’کنا یاری‘ گلوکار وہاب بگٹی مدد کیلئے رابطہ کرنے والے افراد کے مشکور
کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے ‘کنا یاری’ میں گلوکاری کرنے والے گلوکار وہاب بگٹی نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا ہے، جنہوں نے ان کے سیلاب سے متاثر ہونے کی خبر سننے اور پڑھنے کے بعد انہیں مدد کی پیش کش کرتے ہوئے ان سے رابطہ کیا۔
ڈان اخبار سے بات کرتے ہوئے وہاب بگٹی نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے سیلاب میں ان کے گھر منہدم ہونے کی خبر پڑھنے اور سننے کے بعد ان سے رابطہ کیا۔
انہوں نے تصدیق کی کہ سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد ملک بھر سے لوگوں نے ان سے رابطہ کیا اور تعاون کی پیش کش کی جب کہ بعض افراد نے انہیں علاقے سے بھی منتقل کرنے کی پیش کش کی۔
‘کنا یاری’ گلوکار کے مطابق اب وہ خیریت سے ہیں اور وہ اپنے گاؤں سے قریبی شہر ایک دوست کے گھر منتقل ہوگئے ہیں، جہاں وہ اپنے بچوں کے ہمراہ خیریت سے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے گھر سمیت ان کے گاؤں کے تمام مکانات جب کہ پڑوس کے دیہات بھی سیلاب سے متاثر ہوچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ‘کنا یاری’ گلوکار وہاب بگٹی کا گھر بھی سیلاب میں ڈوب گیا
وہاب بگٹی نے کہا کہ وہ کسی ریلیف کیمپ میں رہنے کے بجائے اپنے گھر اور مٹی میں رہنے کو ترجیح دیں گے اور جیسے ہی وہاں خشکی ہوجائے گی، وہ وہاں لوٹ جائیں گے۔
انہوں نے خود کو اپنے علاقے کا ‘شیر’ قرار دیا اور کہا کہ وہ اپنے ہی گھر اور علاقے میں اچھے لگتے ہیں۔
وہاب بگٹی نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے انہیں مدد کی پیش کش کی۔
وہاب بگٹی ڈیرہ مراد جمالی شہر کے قریب گوٹھ محمد عمر کے رہائشی ہیں، ان کے 8 بچے ہیں اور حالیہ سیلاب سے ان کے گھر سمیت ان کا وہاں موجود اسٹوڈیو بھی منہدم ہوچکا ہے۔
ان کا گھر منہدم ہونے کی خبریں اور تصاویر ایک روز قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں اور ان کے ‘کنا یاری’ کے ساتھی گلوکار کیفی خلیل سمیت دیگر افراد نے بھی ان کی بچوں کے ہمراہ سیلاب میں پھنسے ہونے کی تصاویر شیئر کی تھیں۔
وہاب بگٹی کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے پروڈیوسر ذلفی نے بھی ان کے حوالے سے ٹوئٹ کی تھی کہ وہ ان کے ساتھ ہیں اور پورا کوک اسٹوڈیو خاندان وہاب بگٹی کی مدد کرنے کو تیار ہے۔