اسلام آباد: تھانہ آئی نائن کی حدود میں درخت سے نوجوان کی پھندا لگی لاش برآمد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ آئی نائن کی حدود میں نوجوان لڑکے کی درخت سے پھندہ لگی لاش برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق نوجوان لڑکے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے پولی کلینک ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول نوجوان کی شناخت محمد زبیر کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق افغانستان سے ہے۔
پولیس نے کہا کہ مقتول کے ساتھ جنسی زیادتی ہوئی ہے یا نہیں اس کا تعین پوسٹ مارٹم کے بعد ہوگا۔
تاہم پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد نوجوان کی لاش ورثا کے حوالی کردی گئی۔
بعدازاں اسلام آباد کے تھانہ آئی نائن میں گل افغانی نامی شخص نے ایف آئی آر درج کروائی جس میں انہوں نے بتایا کہ میں کباڑ کا کام کرتا ہوں، میرے ساتھ میرا بھتیجا محمد زبیر بھی کباڑ کا کام کرتا ہے اور گزشتہ رات 9 بجے تک زبیر میرے ساتھ رہا پھر میں اپنے کام میں مشغول ہوگیا جس کے بعد زبیر کو تلاش کیا مگر نہ ملا۔
شکایت کنندہ نے مؤقف اختیار کیا کہ آج صبح 9 بجے ایک اور کباڑی قادر نے بتایا کہ چوک پر پولیس کھڑی ہے جہاں کسی کباڑ والے نے خودکشی کرلی ہے، یہ سن کر میں فوری طور پر وہاں پہنچا تو محمد زبیر کی لاش درخت سے لٹکی ہوئی تھی اور پاؤں زمین پر لگ رہے تھے۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ میرے بھتیجے کو کسی نامعلوم ملزم یا ملزمان نے قتل کرکے لاش درخت پر لٹکا دی ہے، لہٰذا نامعلوم ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
ترجمان اسلام آباد نے کہا کہ واقع کی ایف آئی آر تھانہ آئی نائن میں درج کرلی گئی ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ آنا باقی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کچھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کی جا رہی ہے۔