معروف شخصیات کی سیلاب متاثرین کیلئے دل کھول کر عطیات دینے کی اپیل
جہاں متعدد معروف شخصیات نے سیلاب متاثرین کے لیے فنڈز جمع کرنے کا کام شروع کردیا ہے، وہیں کئی شخصیات نے مداحوں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ دل کھول کر متاثرین کی مدد کریں۔
پاکستان بھر میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب سے اس وقت ملک کے چاروں صوبے متاثر ہیں اور لاکھوں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔
سیلاب متاثرین کے لیے اگرچہ حدیقہ کیانی، ابرارالحق اور کنول کھوسٹ جیسی شخصیات فنڈز جمع کرنے کی مہم شروع کر چکی ہیں، تاہم اب متعدد شخصیات نے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرین کے لیے دل بڑا کریں اور فلاحی تنظیموں کو دل کھول کر عطیات دیں۔
میزبان و اداکار فخر عالم نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لوگوں کو اپیل کی کہ وہ موٹروے پر موجود سیلاب متاثرین کو تیار شدہ کھانا پہنچائیں اور ساتھ ہی انہوں نے متعدد ٹوئٹس میں سیلاب سے متعلق اپڈیٹ بھی شیئر کیں اور لوگوں سے متاثرین کی دل کھول کر مدد کرنے کی اپیل بھی کی۔
کرکٹر شعیب اختر نے بھی لوگوں کو سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کی اپیل کی اور انہوں نے مداحوں کو تجویز دی کہ وہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کو عطیات دیں۔
ان کے علاوہ وسیم اکرم سمیت دیگر کرکٹرز نے بھی مداحوں سے اپیل کی کہ وہ سیلاب متاثرین کے لیے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کو عطیات دیں۔
گلوکار و اداکار فرحان سعید نے بھی سیلاب سے ہونے والے متاثرین سے ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں کو ان کی مدد کے لیے زیادہ سے زیادہ عطیات دینے کی اپیل کی اور ساتھ ہی کہا کہ لوگ اپنے رشتے داروں کو بھی عطیات دینے کا کہیں۔
اداکارہ حمیمہ ملک نے بھی انسٹاگرام پر راشن بیگز کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ بھی متاثرین کے لیے دل کھول کر فلاحی اداروں کو فنڈز فراہم کریں۔
کرکٹر شاہنوار دھانی نے بھی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں اور عوام کو اپیل کی کہ وہ سیلاب متاثرین کے لیے تمام فلاحی اداروں کو زیادہ سے زیادہ عطیات دیں تاکہ مشکل میں پھنسے لوگوں کی زندگی آسان ہو سکے۔
اداکار و کامیڈین احمد علی بٹ نے بھی ملک بھر میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو اپیل کی کہ وہ متاثرین کی بحالی کے لیے فلاحی اداروں کی زیادہ سے زیادہ مدد کریں۔
اداکارہ منال خان نے بھی سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے فلاحی تنظیم الخدمت کے بینک اکاوئنٹ کی تفصیلات شیئر کیں اور مداحون کو اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ الخدمت کو عطیات دیں تاکہ متاثرین کی بحالی ہو سکے۔
اداکارہ امر خان نے بھی سیلاب کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئیں اور تمام فلاحی اداروں کو زیادہ سے زیادہ عطیات دینے کی کوشش کریں۔
اداکارہ ایمن خان نے بھی مداحوں سے اپیل کی کہ ان سے جتنا بھی ہوسکے وہ فلاحی اداروں کو عطیات دیں، تاکہ سیلاب متاثرین کی بحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔