’میسی بار بار یہ سوچنے پر مجبور کرتے ہیں کہ کیسے کوئی اتنا اچھا کھیل سکتا ہے‘
رات 12 بجے قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فیفا ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں ارجنٹینا نے یکطرفہ مقابلے میں 2018ء کی عالمی کپ رنر اپ ٹیم کروشیا کو گھر کی راہ دکھا دی۔ یوں ارجنٹینا کی ٹیم جو لوسیل اسٹیڈیم میں سعودی عرب کے خلاف اپنے افتتاحی میچ میں اپ سیٹ کا شکار ہوئی تھی، کل اسی لوسیل اسٹیڈیم میں فتح کے بعد اس نے چھٹی بار عالمی کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے جبکہ میسی اپنے کیرئیر کا شاندار اختتام کرنے سے صرف ایک جیت کی دوری پر ہیں۔
جب ان دونوں ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل طے پایا تو بہت سے عناصر کی وجہ سے شائقین کے لیے یہ میچ دلچسپ بن گیا تھا۔ سب سے پہلے میں تاریخ کا ذکر کروں گی کیونکہ ان دونوں ٹیموں کی تاریخ کافی دلچسپ ہے۔
مارچ 2006ء میں ارجنٹینا اور کروشیا کے درمیان ایک دوستانہ میچ کھیلا گیا جو کروشیا 2-3 سے جیت گیا۔
اگرچہ ارجنٹینا یہ میچ تو ہار گیا مگر اس میں میسی نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا پہلا گول اسکور کیا تھا۔ ساتھ ہی اس میچ میں کروشیا کی فٹبال کے عظیم کھلاڑی لوکا موڈرچ نے ڈیبیو کیا تھا۔
پھر ایک لمبی چھلانگ لگا کر آتے ہیں سال 2018ء کے عالمی کپ میں۔ گروپ مرحلے میں ارجنٹینا کا مقابلہ کروشیا سے ہوا تھا جس میں میسی کی ارجنٹینا کو لوکا موڈرچ کی کروشیا نے 0-3 سے مات دے دی۔ البتہ یہ گروپ مرحلہ تھا اس لیے ارجنٹینا نے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی جہاں وہ فرانس سے شکست کھا کر عالمی کپ کی دوڑ سے باہر ہوئی تھی۔
اس میچ کا دوسرا اہم عنصر لوکا موڈرچ اور میسی کا ایک میچ میں موجود ہونا تھا کیونکہ اس میچ کے نتیجے کی بنیاد پر دونوں میں سے کسی کو ایک خیرباد کہنا تھا۔ جبکہ تیسرا اہم عنصر ان ٹیموں کے گول کیپرز تھے۔
ارجنٹینا کے گول کیپر ایمی مارٹینز اگر کوارٹر فائنل میں 2 پینلٹی روک کر ارجنٹینا کو سیمی فائنل میں لائے تھے تو کروشیا بھی برازیل کے خلاف پینلٹیز پر ہی جیتی تھی جبکہ ان کے کیپر لیواکووچ نے برازیل کے خلاف میچ میں مجموعی طور پر 12 سیو کیے تھے جو اس عالمی کپ کا ریکارڈ ہے۔
دونوں ٹیموں کی اس دلچسپ تاریخ کے بعد یہ سیمی فائنل کافی دلچسپ ٹاکرا ہونے والا تھا۔
تو چلیے اب ذکر کرتے ہیں کل کے میچ کا۔ میچ کے آغاز کی سیٹی بجتے ہی پہلے ہاف میں ہم نے کروشیا کو غالب دیکھا۔ بال پر قبضہ کروشیا کا بہترین رہا اور پاسنگ ایکوریسی بھی بہترین تھی۔ لمبے ہوں یا چھوٹے پاسسز دونوں ہی کروشیا کامیابی سے کررہی تھی۔ گول باکس میں گھسنے کی کوشش میں جب ارجنٹینا کے ڈیفینڈرز پاسنگ میں مداخلت کر رہے تھے تو کروشیا فوری ہی بال واپس حاصل کر رہی تھی یوں ان کا بال ریکوری ٹائم بھی کم رہا۔ ابتدائی 20 منٹ کے میچ کے بعد تو لگ رہا تھا جیسے یہ ارجنٹینا کو بال دینے کی نیت سے ہی نہیں آئے۔
جبکہ ارجنٹینا بال کے حصول کی جدوجہد میں تو تھی، ساتھ ان کی پاسنگ ایکوریسی بھی اچھی نہیں تھی۔ یہی وجہ تھی کہ کروشیا والے پاسنگ میں مداخلت کرنے میں کامیاب ہو رہے تھے۔ اب ان کی پاسنگ اچھی نہیں تھی یا کروشیا کے کھلاڑی پُھرتیلے تھے، ان دونوں میں سے کوئی عنصر تھا جس کی بنا پر ارجنٹینا بال پر اپنی گرفت قائم نہیں کر پا رہی تھی۔
ارجنٹینا اس عالمی کپ کے تمام میچوں میں پہلے ہاف میں گول اسکور کرنے میں کامیاب ہوئی ہے اسی لیے اس میچ میں بھی انتظار تھا کہ کب ہمیں پہلا گول دیکھنے کو ملتا ہے۔
ارجنٹینا کے نوجوان کھلاڑی جولیئن ایلواریز 31ویں منٹ میں کاؤنٹر میں بال کو شاندار انداز میں لے کر نکلے اور گول باکس میں جاکر بال کو چِپ بھی کردیا تھا لیکن کیپر لیواکووچ نے بال چِپ ہونے کے بعد ایلواریز کو دھکا دے دیا۔ اب ہونا کیا تھا چونکہ وہ بال پر نہیں تھے اور پینلٹی ایریا تھا، لہذا ارجنٹینا کو پینلٹی دے دی گئی۔
میں نے سوچا کہ اگر یہ چِپ گول ہوجاتا تو ایلواریز کل کے میچ میں اپنی ہیٹ ٹرک کرسکتے تھے اور یہ پہلا گول ہوتا بھی شاندار لیکن یہ گول نہیں ہوسکا۔
پینلٹی لینے لیونل میسی آئے اور سامنے تھے کیپر لیواکووچ۔ مشکل لگ رہا تھا کہ گول ہو کیونکہ ذہنوں میں کیپر کی دھاک ہی اتنی بیٹھی ہوئی تھی۔ لیکن میسی نے ٹاپ کارنر پر شاندار پینلٹی اسکور کرکے تمام شبہات مٹا دیے۔
اس گول کے ساتھ ہی میسی نے ایک نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔ میسی نے ارجنٹینا کے سابقہ کھلاڑی گیبریئل بیٹستوٹا کو پیچھے چھوڑ کر 11 گولز کے ساتھ عالمی کپ میں ارجنٹینا کے لیے سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑی بن گئے جبکہ یہ میچ میسی کا 25واں عالمی کپ میچ تھا جس میں انہوں نے جرمن کھلاڑی لوتھر میتھیئس کے سب سے زیادہ عالمی کپ میچ کھیلنے کے ریکارڈ کو بھی برابر کیا اور عالمی کپ کا فائنل کھیل کر وہ عالمی کپ میں سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی بن جائیں گے۔
ارجنٹینا کا دوسرا گول ایلواریز کا ’سولو‘ گول تھا۔ کاؤنٹر پر پاس ملا تو انہوں نے اکیلے رن لیا۔ رن اتنا شاندار تھا کہ کسی دوسرے کھلاڑی نے کوشش نہیں کی کہ پاس لیں کیونکہ اس شاندار رن پر فینش کرنا بھی ایلواریز کا ہی حق تھا۔ گول ہوگیا اور یہ اتنا شاندار تھا کہ اسٹینڈ میں بیٹھے برازیلی اسٹار فٹبالر رونلڈینیو بھی اس گول کی تعریف کیے بنا نہ رہ سکے۔
صرف گولز ہی نہیں اپنے شاندار اسسٹ سے بھی میسی ہمیں حیران کرنے کا موقع جانے نہیں دیتے۔ کوارٹر فائنل کی طرح کل بھی میچ کے دوسرے ہاف میں میسی نے ڈریبلنگ کرتے ہوئے ایلواریز کو شاندار پاس کیا جس پر انہوں نے گول اسکور کیا۔ کبھی کبھی میں خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ میں ایسے دوڑ میں ہوں جہاں مجھے میسی جیسے عظیم کھلاڑی کا کھیل دیکھنے کا موقع ملا ہے جو ہر بار مجھے یہ سوچنے پر مجبورکردیتے ہیں کہ کیسے کوئی اتنا شاندار گول یا پاس کرسکتا ہے۔
عالمی کپ میں 5 گولز اور 3 اسسٹ کے ساتھ میسی گولڈن بوٹ کی دوڑ میں شامل ہیں جبکہ وہ گولڈن بال کے لیے بھی مضبوط امیدوار ہیں۔ وہ اس عالمی کپ میں 4 بار مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرچکے ہیں۔
لیونل میسی نے ارجنٹینا کی ٹیم کے لیے جو کچھ کیا ہے اور اس عالمی کپ میں ان کی جو کارکردگی رہی ہے اس نے میسی کو عالمی کپ کی ٹرافی کا حقدار بنا دیا ہے۔ جرمنی سے 2014ء کے عالمی کپ فائنل میں شکست کھانے والے میسی اس بار بھرپور کوشش کریں گے کہ اپنے کیریئر کا آخری عالمی کپ ضرور جیتیں جو اب ان سے صرف ایک جیت کی دوری پر ہے۔
کروشیا کے لیے اپنا 161واں میچ کھیلنے والے لوکا موڈرچ کا عالمی کپ سفر اپنے اختتام کو پہنچا جبکہ 1998ء میں پہلی بار عالمی کپ کھیلنے والی ٹیم کروشیا کے لیے یہ بہت بڑا اعزاز ہے کہ 40 لاکھ کی آبادی والا یہ ملک مسلسل 2 عالمی کپ میں ٹورنامنٹ کی 4 بہترین ٹیموں میں شامل رہا ہے۔
آج ہونے والا فرانس اور مراکش کا دوسرا سیمی فائنل واضح کرے گا کہ عالمی کپ فائنل میں میسی اینڈ کمپنی کا مقابلہ کس ٹیم سے ہوگا۔