• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

چیئرمین نادرا کا حساس معلومات رکھنے والے 500 پاکستانیوں کی جانب سے شہریت ترک کرنے کا انکشاف

شائع September 21, 2022
چیئرمین نادرا نے کہا کہ حساس معلومات رکھنے والے500 افراد نے شہریت چھوڑ دی ہے — فائل فوٹو: ڈان
چیئرمین نادرا نے کہا کہ حساس معلومات رکھنے والے500 افراد نے شہریت چھوڑ دی ہے — فائل فوٹو: ڈان

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے اجلاس میں چیئرمین نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے انکشاف کیا کہ سرکاری اور نجی شعبوں سے وابستہ حساس معلومات رکھنے والے 500 پاکستانیوں نے شہریت چھوڑ دی ہے، جس پر ان کی تفصیلات طلب کرلی گئیں۔

پی اے سی کا اجلاس چیئرمین نور عالم خان کی زیرصدارت ہوا جہاں سرکاری اور نجی شعبوں سے وابستہ حساس معلومات رکھنے والے 500 پاکستانیوں کی جانب سے ملکی شہریت ترک کرنے کا انکشاف ہوا۔

مزید پڑھیں: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی غیرقانونی سوسائٹیز کو بنی گالا ماڈل کی طرز پر ریگولرائز کرنے کی تجویز

پی اے سی میں نادرا میں کام کرنے والے 16 افسران کی دوہری شہریت کا بھی انکشاف ہوا، جس پر کمیٹی نے وزارت قانون کو دوہری شہریت سے متعلق نیا بل لانے کی ہدایت کر دی۔

اجلاس میں وزارت داخلہ کی آڈٹ رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس دوران افغان مہاجرین کے حوالے سے استفسار پر چیئرمین نادرا طارق ملک نے بتایا کہ افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کے لیے آن لائن ایپلی کیشن فارم کے ساتھ ساتھ فنگر پرنٹس کا حصول شروع کر دیا گیا ہے۔

نور عالم نے کہا کہ سوال کیا کہ ان مہاجرین کے بارے میں کیا اقدامات کیے گئے ہیں، جنہوں نے پاکستانی شناختی کارڈ بنوا رکھے ہیں، مجھے معلوم ہے کہاں کارڈ بنتے تھے، جس پر چیئرمین نادرا نے کہا کہ یہ قومی سلامتی کا مسئلہ تھا آپ کو آگاہ کرنا چاہیے تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا براڈ شیٹ کے ساتھ معاہدے کی تحقیقات کا حکم

کمیٹی کے چیئرمین نے استفسار کیا کہ نادرا میں کتنے افسران دوہری شہریت کے حامل ہیں، جس پر چیئرمین نادرا نے جواب دیا کہ اس وقت 16 ایسے افسران نادرا میں تعینات ہیں، جن کے پاس دوہری شہریت ہے اور دوہری شہریت رکھنا کوئی جرم نہیں ہے۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے ارکان نے چیئرمین نادرا کے رویے پر برہمی کا اظہار کیا اور نور عالم خان نے کہا کہ اہم عہدوں اور اداروں میں دوہری شہریت کے حامل افراد کو تعینات کرنے سے حساس معلومات لیک ہو سکتی ہے، کیا وزیراعظم، صدرمملکت، آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی یا چیف جسٹس دوہری شہریت والے ہوسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا نیب افسران، ان کے رشتہ داروں کے اثاثے ڈیکلیئر کرنے کا حکم

سیکریٹری قانون نے کمیٹی کے استفسار پر بتایا کہ دوہری شہریت کے حوالے سے قانون میں کوئی ممانعت نہیں ہے۔

چیئرمین پی اے سی نے سیکریٹری قانون کو اس حوالے سے نیا بل لانے کی ہدایت کر دی جبکہ چیئرمین نادرا نے دوران اجلاس انکشاف کیا کہ سرکاری اور نجی شعبوں سے وابستہ حساس معلومات رکھنے والے 500 پاکستانیوں نے ملکی شہریت ترک کر دی ہے، جس پر پی اے سی نے شہریت چھوڑنے والوں کی مکمل تفصیلات طلب کرلیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024