• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

’مس مارول‘ کے پہلے سیزن کا اختتام

شائع July 14, 2022
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ویب سیریز کا دوسرا سیزن کب تک ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ویب سیریز کا دوسرا سیزن کب تک ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ

پہلی پاکستانی سپر ہیرو لڑکی ’کمالہ خان‘ پر بنائی گئی ویب سیریز ’مس مارول‘ کے پہلے سیزن کا اختتام ہوگیا۔

’مس مارول‘ کے پہلے سیزن کی پہلی قسط کو گزشتہ ماہ 8 جون کو دنیا بھر میں اسٹریمنگ ویب سائٹ ’ڈزنی پلس‘ پر ریلیز کیا گیا تھا، تاہم مذکورہ ویب سائٹ کی سروس پاکستان میں دستیاب نہیں، جس وجہ سے شائقین اسے دیکھنے سے محروم رہے۔

ویب سیریز کی آخری یعنی چھٹی قسط 13 جولائی کو ’ڈزنی پلس‘ پر ریلیز کی گئی، جس کے بعد اب ’مس مارول‘ کو رواں ماہ کے اختتام تک پاکستان میں سینماؤں میں پیش کیا جائے گا۔

’مس مارول‘ کی چھٹی قسط میں کمالہ خان کو پاکستان کے دورے کے بعد واپس امریکی ریاست نیو جرسی میں گھر آتے ہوئے دکھایا گیا اور ساتھ ہی ان کی جانب سے والدین کو یہ بتاتے ہوئے دکھایا گیا کہ ان کے پاس خصوصی صلاحیتیں بھی ہیں۔

پہلے سیزن کی آخری قسط میں اس بات کا عندیہ دیا گیا کہ ویب سیریز کا دوسرا سیزن بھی آئے گا، جس میں مس مارول یعنی کمالہ خان اپنی خصوصی صلاحیتوں کی مہارت دکھاتی دکھائی دیں گی۔

پہلے سیزن کی تمام قسطوں میں کمالہ خان نے اتنی زیادہ مہارتیں نہیں دکھائیں بلکہ انہیں اپنے آباؤ و اجداد یعنی پاکستان کی تاریخ کو سمجھتے ہوئے دکھایا گیا۔

پہلے سیزن کی آخری تین قسطوں میں برصغیر کی تقسیم کی کہانی کو بھی دکھایا گیا جب کہ ویب سیریز میں صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کی تاریخی اور مشہور عمارتوں کو بھی دکھایا گیا۔

آخری قسط میں مس مارول اہل خانہ کو اپنی صلاحیتوں سے متعلق بھی بتاتی دکھائی دیں—اسکرین شاٹ
آخری قسط میں مس مارول اہل خانہ کو اپنی صلاحیتوں سے متعلق بھی بتاتی دکھائی دیں—اسکرین شاٹ

آخری قسطوں میں کمالہ خان کو کراچی کی سیر کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا تھا اور ویب سیریز میں شامل کراچی کے بعض مناظر حقیقی تھے جب کہ زیادہ تر مصنوعی طریقے سے اسٹوڈیو میں کراچی کے مناظر تیار کیے گئے تھے۔

مس مارول میں سندھی شادی کی روایت ’لانئوں‘ بھی دکھائی گئی، اس رسم میں دلہا اور دلہن کے سروں کو ٹکرایا جاتا ہے، یہ رسم نکاح کے بعد رخصتی سے قبل سب مہمانوں کے سامنے ادا کی جاتی ہے اور اسے دیکھ کر لوگ محظوظ ہوتے ہیں۔

’مس مارول‘ میں مہوش حیات اور فواد خان نے کمالہ خان کے پڑنانا اور پڑنانی کے کردار ادا کیے جب کہ سینیئر اداکارہ ثمینہ احمد ان کی نانی بنی تھیں۔

ویب سیریز میں پاکستانی اداکارہ نمرہ بچہ اور بولی وڈ اداکار فرحان اختر سمیت دیگر پاکستانی اور بھارتی نژاد برطانوی، امریکی و کینیڈین اداکار بھی دکھائی دیے۔

’مس مارول‘ کے پہلے سیزن کی تمام قسطوں کی ہدایات آسکر ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے سمیت دیگر تین ہدایت کاروں نے دیں۔

’مس مارول‘ کے پہلے سیزن کے دیگر ہدایت کاروں میں بھارتی نژاد امریکی مسلم فلم ساز میرا مینن اور بیلجیم نژاد امریکی مسلم فلم ساز عادل ال عربی اور بلال فلاح شامل تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024