• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

عمران خان پر حملے کے بعد جائے وقوع تاحال سیل، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

شائع November 20, 2022
امکان ہے کہ جے آئی ٹی پیر کو جائے وقوع کا دورہ کرے گی جس کے بعد علاقے کو کلیئر کر دیا جائے گا — فائل فوٹو: اے ایف پی
امکان ہے کہ جے آئی ٹی پیر کو جائے وقوع کا دورہ کرے گی جس کے بعد علاقے کو کلیئر کر دیا جائے گا — فائل فوٹو: اے ایف پی

وزیر آباد میں سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پر حملے کے بعد جائے وقوع کو طویل عرصے سے سیل رکھے جانے کے سبب تاجر، بینک اور صنعت کاروں کا کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر آباد میں جائے وقوع پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے 2 دوروں کے بعد بھی پرانے جی ٹی روڈ کے دوہری کیریج وے کے ساتھ ایک ٹریک اب تک ٹینٹ لگا کر بند رکھا گیا ہے، پولیس اور ایلیٹ فورس کے کمانڈوز کی بھاری نفری اس کی حفاظت کے لیے تعینات ہے۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ 2 روز میں جے آئی ٹی کے ایک اور دورے کے بعد علاقے کو کلیئر قرار دیے جانے کا امکان ہے۔

عمران خان کا کنٹینر اور دیگر رکاوٹوں کو جائے وقوع سے ہٹانے پر آمادہ کرنے کے لیے علاقے میں موجود بینکوں کی انتظامیہ اور متعدد تاجروں نے گزشتہ ہفتے حکام اور پولیس کے اعلیٰ افسران سے ملاقاتیں کیں کیونکہ اس کے سبب گزشتہ چند ہفتوں سے ان کے کاروباری معمولات مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔

اس سے قبل مقامی بینکرز کے ایک وفد نے گجرات کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر غضنفر شاہ (جن کے پاس وزیر آباد ڈی پی او کا اضافی چارج بھی ہے) سے ملاقات کی اور انہیں ان مشکلات سے آگاہ کیا، علاوہ ازیں ان کے خریداروں بالخصوص کٹلری ایکسپورٹرز کے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔

اسی طرح کمرشل عمارتوں کے مالکان، دکانداروں اور علاقہ مکینوں نے سڑک کی بندش کے سبب درپیش مشکلات سے مقامی حکام کو آگاہ کیا، تاجروں نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی سے بھی یہ رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دینے کا مطالبہ کیا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مقامی پولیس اور ایلیٹ فورس کی ایک بڑی تعداد جائے وقوع پر ڈیوٹی انجام دے رہی تھی، فرانزک ماہرین کی ٹیم نے 24 گھنٹوں میں شواہد اکٹھے کیے۔

ڈی ایس پی وزیر آباد ملک عامر نے ڈان کو بتایا کہ حکام کو صورتحال کا علم ہے لیکن جے آئی ٹی کے حکم کے بغیر جائے وقوع کو کلیئر نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ سربراہ جے آئی ٹی کو صورتحال سے آگاہ کیا ہے، امکان ہے کہ جے آئی ٹی پیر کو (کل) جائے وقوع کا دورہ کرے گی جس کے بعد علاقے کو کلیئر کر دیا جائے گا۔

ایک اور سینئر پولیس افسر نے کہا کہ جے آئی ٹی کی تشکیل میں تاخیر اور پھر بار بار تبدیلیوں نے اس عمل کو طول دیا ہے۔

دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے داخلہ عمر سرفراز چیمہ نے وزیر آباد شہر کا دورہ کیا اور پی ٹی آئی کے کارکن معظم گوندل کے گھر گئے جو جلسے میں حملہ آور کو زیر کرنے کی کوشش کے دوراں جاں بحق ہوگئے تھے۔

انہوں نے اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کی قربانی کو سراہا، علاوہ ازیں عمر سرفراز چیمہ نے وزیر آباد حملے میں زخمی ہونے والے پارٹی کے 2 دیگر کارکنان کے گھر کا بھی دورہ کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024