• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

بھارت نے پاکستانی ویب سیریز اور اسٹریمنگ ویب سائٹ پر پابندی لگادی

شائع December 13, 2022
ویب سیریز کی تین قسطیں جاری کی جا چکی ہیں—پرومو فوٹو
ویب سیریز کی تین قسطیں جاری کی جا چکی ہیں—پرومو فوٹو

بھارتی حکومت نے پاکستانی ویب سیریز ’سیوک: دی کنفیشنز‘ کو اپنی قومی سلامتی کے خلاف قرار دیتے ہوئے نہ صرف اس کی نمائش پر پابندی عائد کردی بلکہ پاکستانی اسٹریمنگ ویب سائٹ (https://vidly.tv/) پر بھی پابندی لگادی۔

بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں پاکستانی ویب سیریز پر انڈیا مخالف مواد دکھائے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کی نمائش پر پابندی لگائی گئی۔

بھارتی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ ویب سیریز میں انڈیا کی قومی سلامتی اور دفاع کے خلاف مواد دکھایا گیا ہے۔

حکومت کے مطابق پاکستانی ویب سیریز میں سکھوں کے قتل عام سمیت مسیحی برادری کے قتل اور مسلمانوں پر تشدد اور ظلم کو دکھا کر یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی کہ بھارت میں ہندو دوسرے مذاہب کے لوگوں پر ظلم کرتے ہیں۔

بھارتی حکومت کے مطابق ویب سیریز میں سمجھوتہ ایکسپریس پر بم دھماکے سمیت بابری مسجد کی شہادت اور اسی طرح کے دوسرے واقعات کو بھی اس تناظر میں دکھایا گیا ہے کہ یہ سب ہندوؤں نے کیا اور اس سے بھارت کی قومی سلامتی اور قومی دفاع کو دھچکا لگتا ہے۔

بھارتی حکومت نے پاکستانی ویب سیریز پر انفارمیشن ٹیکنالوجی قوانین کے تحت ملک میں پابندی لگائی۔

اسی حوالے سے ’نئی دہلی ٹیلی وژن‘ (این ڈی ٹی وی) نے بتایا کہ وزارت اطلاعات و نشریات نے نہ صرف پاکستانی ویب سیریز بلکہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم (https://vidly.tv/) کو بھی بھارت میں بلاک کردیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی حکومت نے پاکستانی اسٹریمنگ ویب سائٹ کی ایپلی کیشن کو بھی بھارت میں بلاک کردیا۔

بھارتی حکومت نے پاکستانی ویب سیریز کو انڈیا مخالف مواد دکھانے کے الزامات کے تحت ملک میں بند کیا۔

خیال رہے کہ ’سیوک: دی کنفیشنز‘ ویب سیریز کی اب تک تین قسطیں ریلیز کی جا چکی ہیں۔

مذکورہ ویب سیریز کی کہانی سجی گل نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات انجم شہزاد نے دی ہیں۔

ویب سیریز کی مرکزی کاسٹ میں محسن عباس حیدر، ہاجرہ یامین، نیر اعجاز، عدنان جعفر اور عمارہ ملک سمیت دیگر کاسٹ شامل ہے۔

ویب سیریز میں دکھایا گیاہے کہ کس طرح بھارت میں اقلیتوں پر ہندو اکثریتی ملک کی ریاستی سربراہی میں ظلم و بربریت کی جاتی ہے اور کس طرح سکھوں، عیسائیوں اور مسلمانوں کا قتل عام کیا جاتا رہا ہے۔

ویب سیریز کو پاکستان سمیت دیگر ممالک میں کہانی کی وجہ سے کافی پسند بھی کیا جا رہا ہے۔

تبصرے (2) بند ہیں

rizwan soomro Dec 13, 2022 04:20pm
حق بات کو دبانا انڈیا کی عادت ہیے
Aamir Raza Dec 14, 2022 09:24am
پاکستان کو بھی میڈیا کا استعمال کرنا ہو گا بھارتی پروپیگنڈہ کا جواب دینے کے لیے، نام نہاد جمہوریت کو ایک ڈرامہ سے خطرہ لگ رہا ہے ،بہت حیرت کی بات ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024