• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

شوبز شخصیات کا فیروز خان کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان

شائع January 19, 2023
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

فلم ساز شرمین عبید چنائے، اداکار منیب بٹ، ایمن خان، منال خان، ثروت گیلانی، خالد عثمان بٹ، میرا سیٹھی اور فرحان سعید سمیت دیگر شوبز شخصیات نے ان کی ذاتی معلومات کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر فیروز خان کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کردیا۔

اداکار منیب بٹ نے باقی شوبز شخصیات سے بازی لیتے ہوئے فیروز خان کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں سائبر کرائم قوانین کے تحت درخواست بھی دائر کردی۔

علاوہ ازیں گلوکار و اداکار فرحان سعید نے بھی فوری قدم اٹھاتے ہوئے فیروز خان کو جوابی نوٹس بھجواتے ہوئے ان سے 15 دن کے اندر ان کی ذاتی معلومات کو عام کرنے پر 15 دن کے اندر معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا، دوسری صورت میں انہیں ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کے لیے تیار رہنے کی دھمکی بھی دے دی۔

فیروز خان نے 17 جنوری کو بتایا تھا کہ انہوں نے ثروت گیلانی، ایمن خان، منال خان، منیب بٹ، یاسر حسین اور میرا سیٹھی سمیت متعدد شوبز شخصیات کو بدنام کرنے پر قانونی نوٹس بھیجتے ہوئے ان سے 15 دن کے اندر معافی کا مطالبہ کیا ہے، دوسری صورت میں وہ تمام اداکاروں کے خلاف 3 کروڑ روپے کے ہتک عزت کا دعویٰ دائر کریں گے۔

فیروز خان کے وکیل نے بتایا تھا کہ تمام شوبز شخصیات نے فیروز خان پر سابق اہلیہ علیزے فاطمہ سلطان پر تشدد کے الزامات لگائے تھے اور تمام شخصیات نے شواہد کے بغیر اداکار کے خلاف سوشل میڈیا پر پوسٹس کی تھیں۔

اداکار کی جانب سے شوبز شخصیات کو بھجوائے گئے نوٹسز کی کاپیاں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں، جن میں متعدد شخصیات کی ذاتی ایڈریس، نام اور موبائل نمبر سمیت دیگر معلومات کو واضح طور پر پڑھا جا سکتا تھا۔

قانونی نوٹسز میں ذاتی موبائل نمبر اور دیگر معلومات دیے جانے اور نوٹسز کو سوشل میڈیا پر وائرل کروانے پر متعدد شخصیات نے فیروز خان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 18 جنوری کو انہیں نہ صرف بے وقوف قرار دیا تھا بلکہ انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کی تیاری کی دھمکی بھی دی تھی۔

اور اب متعدد شوبز شخصیات نے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا جب کہ باقی شخصیات نے بھی فیروز خان کو مقدمات کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنے کی دھمکی دے ڈالی۔

گلوکار و اداکار فرحان سعید نے ڈان امیجز کو فیروز خان کو بھجوائے گئے جوابی نوٹس کی کاپی بھیجی، جس میں گلوکار نے اداکار سے 15 دن کے اندر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔

فرحان سعید کی جانب سے فیروز خان کوبھجوائے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اداکار نے گلوکار کی ذاتی معلومات جیسا کہ ان کے گھر کا ایڈریس اور موبائل نمبر سوشل میڈیا پر شیئر کیا، جس سے انہیں ذہنی پریشانی سمیت سیکیورٹی خدشات لاحق ہوگئے۔

فرحان سعید نے اپنے نوٹس میں فیروز خان کو 15 دن میں تحریری طور پر معافی مانگنے کا کہا ہے، دوسری صورت میں انہوں نے ان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کی دھمکی دے ڈالی۔

ان کی طرح اداکار منیب بٹ نے بھی فیروز خان کے خلاف ایف آئی اے میں سائبر کرائم قوانین کے تحت درخواست جمع کروادی اور انہوں نے اپنی درخواست کی کاپی سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی۔

منیب بٹ نے اسی حوالے سے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ ابتدائی طور پر انہوں نے فیروز خان کی جانب سےاپنی ذاتی معلومات کو شیئر کرنے کو فیروز خان کی غلطی سمجھا تھا اور انہیں امید تھی کہ اداکار ان سے معافی مانگیں گے۔

منیب بٹ کے مطابق 24 گھنٹے گزر جانے کے باوجود فیروز خان نے ان کا نمبر اور ایڈریس عام کرنے پر معافی نہیں مانگی تو انہوں نے ایف آئی اے میں درخواست دائر کردی۔

ساتھ ہی منیب بٹ نے فیروز خان کےخلاف دی گئی درخواست کی کاپی شیئر کی، جس میں انہوں نے فیروز خان کے موبائل نمبر اور ایڈریس کو چھپایا اور لکھا کہ اگر وہ چاہتے تو وہ بھی اداکار کی ایڈریس ظاہر کرتے مگر وہ ایسا نہیں کریں گے۔

ان کی طرح ان کی اہلیہ اداکارہ ایمن خان نے بھی فیروز خان کو قانونی کارروائی کی دھمکی دی اور لکھا کہ ان کے ذاتی موبائل نمبر کو لیک کیے جانے کے بعد انہیں اور ان کے خداندان کو سیکیورٹی خدشات لاحق ہوگئے، وہ ذہنی پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔

ایمن خان نے لکھا کہ فیروز خان نے جان بوجھ کر ان کی ذاتی معلومات لیک کی اور اب وہ اپنی غلطی کے لیے قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔

ان کی بہن اداکارہ منال خان نے بھی فیروز خان کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنے کا انتباہ کیا۔

منال خان نے بھی اپنی پوسٹ میں لکھا کہ فیروز خان کی جانب سے ان کی ایڈریس اور موبائل نمبر کو لیک کیے جانے کے بعد انہیں ذہنی پریشانی کو برداشت کرنا پڑا جب کہ انہیں اور ان کے اہل خانہ کو سیکیورٹی خدشات لاحق ہوگئے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

فلم ساز شرمین عبید چنائے نے بھی فیروز خان کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنے کی دھمکی دی اور لکھا کہ کسی کی بھی ذاتی معلومات لیک کرنا قانونی جرم ہے۔

شرمین عبید چنائے نے ایک اور پوسٹ میں لکھا کہ وہ ایسے مرد حضرات کو اچھی طرح جانتی ہے جو گھریلو تشدد کے مرتکب ہوتے ہیں اور انہیں ایسا معاملات کو دیکھنے کا 20 سال کا تجربہ ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ان کی طرح اداکارہ میرا سیٹھی نے بھی ثروت گیلانی کی پوسٹ کا اسکرین شیئر کرتے ہوئے فیروز خان کی جانب سے ذاتی معلومات کو لیک کرنے پر انہیں قانونی کارروائی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی۔

اداکار خالد عثمان بٹ نے بھی ثروت گیلانی کی پوسٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے ذاتی معلومات کو لیک کرنے پر فیروز خان کو قانونی کارروائیوں کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024