• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

امریکا کا یوکرین کیلئے 3 ارب ڈالرز فوجی امداد کا اعلان

شائع August 25, 2022
جو بائیڈن نے کہا امریکا یوکرینی عوام کی حمایت کے لیے پرعزم ہے— فائل فوٹو: رائٹرز
جو بائیڈن نے کہا امریکا یوکرینی عوام کی حمایت کے لیے پرعزم ہے— فائل فوٹو: رائٹرز

امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کے لیے مزید تقریباً 3 ارب ڈالر کی فوجی امداد کا اعلان کیا، کیف کے یوم آزادی کے موقع پر اعلان کردہ یہ پیکج اب تک کا سب سے بڑا امریکی پیکج ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق امریکا کی جانب سے اس بڑے پیکج کا اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب کہ حکام نے متنبہ کیا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ روس آنے والے دنوں میں یوکرین کے شہری انفرا اسٹرکچر اور سرکاری تنصیبات پر نئے حملوں کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

جو بائیڈن نے پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے لڑنے والے یوکرینی عوام کی حمایت کے لیے پرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیٹو اور روس کے درمیان براہ راست جھڑپ تیسری عالمی جنگ ہوگی، جو بائیڈن

اعلان کردہ نیا پیکیج یوکرین سیکیورٹی اسسٹنس انیشی ایٹو کے فنڈز میں سے دیا جا رہا ہے، اس فنڈ کو کانگریس نے منظور کیا تھا تاکہ جو بائیڈن انتظامیہ یوکرین کی مدد کے لیے موجودہ امریکی ہتھیاروں کے ذخائر میں سے ہتھیار لینے کے بجائے اسلحہ ساز کمپنیوں سے ہتھیار خرید سکے۔

امریکی صدر نے روسی حملے کے خلاف یوکرین کی مزاحمت کی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ 2 ارب98 کروڑ ڈالر کے ہتھیاروں اور دیگر آلات کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ یوکرین طویل عرصے تک اپنا دفاع جاری رکھ سکے۔

جو بائیڈن نے کہا کہ تقریباً 2ارب98 کروڑ ڈالر کی امداد سے یوکرین فضائی دفاعی نظام، انتہائی جدید جنگی سازوسامان اور ریڈارز حاصل کر سکے گا اور اس بات کو یقینی بنانے گا کہ وہ طویل عرصے تک اپنا دفاع جاری رکھ سکتا ہے۔

پینٹاگون نے بتایا کہ نئے پیکج میں زمین سے فضا میں ہدف کو نشانہ بنانے والے 6 اضافی میزائل سسٹمز شامل ہوں گے، ان میزائل سسٹمز کو ناسمز کہا جاتا ہے، 24 کاؤنٹر آرٹلری ریڈارز، پوما ڈرونز کے ساتھ ویمپائر نامی انسداد ڈرون سسٹم بھی شامل ہوں گے۔

مزید پڑھیں: امریکا کا یوکرین سے متعلق مؤقف کی حمایت کیلئے بھارت پر دباؤ

جنوری 2021 میں جو بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے لے کر اب تک یوکرین کو مجموعی طور پر، امریکا 13ارب 5 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی سیکیورٹی امداد کا وعدہ کرچکا ہے۔

جنگ عظیم دوئم کے بعد یورپ میں ہونے والی سب سے بڑی جنگ میں دونوں ممالک کے ہزاروں فوجی اور شہری مارے جا چکے ہیں۔

جو بائیڈن نے کہا 6 ماہ کے مسلسل حملوں نے یوکرین کی آزادی کے 31 سالہ فخر میں مزید اضافہ کردیا۔“

‘یوکرین نیا جنم’

سوویت یونین سے اپنے ملک کی آزادی کے 31 سال مکمل ہونے کے موقع پر یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اپنی تقریر میں روسی افواج کو مکمل طور پر ملک سے بے دخل کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 6 ماہ قبل جب یوکرین پر حملہ کیا گیا تو گویا وہ وقت اس کا نیا جنم تھا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر جوبائیڈن کی یوکرینی وزرا سے پولینڈ میں ملاقات

44 سالہ رہنما نے کیف کی آزادی کی مرکزی یادگار کے سامنے تقریر کرتے ہوئے مشرقی یوکرین کے ساتھ جزیرہ نما کریمیا کے مقبوضہ علاقوں کو دوبارہ حاصل کرنے کا عزم ظاہر کیا، روس نے جزیرہ نما کریمیا کو 2014 میں اپنی حدود میں شامل کر لیا تھا۔

یوکرینی صدر نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہم ڈر اور خوف کا شکار ہو کر اس حالت میں مذاکرات کی میز پر نہیں بیٹھیں گے کہ ہمارے سروں پر بندوق تنی ہوئی ہو، ہمارے لیے سب سے خوفناک ہتھیار، میزائل، جنگی جہاز اور ٹینک نہیں بلکہ ہتھکڑیاں ہیں، خندق نہیں بلکہ بیڑیاں ہیں۔

بورس جانسن کا دورہ کیف

دوسری جانب، دیگر مغربی ممالک نے بھی یوکرین کو مزید فوجی مدد کی پیشکش کی۔

ناروے نے کہا کہ وہ اور برطانیہ ہدف کی پہچان میں مدد کے لیے یوکرین کو مائیکرو ڈرون فراہم کرے گا۔

مزید پڑھیں: روسی فورسز نے یوکرین کے درجنوں عہدیداروں، صحافیوں کو لاپتا کردیا، اقوام متحدہ

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے یوکرین کے یوم آزادی کے موقع پر کیف میں صدر زیلنسکی سے ملاقات کی اور فوجی مدد کے مزید پیکج کا وعدہ کیا۔

بورس جانسن کے دفتر نے ایک بیان میں بتایا کہ 5 کروڑ 40 لاکھ پاؤنڈ کے پیکیج میں 200 ڈرونز اور جنگی سازوسامان شامل ہوں گے تاکہ یوکرینی فوج کو حملہ آور روسی افواج کا بہتر طریقے سے پتا لگا کر نشانہ بنانے کے قابل بنایا جا سکے۔

بورس جانسن نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ برطانیہ اپنے یوکرینی دوستوں کے ساتھ کھڑا رہے گا، مجھے یقین ہے یوکرین یہ جنگ جیت سکتا ہے اور جیت جائے گا

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024