• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

اسلام آباد: ایچ-9 اتوار بازار میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا

شائع December 7, 2022
ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ حالات کنٹرول میں ہیں—فوٹو: ڈان نیوز
ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ حالات کنٹرول میں ہیں—فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد کے ایچ-9 میں اتوار بازار کے علاقے میں بھڑکنے والی آگ پر قابو پالیا گیا۔

اتوار بازار میں شام 6 بجے آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد 10 فائر ٹینڈرز اور دیگر امدادی ٹیموں نے آگ پر قابو پالیا۔

اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن نے کہا کہ اتوار بازار ایچ-9 میں آگ لگنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا، جس کے بعد فائر بریگیڈ اور دیگر امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔

انہوں نے کہا کہ ’آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا ہے، ریسکیو راولپنڈی اور مسلح افواج کی ریسکیو ٹیموں نے بھی آپریشن میں حصہ لیا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور کولنگ کا عمل جاری ہے، حالات قابو میں ہیں‘۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بیان میں کہا کہ اتوار بازار میں آگ کپڑے اور کارپیٹ کے اسٹالز پر لگی تھی۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آگ لگنے والے مقام کو آج رات کے لیے مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے، اور وہاں پولیس کے دستے تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ وہاں سے دکان داروں کا سامان وغیرہ چوری نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ ’آگ لگنے سے بازار کا 20 فیصد حصہ متاثر ہوا ہے، آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے ایک کمیٹی بنا دی گئی ہے، جو مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سفارشات پیش کرے گی‘۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جمعے کو بازار معمول کے مطابق کھلے گا۔

انہوں نے کہا کہ علاقے بجلی وقتی طور پر منقطع کردی گئی تھی تاکہ کسی قسم کا جانی نقصان نہ ہو۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے شہریوں کو ٹریفک پلان سے آگاہ کیا اور امدادی کارکنوں سے تعاون کرنے کی درخواست کی۔

قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے اتوار بازار میں لگنے والی آگ کا نوٹس لیا اور ڈی سی اسلام آباد کو امدادی کارروائی کی نگرانی کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ سے آگ لگنے کے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کر لی۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024