بھارتی فلم سینسر بورڈ کی ’پٹھان‘ کے مناظر اور ’بے شرم رنگ‘ گانا تبدیل کرنے کی تجویز
بھارت کے مرکزی فلم سینسر بورڈ ’سی بی ایف سی‘ نے شاہ رخ خان کی آنے والی فلم ’پٹھان‘ کے بعض مناظر اور گانے ’بے شرم رنگ‘ میں تبدیلیاں کرنے کی تجویز دے دی۔
’پٹھان‘ کو آئندہ ماہ جنوری میں بھارت کے یوم جمہوریہ پر ریلیز کیا جائے گا، تاہم وہاں کے ہندو انتہاپسندوں نے اس کی ریلیز کے خلاف احتجاج جاری رکھا ہوا ہے۔
’پٹھان‘ کے پہلے گانے ’بے شرم رنگ‘ کو رواں ماہ 12 جنوری کو ریلیز کیا گیا تھا، جسے اب تک 10 کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔
’بے شرم رنگ‘ کی ریلیز پر وہاں کے ہندوؤں نے احتجاج کرتے ہوئے شاہ رخ خان کو زندہ جلانے کی دھمکی بھی دی تھی۔
انتہاپسند ہندوؤں کے مطابق ’بے شرم رنگ‘ میں دپیکا پڈوکون کو ہندوؤں کے لیے مقدس سمجھے جانے والے زعفرانی رنگ کا لباس پہنا کر ان سے نیم عریاں رقص کروایا گیا۔
انتہاپسندوؤں نے ’بے شرم رنگ‘ کو جواز بناکر شاہ رخ خان کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ان کی فلم کے خلاف بائیکاٹ کا ٹرینڈ چلایا اور دھمکی دی کہ اگر فلم کو ریلیز کیا گیا تو ملک بھر میں مظاہرے شروع کیے جائیں گے۔
انتہاپسند ہندوؤں کے احتجاج کے باوجود فلم کی ٹیم نے ’پٹھان‘ کو مقررہ وقت پر ریلیز کرنے کا اعادہ کیا ہے، تاہم اس کی نمائش سے قبل ہی فلم سینسر بورڈ نے فلم کی ٹیم کو ہدایات اور تجاویز دے ڈالیں۔
بھارتی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) نے ’ُپٹھان‘ کو بنانے والی پروڈکشن کمپنی ’ییش راج فلمز‘ کو اس میں تبدیلیاں کرنے کی تجاویز دے ڈالیں۔
رپورٹ کے مطابق فلم سینسر بورڈ کے چیئرمین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں ان کی ٹیم نے ’پٹھان‘ کا جائزہ لیا، جس دوران فلم میں کئی متنازع مناظر پائے گئے۔
فلم سینسر بورڈ کے مطابق ’پٹھان‘ کا جائزہ لینے کے بعد فلم کی ٹیم کو اس میں تبدیلیاں کرنے کی ہدایت اور تجاویز دے دی گئیں۔
فلم سینسر بورڈ کے چیئرمین نے تصدیق کی کہ انہوں نے فلم کی ٹیم کو ’پٹھان‘ کے گانے ’بے شرم رنگ‘ میں تبدیلیاں کرنے سمیت فلم کے متعدد مناظر کو بھی تبدیل کرنے کی ہدایت کردی۔
انہوں نے بتایا کہ فلم سینسر بورڈ تخلیقی صلاحیتوں کا احترام کرتا ہے اور انہیں امید ہے کہ بورڈ اور فلم کی ٹیم تنازع کو حل کرلیں گے۔
اگرچہ فلم سینسر بورڈ نے تصدیق کی کہ انہوں نے فلم کی ٹیم کو تبدیلیاں کرنے کا کہا ہے، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ انہوں نے ٹیم کو کون سے مناظر اور کس طرح کی تبدیلیاں کرنے کا کہا ہے؟
خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم سینسر بورڈ نے فلم کی ٹیم کو دپیکا پڈوکون کے زعفرانی رنگ کے عریاں لباس کے مناظر کو ہٹانے کی ہدایت کی ہوگی اور اسی طرح کے دوسرے مناظر کو بھی تبدیل کرنے کا کہا گیا ہوگا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔