• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

گردوں کے امراض میں مبتلا افراد کے لیے مچھلی کھانا فائدہ مند

شائع January 25, 2023 اپ ڈیٹ January 26, 2023
مچھلیاں اومیگا تھری اور وٹامن ڈی سے بھرپور ہوتی ہیں—فوٹو: شٹر اسٹاک
مچھلیاں اومیگا تھری اور وٹامن ڈی سے بھرپور ہوتی ہیں—فوٹو: شٹر اسٹاک

عام طور پر مچھلی کو دل، دماغ، نظام ہاضمہ اور آنکھوں کی بیماری سمیت وٹامن ڈی میں مددگار غذا کے طور پر پہچانا جاتا ہے، تاہم ایک تازہ تحقیق سے اس کے ایک اور حیران کن فائدے کا انکشاف ہوا ہے۔

امریکی ماہرین کی جانب سے کی جانے والی ایک تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ گردوں کی بیماری میں مبتلا افراد کی جانب سے مچھلی کھانا انہیں فائدہ پہنچا سکتی ہے۔

طبی جریدے ’بی ایم جے‘ میں شائع تحقیق کے مطابق امریکی ماہرین نے ’اومیگا تھری‘ یا آسان الفاظ میں کہیں تو مچھلیوں کی مختلف اقسام کے گردوں کی بیماری پر اثرات جانچنے کے لیے تحقیق کی۔

تحقیق کے دوران ماہرین نے دنیا بھر کے 12 ممالک میں ہونے والی 19 مختلف تحقیقات کا جائزہ لیا۔

ماہرین نے تحقیقات میں شامل 26 ہزار کے قریب افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا، ان رضاکاروں سے 11 سال تک معلومات لی گئی تھیں۔

ماہرین نے جن رضاکاروں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا، ان کی صحت کا 11 سال بعد دوبارہ جائزہ لیا گیا تھا۔

ماہرین نے تحقیقات سے نتیجہ اخذ کیا کہ مجموعی طور پر سمندری مخلوق یعنی مچھلیوں کی مختلف قسموں پر مبنی غذائیں کھانے والے افراد میں گردوں کی بیماریاں کم ہوتی ہیں جب کہ مچھلیاں کھانے سے گردوں کے پرانے یا شدید مرض میں مبتلا افراد کو فائدہ ملتا ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ ڈیٹا سے معلوم ہوا کہ جن افراد نے سبزیوں اور پھلوں سے ’اومیگا تھری‘ وٹامن حاصل کیا، ان کے گردوں کی بیماری پر کوئی فرق نہیں پڑا جب کہ مچھلیاں کھانے والے افراد میں بیماری نمایاں طور پر کم ہوئی۔

تحقیق کے مطابق جو افراد یومیہ مچھلیوں پر مبنی غذا کھاتے رہے، ان کی گردوں کی بیماری 8 فیصد کم ہوگئی جب کہ جن رضاکاروں نے مچھلیوں سے تیار زیادہ غذائیں کھائیں ان کی شدید گردوں کی بیماری 13 فیصد تک ہوگئی۔

ماہرین نے بتایا کہ مچھلیاں کھانے سے گردوں کے امراض پیدا ہونے سے بھی محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

ماہرین نے تجویز دی کہ گردوں کی صحت کے لیے لوگوں کو مختلف اقسام کی مچھلیاں کھانی چاہئیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024