• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

فیفا ورلڈ کپ: 2 فیوریٹ ٹیموں کا کوارٹر فائنل میں ٹکراؤ کافی دلچسپ ہوگا

شائع December 4, 2022 اپ ڈیٹ December 5, 2022

فیفا ورلڈ کپ کے 22ویں ایڈیشن کے ناک آؤٹ مرحلے کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے۔ ناک آؤٹ مرحلے کے پہلے دن کے سنسنی خیز مقابلوں میں ٹورنامنٹ کی فیوریٹ تصور کی جانے والے ٹیموں نیدرلینڈز اور ارجنٹینا نے اپنے اپنے میچوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ ان دونوں ٹیموں کے مابین پہلا کوارٹر فائنل جمعے کو کھیلا جائے گا۔

آغاز کرتے ہیں پہلے ناک آؤٹ میچ سے جو امریکا اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلا گیا۔ سچ پوچھیے تو نتیجہ دیکھ کر حیرانی نہیں ہوئی۔ نیدرلینڈز اس عالمی کپ کی فیوریٹ ٹیموں میں سے ایک ہے جو اپنی کامیاب حکمتِ عملی کی وجہ سے حریفوں پر سبقت لے جاتی ہے۔

کل بھی کچھ یہی ہوا۔ پہلے ہی ہاف میں نیدرلینڈز نے 2 شاندار گولز اسکور کرکے اپنا بہترین کھیل پیش کیا لیکن ابھی دوسرے ہاف کا کھیل باقی تھا اس لیے امریکا کو کمزور سمجھنا غلطی ہوتی۔

نیدرلینڈز کے کپتان وین ڈائک اکیلے ہی دفاع کی ایسی مضبوط دیوار ثابت ہو رہے تھے جنہیں چکما دینا امریکا کی ٹیم کے لیے کافی مشکل ثابت ہورہا تھا جبکہ کلب بارسلونا کی جانب سے بہترین کلب فٹبال کھیلنے والے میمفس ڈیپے کی کارکردگی بھی متاثرکُن رہی۔ البتہ نیدرلینڈز کے لیے اس عالمی کپ میں مسلسل 3 میچوں میں گول اسکور کرنے والے گاکپو، کل کوشش کے باوجود گول اسکور کرنے میں ناکام رہے۔

امریکا کی جانب سے بھی دوسرے ہاف میں کافی تیز کھیل پیش کیا گیا۔ بھرپور جوابی وار کیے گئے لیکن گول نہ ہوسکا۔ ایسا لگ رہا تھا کہ یہ مقابلہ نیدرلینڈز کی ٹیم 0-2 سے جیت جائے گی لیکن متبادل کھلاڑی کے طور پر آنے والے امریکی کھلاڑی رائٹ نے 75ویں منٹ میں گول اسکور کرکے امریکا کے لیے میچ میں واپسی کی امید جگا دی۔

مگر پھر کامیاب گول اسسٹ کرنے والے ڈمفرائس نے نیدرلینڈز کے لیے تیسرا گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو فیصلہ کُن برتری دلوا دی۔ یہ میچ 1-3 سے نیدرلینڈز نے اپنے نام کیا جبکہ ڈمفرائس کو اسسٹ اور گول اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ یوں کوچ لوئی وین گال کی نیدرلینڈز نے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

اس میچ میں شکست کے ساتھ ہی فٹبال کو سوکر کہنے والے امریکا کا فیفا فٹبال ورلڈ کپ کا سفر اختتام کو پہنچا۔ 2026ء کے عالمی کپ کا شریک میزبان امریکا ہوگا اور اس وقت ایونٹ میں امریکا کا کھیل کیسا رہے گا اس کا جواب ہمیں 2026ء کے عالمی کپ میں ہی مل سکے گا۔

اب آتے ہیں کل کے ایک اور اہم ناک آؤٹ میچ کی جانب جو ارجنٹینا اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا۔

قطر عالمی کپ میں ارجنٹینا کا کھیل دیکھ کر اندازہ ہورہا ہے کہ یہ ٹیم بال پر گرفت رکھنے والا کھیل کھیلتی ہے۔ آسان لفظوں میں بتاؤں تو ارجنٹینا کے کھلاڑی آپس میں پیچھے کی جانب پاسنگ کرتے رہتے ہیں جس سے بال پر ان کی گرفت کی شرح میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس سے ارجنٹینا کو فائدہ یہ ہوتا ہے کہ اس پاسنگ سے حریف ٹیم تھک جاتی ہے اور یہی وہ موقع ہوتا ہے جب ارجنٹینا موقع بناکر بال نیٹ میں ڈالتی ہے۔

کل پہلے ہاف کا کھیل سُست رہا۔ البتہ آسٹریلوی کھلاڑی مسلسل بال کے حصول کی جدوجہد میں نظر آئے جبکہ ارجنٹینا اس دوران بال پر اپنی گرفت مضبوط کر رہی تھی۔

پہلے ہاف کے 35ویں منٹ میں ارجنٹینا کا ایک موو بنا جس پر لیونل میسی نے شاندار گول اسکور کیا۔ یہ ورلڈ کپ ناک آؤٹ مراحل میں ارجنٹینا کے لیے میسی کا پہلا گول تھا جبکہ یہ میچ 35 سالہ اسٹار فٹبالر کے کیریئر کا 1000واں میچ بھی تھا۔ ان ایک ہزار میچوں میں میسی 789 گولز اسکور کرچکیں ہیں۔ ساتھ ہی اس گول کے ساتھ لیونل میسی نے ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر میراڈونا کا عالمی کپ میں گولز کرنے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا اور یوں ان کا 1000واں میچ یادگار بن گیا۔

ارجنٹینا کی جانب سے دوسرا گول الواریز نے 57ویں منٹ میں اسکور کیا اور یوں ارجنٹینا کو 0-2 کی برتری حاصل ہوگئی۔

اس دوران میسی نے شاندار موو بنائے لیکن گول اسکور نہیں ہوسکا۔ جبکہ مارٹینز کے متبادل کے طور پر آنے کے بعد کھیل مزید تیز ہوگیا۔

دوسرے ہاف میں ایک دو بار ارجنٹینا کے گول کیپر سے بال کلیئر کرنے میں چوک ہوئی تو ڈر لگ رہا تھا کہیں آسٹریلیا اسی طرح گول اسکور نہ کردے مگر ہوا اس کے برعکس۔ یعنی آسٹریلیا کے کھلاڑی تو کوئی گول نہیں کرپائے مگر ارجنٹینا کے فرنانڈیز نے اون گول کردیا جس کی وجہ سے اسکور 1-2 ہوگیا۔

اس گول نے تو آسٹریلیا کے کھلاڑیوں میں جیسے نئی روح پھونک دی۔ کھیل بہت تیز کھیلا جانے لگا اور دونوں ہی ٹیمیں گول اسکور کرنے کی متواتر کوششوں میں نظر آئیں۔ آخری لمحات میں آسٹریلیا کی پریشانی عیاں تھی حتیٰ کہ وہ غصے میں فاؤلز بھی زیادہ کررہے تھے۔

اضافی وقت میں آسٹریلیا کی جانب سے بہترین موو بنا جسے ارجنٹینا کے گول کیپر نے کامیابی سے روک لیا۔ یہ میچ ارجنٹینا نے 1-2 سے جیت لیا جس کے بعد آسٹریلیا عالمی کپ کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔

یوں اپنے پہلے میچ میں سعودی عرب سے اپ سیٹ شکست کے بعد لیونل میسی کی ارجنٹینا نے ٹورنامنٹ میں شاندار کم بیک کیا اور اب یہ ٹیم عالمی کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا چکی ہے۔

پہلا کوارٹر فائنل میچ نیدرلینڈز اور ارجنٹینا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں ہی ٹیمیں شاندار فارم میں ہیں اور دونوں ہی عالمی کپ جیتنے کے لیے فیوریٹ تصور کی جارہی ہیں لہٰذا یہ دیکھنا بہت دلچسپ ہوگا کہ وین ڈائک کی نیدرلینڈز لیونل میسی کی ارجنٹینا کو شکست دینے میں کامیاب ہوپائے گی یا نہیں؟

خولہ اعجاز

خولہ اعجاز ڈان کی اسٹاف ممبر ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024