• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

حکومت سندھ کا کراچی کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے لیے الیکشن کمیشن کو خط

شائع October 13, 2022
حکومت سندھ نے الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات دو مراحل میں کروانے کی تجویز دی—فائل/فوٹو: ریڈیو پاکستان
حکومت سندھ نے الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات دو مراحل میں کروانے کی تجویز دی—فائل/فوٹو: ریڈیو پاکستان

حکومت سندھ نے 23 اکتوبر کو شیڈول کراچی کے بلدیاتی انتخابات سیکیورٹی اہلکاروں کی عدم دستیابی کی وجہ سے 3 ماہ تک ملتوی کرنے کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔

صوبائی الیکشن کمشنر کے نام خط میں حکومت سندھ نے 3 اکتوبر کو لکھے گئے خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ استدعا کی گئی تھی کہ 23 اکتوبر 2022 کو شیڈول انتخابات ملتوی کردیے جائیں کیونکہ صوبائی حکومت شفاف انتخاب کے انعقاد کے لیے درکار سیکیورٹی فراہم کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: وفاقی حکومت کی درخواست مسترد، الیکشن کمیشن کا ضمنی انتخابات 16 اکتوبر کو کرانے کا اعلان

خط میں کہا گیا کہ یہ درخواست حالیہ سیلاب کی وجہ سے کی گئی تھی جہاں پولیس کی ایک بڑی تعداد امدادی کاموں میں مصروف ہے اور انہیں انتخابات کے معاملے کے لیے واپس بلانا ممکن نہیں ہے۔

صوبائی حکومت نے کہا کہ 11 اکتوبر 2022 کو الیکشن کمیشن کے ساتھ اجلاس میں چیف سیکریٹری اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) نے بھی بلدیاتی انتخابات کے لیے درکار سیکیورٹی کی فراہمی سے معذوری ظاہر کی تھی۔

خط میں کہا گیا کہ میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا کہ الیکشن کمیشن نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات 23 اکتوبر کو کروانے کا فیصلہ کیا ہے لیکن ایک دفعہ پھر استدعا کی جاتی ہے کہ کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات تین ماہ کے لیے ملتوی کر دیے جائیں۔

الیکشن کمیشن سے درخواست کی گئی ہے کہ اگر الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے التوا کا فیصلہ نہیں کرتا ہے تو گزارش ہے کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات دو مراحل میں منعقد کروائے جائیں۔

حکومت سندھ نے تجویز دی ہے کہ پہلے مرحلے میں تین اضلاع اور دوسرے میں چار اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں۔

صوبائی الیکشن کمشنر سے کہا گیا ہے کہ اس صورت میں حکومت سندھ کو کراچی میں پرامن اور شفاف بلدیاتی انتخابات یقینی بنانے کے لیے دستیاب وسائل پر توجہ دینے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں: وزارت داخلہ کی الیکشن کمیشن سے قومی اور پنجاب اسمبلی کے ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گزشتہ روز (11اکتوبر) وفاقی وزارت داخلہ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ضمنی انتخابات مقررہ تاریخ 16اکتوبر اور کراچی میں بلدیاتی انتخابات 23 اکتوبر کو کروانے کا اعلان کر دیا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ اجلاس میں ضمنی انتخابات اور کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے پرامن انعقاد کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے انعقاد کے لیے تیار ہے، تاہم صوبائی حکومتوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی کے دیگر اداروں کا ان انتخابات میں اپنی خدمات سرانجام دینے کے حوالے سے مؤقف درکار ہے، تاکہ انتخابات کا پُرامن انعقاد اور ووٹرز کو پولنگ کے دن پُرامن ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری دفاع، چیف سیکریٹری، آئی جیز اور سیکیورٹی کے دیگر اداروں کے نمائندوں نے اجلاس میں اپنا اپنا مؤقف پیش کیا اور مذکورہ بالا تمام افسران اور نمائندگان کا مؤقف سننے کے بعد فیصلے کیے گئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ ضلع کرم کے علاوہ تمام صوبائی اور قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات 16 اکتوبراور کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات بھی شیڈول کے مطابق 23 اکتوبر 2022 کو ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024