• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

’پٹھان‘ پہلے دن 57 کروڑ روپے کمانے والی پہلی بھارتی فلم بن گئی

شائع January 26, 2023
—فلم 25 جنوری کو ریلیز کی گئی تھی—اسکرین شاٹ
—فلم 25 جنوری کو ریلیز کی گئی تھی—اسکرین شاٹ

انتہاپسند ہندوؤں کے تنازعات اور احتجاج کے باوجود بولی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ نے ریلیز کے پہلے ہی دن 57 کروڑ روپے کماکر نہ صرف نیا اعزاز حاصل کیا بلکہ اس نے کئی ریکارڈ بھی بنا ڈالے۔

’پٹھان‘ کو 25 جنوری کو بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا تھا اور اس کی نمائش کے خلاف انتہاپسند ہندوؤں نے دھمکی دے رکھی تھی۔

فلم کو 25 جنوری کا آغاز ہوتے ہی رات کو ایک بجے بھارت کی سینماؤں پر دکھایا گیا تھا اور اس کا پہلا شو رات دیر گئے دکھایا گیا تھا اور ہندوستان بھر میں فلم کو دیکھنے کے لیے سینماؤں کے باہر لوگوں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں۔

فلمی مبصرین کا خیال تھا کہ ’پٹھان‘ ریلیز کے پہلے دن زیادہ سے زیادہ 35 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب ہوجائے گی اور ابتدائی طور پر بعض فلمی ناقدین نے دعویٰ کیا تھا کہ فلم نے پہلے دن صرف 20 کروڑ روپے کمائے۔

لیکن اب فلم کو پروڈیوس کرنے والی کمپنی نے بتایا ہے کہ فلم نے پہلے ہی دن 57 کروڑ روپے بٹورے، جس میں 55 کروڑ روپے کی کمائی ہندی ورژن کی فلم نے کی جب کہ دو کروڑ روپے تیلگو اور تامل زبانوں میں ریلیز ہونے والی ’پٹھان‘ نے کمائے۔

بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق ییش راج فلمز نے میڈیا کو جاری بیان میں تصدیق کی کہ فلم نے مجموعی طور پر 57 کروڑ روپے کمائے جس میں سے ہندی ورژن کی فلم نے بھارت سے 53 کروڑ روپے بٹورے۔

’پٹھان‘ کو بیک وقت ہندی کے علاوہ تیلگو اور تامل زبانوں میں بھی ریلیز کیا گیا تھا اور اسے بھارت کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی پیش کیا گیا تھا۔

اسی حوالے سے ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے بتایا کہ ’پٹھان‘ نے ریلیز ہونے کے پہلے ہی دن کئی نئے ریکارڈز اپنے نام کیے۔

رپورٹ میں بتایا گیا گیا کہ ’پٹھان‘ بھارت سمیت دنیا بھر میں پہلے ہی دن 8 ہزار سینما اسکرینز پر ریلیز ہونے والی بھی اب تک کی پہلی بولی وڈ فلم بن گئی۔

اسی طرح فلم کے ہندی ورژن نے 55 کروڑ روپے کماکر پہلے ہی دن سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بولی وڈ فلم کا اعزاز بھی حاصل کرلیا، ساتھ ہی میں وہ چھٹی کے بغیر والے دن پر سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بھی بن گئی۔

یوں ’پٹھان‘ ریکارڈ کمائی کے ساتھ شاہ رخ خان کی پہلے ہی دن سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بھی بن گئی، ان کے 30 سالہ کیریئر میں کوئی بھی فلم پہلے دن اتنی کمائی نہیں کر پائی تھی۔

اسی طرح ’پٹھان‘ ریکارڈ کمائی کے ساتھ دپیکا پڈوکون اور جان ابراہم کی بھی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی۔

’بولی وڈ ہنگامہ‘ کے مطابق 57 کروڑ روپے کی کمائی کے بعد ’پٹھان‘ پہلے دن سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پہلی بھارتی فلم بن گئی، دوسرے نمبر پر اپریل 2022 میں ریلیز ہونے والی ’کے جی ایف چیپٹر ٹو‘ ہے، جس نے پہلے دن 53 کروڑ 95 لاکھ روپے کمائے تھے۔

فہرست میں پہلے دن سب سے زیادہ کمائی کرنے والی تیسری فلم ’وار‘ ہے، جسے اکتوبر 2019 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

پہلے دن سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلموں میں چوتھے نمبر پر عامر خان کی فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ ہے، جس نے 52 کروڑ 25 لاکھ روپے بٹورے تھے اور اسے نومبر 2018 میں پیش کیا گیا تھا جب کہ پانچویں نمبر پر اکتوبر 2014 میں ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ ہے، جس نے 44 کروڑ 97 لاکھ روپے کمائے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024