دوسرا ٹی 20: بابر کا بلے بازوں کو انگلینڈ کے خلاف بہتر کھیل پیش کرنے کا مشورہ
انگلینڈ کے خلاف انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو شکست کے بعد کپتان بابر اعظم نے قومی ٹیم کے بلے بازوں کو بہتر کھیل پیش کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پاکستان میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی 17 سال بعد واپسی کا جشن اس وقت مدھم پڑگیا جب 7 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی انٹرنیشنل سیریز کے افتتاحی میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست ہوئی۔
انگلینڈ کی فتح نے پاکستان کے کمزور مڈل آرڈر پر نئے سوال اٹھا دیے ہیں کیونکہ اوپنرز کی جانب سے شاندار آغاز کے باوجود قومی ٹیم کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
اس ناکامی کو مدنظر رکھتے ہوئے کپتان کا قومی ٹیم کو اس سیریز میں بہتر کھیل پیش کرنے کا مشورہ بجا نظر آتا ہے جسے آئندہ ماہ ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے وارم اپ سمجھا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی20 سیریز: بحیثیت بلے باز فارم بحال کرنے کی کوشش کروں گا، بابر اعظم
میچ میں شکست کے بعد بابر اعظم نے کہا کہ ’ہمارے بلے بازوں کو بہتر کھیل پیش کرنے کی ضرورت ہے، جس طرح سے ہم نے پہلا پاور پلے کھیلا وہ بہت اچھا تھا، 10 اوورز کے بعد رفتار میں جھول محسوس ہوا جس کا کریڈٹ بہرحال انگلینڈ کو دینا ہوگا، ہمارے پاس اتنی بڑی شراکت داریاں نہیں ہیں‘۔
10ویں اوور کے دوران بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان صرف 72 رنز کا اضافہ کر سکا اور انگلینڈ نے 158 رنز کا ہدف آخری اوور میں 4 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔
بابر اعظم کے ساتھی اوپنر اور نائب کپتان محمد رضوان نے پہلے میچ میں 46 گیندوں پر 68 رنز بنا کر پاکستان کے لیے سب سے زیادہ اسکور کیا۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ قومی ٹیم کی جدوجہد تاحال جاری ہے اور ورلڈ کپ سے قبل بہترین پارٹنر شپ کی نشاندہی ابھی باقی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان بمقابلہ انگلینڈ: اب تک کھیلے گئے ٹی20 میچوں کے ریکارڈز
میچ کے بعد کی پریس کانفرنس میں محمد رضوان نے صحافیوں کو بتایا کہ کچھ تبدیلیاں کی جارہی ہیں، ہم بیٹنگ لائن اپ میں ایک پارٹنر شپ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس دوران کچھ غلطیاں ہونا لازمی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’میرے خیال میں اس وقت تنقید کرنا مناسب نہیں ہے، ہم ورلڈ کپ سے پہلے حل تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں‘۔
محمد رضوان نے پاکستان کے مڈل آرڈر پر تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی اور بابر اعظم کی بطور پارٹنر مستقل فارم ہی تھی جو کریز پر موجود دوسرے بلے بازوں کو مناسب وقت فراہم کرنے سے محروم کر رہی تھی۔
مزید پڑھیں: دورہ پاکستان پر آئی انگلش ٹیم دوسرے درجے کی نہیں، معین علی
انہوں نے کہا کہ ’یہ سچ ہے کہ ہمیں آج کل چند مشکلات کا سامنا ہے لیکن یہ بات ذہن میں رہے کہ مجھے اور بابر کو کریز پر زیادہ وقت ملتا رہا ہے جس کے سبب مڈل آرڈر کو موقع نہیں ملا، لیکن مجھے یقین ہے کہ ہمیں اسٹرائیک ریٹ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے‘۔
محمد رضوان کا خیال ہے کہ ایشیا کپ میں کچھ مایوس کن کارکردگی کے بعد مڈل آرڈر کو غیر منصفانہ طور پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا، ٹیم انتظامیہ کا اس پر یقین اب بھی برقرار ہے۔
محمد رضوان نے کہا کہ ایشیا کپ میں مڈل آرڈر صرف 2 میچوں میں ناکام ہوا جس سے یہ غلط تاثر مل رہا ہے کہ مڈل آرڈر کو مشکلات درپیش ہیں، مجھے یقین ہے اور ہم سب کو اعتماد ہے کہ ضرورت پڑنے پر مڈل آرڈر پرفارم کرے گا‘۔
یہ بھی پڑھیں: پہلا ٹی20: انگلینڈ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، توقع کی جارہی ہے کہ سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے لیے بھی نیشنل اسٹیڈیم تماشائیوں سے بھرپور ہوگا، پہلے میچ میں اسٹیڈیم جوشیلے شائقین کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے نعروں سے گونج رہا تھا۔
دوسری جانب انگلینڈ ٹیم نے بھی خوب داد سمیٹی جس کے اوپنر ایلکس ہیلز کو بھی متاثر کیا جنہوں نے 3 برس بعد انٹرنیشنل میچز میں واپسی کی ہے، ان کے 40 گیندوں پر 53 رنز نے انگلینڈ کو سیریز میں برتری حاصل کرنے میں مدد کی۔
مزید پڑھیں: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے لیے برینڈن میک کولم کا انتخاب ہی کیوں؟
تاہم یہ پہلا موقع نہیں جب ایلکس ہیلز نے کراچی میں کرکٹ کھیلی، پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے ایلکس ہیلز 15 بار یہاں کھیل چکے ہیں۔
فتح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں کراچی میں تماشائیوں سے بھرے اسٹیڈیم میں کھیل چکا ہوں لیکن یہ کچھ مختلف ہے، یہ عالمی کرکٹ کے بہترین ماحول کا ایک رخ ہے۔
ایلکس ہیلز نے کہا کہ ’انٹرنیشل ٹیم سے باہر ہونے کے بعد واپس آنا اور جیتنا ایک ایسا احساس ہے جس کا صرف خواب ہی دیکھ سکتا تھا‘۔