیوں کو گانا بطور تحفہ دیں کہ وہ کشمیر کی آزادی کا نعرہ لگائیں۔

ابرارالحق کا کہنا تھا کہ ان کے چوری شدہ گانے کی فلم کے اداکار یہ نعرہ لگائیں کہ کشمیر آزاد ہے تو وہ انہیں گانا بطور تحفہ دے دیں گے۔

ابرارالحق کا گانا ’نچ پنجابن نچ‘ کرن جوہر کی آنے والی فلم ’جگ جگ جیو‘ میں شامل ہے، جس کا ٹریلر چند روز قبل ہی جاری کیا گیا تھا۔

مذکورہ گانا ابرارالحق نے 2002 میں اسی نام سے اپنے میوزک البم میں جاری کیا تھا، جسے بعد ازاں پاکستانی فلم ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں بابر علی، معمر رانا اور اداکارہ نور پر فلمایا گیا تھا۔

تاہم بھارتی میوزک کمپنی ٹی سیریز نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ’نچ پنجابن نچ‘ کے کاپی رائٹس ’ون مووی باکس‘ نامی یوٹیوب چینل سے خریدے ہیں۔

ٹی سیریز کے مطابق ’نچ پنجابن نچ‘ گانے کو پہلی بار یکم جنوری 2002 کو آئی ٹیون پر جاری کیا گیا، جسے بعد ازاں ’ون مووی باکس‘ نامی یوٹیوب چینل کی ملکیت ’لولی وڈ کلاسک‘ نامی چینل پر ریلیز کیا گیا اور اس نے مذکورہ کمپنی سے ’نچ پنجابن نچ‘ کے کاپی رائٹس حاصل کیے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024