• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

کچھ بھی ہوجائے آئٹم سانگ میں پرفارم نہیں کروں گی، انمول بلوچ

شائع January 18, 2023
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

ڈراموں کی مقبول اداکارہ انمول بلوچ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ اگر انہوں نے فلموں میں اداکاری بھی شروع کردی تو وہ کسی بھی شرط پر آئٹم سانگ میں پرفارمنس نہیں کریں گی۔

انمول بلوچ کا شمار ٹی وی کی ابھرتی ہوئی اداکاراؤں میں ہوتا ہے، حال ہی میں ختم ہونے والے ڈرامے ’سیانی‘ میں ان کی اداکاری کو سراہا گیا تھا۔

انمول بلوچ چند سال سے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں، تاہم تاحال انہیں کسی فلم میں نہیں دیکھا گیا اور اب انہوں نے بتایا ہے کہ وہ جلد ہی بڑی اسکرین پر بھی دکھائی دیں گی۔

نشریاتی ادارے ’انڈیپینڈنٹ اردو‘ کو دیے گئے انٹرویو میں انمول بلوچ نے ایک سوال کے جواب میں اعتراف کیا کہ اب پاکستانی ڈراموں کا اسکرپٹ پہلے کی طرح جاندار نہیں رہا، خواتین کے لیے ایک جیسے ہی کردار لکھے جا رہے ہیں۔

ان کے مطابق ڈراموں میں یا تو خواتین کو روتا ہوا دکھایا جاتا ہے یا پھر انہیں انتہائی منفی کرداروں میں پیش کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اچھے مواد کی تخلیق نہ ہونا اداکاروں کی نہیں بلکہ کہانی کاروں کی ذمہ داری ہے، اگر کہانی کار اچھا مواد لکھیں گے تو اداکار بھی اچھی اداکاری کریں گے۔

انہوں نے دلیل دی کہ اس وقت اداکار اسکرپٹ پر سمجھوتہ کرکے وہی کردار ادا کرنے پر مجبور ہیں جو ان کے پاس آتے ہیں یا پھر جو لکھے جا رہے ہیں۔

انمول بلوچ نے سوشل میڈیا پر شوبز شخصیات اور خصوصی طور پر اداکاراؤں پر کی جانے والی تنقید پر بھی بات کی اور کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ اداکاراؤں کو زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ اب سوشل میڈیا پر تنقید سے بات آگے بڑھ چکی ہے اور شخصیات کی کردار کشی بھی جاتی ہے۔

انمول بلوچ کے مطابق صارفین تنقید کرتے ہوئے شوبز شخصیات کی اس قدر کردار کشی کرتے ہیں کہ انہیں مذہبی درس دینے لگتے ہیں، انہیں بتاتے ہیں کہ وہ خدا کا سامنا کیسے کریں گے؟

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہر انسان نے خود ہی خدا کا سامنا کرنا ہے، ہر کوئی اپنے معاملات کا حساب دے گا، اس لیے سوشل میڈیا پر دوسروں کی کردار کشی نہیں کی جانی چاہئیے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں اگرچہ کچھ فلموں میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی تھی مگر انہوں نے اس وقت بڑے پردے پر کام سے انکار کردیا تھا لیکن اب جلد ہی وہ فلموں میں دکھائی دیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ ان سمیت ہر اداکارہ کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ فلموں میں مرکزی یعنی ہیروئن کے روپ میں دکھائی دیں اور وہ بھی فلموں میں ساڑھی پہن کر برف پوش پہاڑوں پر رومانوی گیت گانے سمیت ہر طرح کے کردار ادا کریں گی۔

تاہم انہوں نے ایک سوال کے جواب میں واضح کیا کہ وہ کسی بھی صورت میں فلموں میں آئٹم سانگ میں پرفارمنس نہیں کریں گی۔

انہوں نے دلیل دی کہ آئٹم سانگس کو پاکستانی معاشرے میں پسند نہیں کیا جاتا اور عوام بھی ایسے گانوں کو قبول نہیں کرتا، اس لیے اداکاروں کو بھی وہی کام کرنا چاہئیے جو عوام میں قابل قبول ہو۔

انمول بلوچ کے مطابق ان کا خیال ہے کہ کسی بھی پاکستانی ادکارہ کو آئٹم سانگ نہیں کرنا چاہئیے اور وہ بھی کسی صورت میں ایسے کسی گانے میں کبھی پرفارمنس نہیں کریں گی۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024