• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

’پٹھان‘ کے خلاف بائیکاٹ کا ٹرینڈ چلنے پر شاہ رخ خان کی منفرد بات نے لوگوں کے دل جیت لیے

شائع December 15, 2022
فیسٹیول میں شاہ رخ خان کو ایوارڈ سے بھی نوازا گیا—فوٹو: ٹوئٹر
فیسٹیول میں شاہ رخ خان کو ایوارڈ سے بھی نوازا گیا—فوٹو: ٹوئٹر

بولی وڈ کے ’بادشاہ‘ کہلانے والے شاہ رخ خان نے خود پر اور اپنی آنے والی فلم ’پٹھان‘ پر تنقید اور بائیکاٹ کے ٹرینڈز چلنے پر پہلی بار مبہم مگر منفرد انداز میں بات کرکے بھارتیوں کے دل جیت لیے۔

شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ آئندہ ماہ جنوری میں ریلیز ہوگی اور اس کا گانا ’بے شرم‘ رنگ چند دن قبل ریلیز کیا گیا تھا، جسے دیکھنے کے بعد تنگ نظر ہندو سیخ پا ہوگئے اور انہوں نے اداکار کی فلم ’پٹھان‘ کے بائیکاٹ کا ٹرینڈ چلانا شروع کردیا جب کہ انتہاپسند جماعتوں نے بھی فلم پر پابندی لگانے کا مطالبہ کردیا۔

انتہاپسند ہندوؤں کی جانب سے اپنے اور اپنی فلم کے خلاف ہونے والے ہنگامے سمیت سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے بعد شاہ رخ خان 15 دسمبر کو ریاست بنگال کے شہر ’کولکتا‘ میں ہونے والے عالمی فلم فیسٹیول میں پہنچے، جہاں انہوں نے منفرد انداز میں خطاب کیا۔

شاہ رخ خان نے کولکتا انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (کے آئی ایف ایف) میں خطاب کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر منفی اور تنگ نظر باتیں اور نظریے پھیلانے پر کھل کر بات کی اور اسے معاشرے کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔

شاہ رخ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ سوشل میڈیا کا منفی پھیلاؤ سینما پر اثر انداز ہو رہا ہے اور سوشل میڈیا پر تنگ نظر اور غلط باتیں مجموعی طور پر ہمارے معاشرے کے بیانیے کو بیان کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ایک مخصوص تنگ نظری کے ساتھ چلتا ہے جو کہ انسانی فطرت اور آزادی پر اثر انداز ہوکر مثبت اجتماعی سوچ کو تباہ کر دیتا ہے۔

شاہ رخ خان نے اپنے خلاف ہونے والے مظاہروں اور ٹرینڈز کا ذکر کیے بغیر سوشل میڈیا کی نفرت انگیز مہم پر بات کرتے ہوئے سینما کو اس کا بہتر متبادل قرار دیا۔

بولی وڈ بادشاہ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی نفرت کا سینما مقابلہ کر سکتا ہے اور سینما حقیقی زندگی کی کہانیوں کو بہتر انداز میں لوگوں کے سامنے رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے خطاب کے آخر میں ہندی زبان میں بات کرتے ہوئے اپنی آنے والی فلم ’پٹھان‘ کے انداز میں فلم کا ہی ایک ڈائلاگ ’زندہ ہیں‘ کہا تو ہجوم نے ان کے لیے تالیاں بجائیں اور لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھر آئی۔

شاہ رخ خان نے آخر میں کہا کہ ’دنیا کچھ بھی کرلے، میں اور آپ لوگ اور جتنے بھی مثبت لوگ ہیں، سب کے سب ۔۔ زندہ ہیں‘۔

شاہ رخ خان کی جانب سے ’زندہ ہیں‘ کا جملہ مخصوص اور منفرد انداز میں ’پٹھان‘ فلم کے ڈائلاگ کی طرز پر بولنے پر لوگ کھل اٹھے اور انہوں نے اداکار کے لیے تالیاں بجائیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024