• KHI: Maghrib 6:30pm Isha 7:46pm
  • LHR: Maghrib 6:02pm Isha 7:23pm
  • ISB: Maghrib 6:07pm Isha 7:30pm
  • KHI: Maghrib 6:30pm Isha 7:46pm
  • LHR: Maghrib 6:02pm Isha 7:23pm
  • ISB: Maghrib 6:07pm Isha 7:30pm

نمرہ بچہ کینیڈین فلم کے مرکزی کردار کے لیے کاسٹ

شائع August 25, 2022
فلم کی شوٹنگ پاکستان میں بھی کی جائے گی—فوٹو: ورائٹی
فلم کی شوٹنگ پاکستان میں بھی کی جائے گی—فوٹو: ورائٹی

حال ہی میں ریلیز ہونے والی ویب سیریز ’مس مارول‘ میں شاندار اداکاری کے جوہر دکھانے والی نمرہ بچہ کو پاکستانی نژاد کینیڈین فلم ساز فوزیہ مرزا کی آنے والی فلم کے مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کرلیا گیا۔

شوبز ویب سائٹ ’ورائٹی‘ کے مطابق نمرہ بچہ کو پاکستانی نژاد فلم ساز کی فلم ’می، مائے موم اینڈ شرمیلا‘ کے نام سے آنے والی فلم میں ہیروئن کی والدہ کے مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کرلیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مذکورہ فلم اسی نام سے فوزیہ مرزا کے بنائے گئے تھیٹرز سے ماخوذ ہے، جس کی ہدایات وہ خود دیں گی اور بطور ہدایت کارہ ان کی یہ پہلی فلم ہوگی۔

فلم کی کہانی دو دہائیاں قبل 1999 کے دور کی ہوگی، جس میں کینیڈین نژاد لڑکی عزرہ اپنے متوفی والد کو دفنانے کے لیے کینیڈا سے پاکستان آتی ہیں اور انہیں یہاں آکر ایک الگ ہی دنیا دیکھنے کو ملتی ہے۔

فلم میں عزرہ کا کردار بھارتی نژاد کینیڈین اداکارہ امرت کور ادا کریں گی جب کہ نمرہ بچہ ان کی والدہ مریم کا روپ دھاریں گی۔

فلم میں عزرہ کے والد اور مریم کے شوہر کا کردار کینیڈین اداکار حمزہ حق ادا کریں گے۔

فلم میں نمرہ بچہ کو اگرچہ کینیڈین نژاد شخص کی بیوی کے طور پر دکھایا جائے گا، تاہم انہیں قدرے روشن خیال شوہر کے مقابلے قدامت پسند روپ میں دکھایا جائے گا۔

فلم کی شوٹنگ کینیڈا میں شروع کردی گئی ہے اور اس کے کچھ مناظر کو پاکستان میں بھی رواں برس کے اختتام تک شوٹ کیا جائے گا۔

فلم ساز فوزیہ مرزا نے بھی ورائٹی کی خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا کہ وہ اچھی ٹیم کے ہمراہ فلم بنانے جا رہی ہیں۔

علاوہ ازیں نمرہ بچہ نے بھی مذکورہ خبر کا اسکرین شاٹ اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کرتے ہوئے پاکستانی نژاد کینیڈین فلم ساز کی فلم کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا جب کہ امرت کور نے بھی فلم کے حوالے سے ورائٹی کی خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کیا۔

کارٹون

کارٹون : 20 ستمبر 2024
کارٹون : 19 ستمبر 2024