حرا اور ارسلان خان شادی کے بندھن میں بندھ گئے

شائع February 13, 2023
دونوں کی شادی کی تقریبات گزشتہ ہفتے شروع ہوئی تھیں — فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کی شادی کی تقریبات گزشتہ ہفتے شروع ہوئی تھیں — فوٹو: انسٹاگرام

ابھرتی ہوئی اداکار جوڑی ارسلان خان اور حرا خان حقیقی زندگی میں ایک ہوگئے، دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔

حرا خان اور ارسلان خان کی شادی کی تقریبات گزشتہ ہفتے اس وقت شروع ہوئی تھیں جب اداکارہ نے ساتھی اداکار کو رومانوی انداز میں شادی کی پیش کش کی تھی۔

حرا خان نے گزشتہ ہفتے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کی تھی، جس میں انہوں نے فلمی انداز میں گھٹنوں پر بیٹھ کر ارسلان خان کو شادی کی پیش کش کی تھی، جسے اداکار نے قبول کرلیا تھا۔

بعد ازاں اداکارہ اور ارسلان خان نے شادی کی تقریبات کی ویڈیو اور تصاویر بھی شیئر کی تھیں، جن میں دونوں کو اپنی شادی کی تقریبات پر رقص کرتے بھی دیکھا گیا۔

حرا خان نے ارسلان خان کے ساتھ ڈانس ویڈیوز کو شیئر کرتے ہوئے انسٹاگرام پوسٹس میں بتایا تھا کہ ’ان کے قریبی دوستوں کو معلوم ہے کہ ارسلان کو ڈانس کرنا نہیں آتا لیکن چونکہ وہ اپنے ہونے والے دلہے کے ساتھ ڈانس کرنا چاہتی تھیں، اسی لیے ان کی خواہش پر ارسلان نے گزشتہ 2 ماہ سے ہر دن 6 سے 7 گھنٹے ڈانس کی پریکٹس کرکے رقص سیکھا۔‘

بعد ازاں ارسلان خان نے بھی ایک پوسٹ میں اعتراف کیا کہ انہیں ڈانس نہیں آتا تھا لیکن حرا خان کی فرمائش اور محبت پر انہوں نے ڈانس سیکھا اور اپنی شادی پر دلہن کے ہمراہ رقص کیا۔

دونوں کی شادی کی تقریبات کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، جس پر شوبز شخصیات اور ان کے مداحوں نے تبصرے کرتے ہوئے انہیں نئی زندگی شروع کرنے پر مبارک باد بھی پیش کی۔

یاد رہے کہ حرا خان نے 2017 میں ’مِس ویٹ پاکستان‘ کا ٹائٹل جیتا تھا، جس کے بعد انہوں نے ٹیلی ویژن انڈسٹری میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور متعدد اشتہارات اور ڈراموں میں کام کیا۔

حرا خان حال ہی میں نشر کیے گئے ڈرامے ’وہ پاگل سی‘ اور ’میرے ہمسفر ’ میں اپنے کردار ’رومی‘ سے مشہور ہوئیں جبکہ انہوں نے 2021 میں ڈرامہ سیریل ’پھانس‘ سے شوبز انڈسٹری میں ڈیبیو دیا تھا۔

ارسلان خان ایک ماڈل اور اداکار ہیں جنہوں نے 2012 میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا، انہوں نے متعدد برانڈز کے لیے ماڈلنگ کی۔

شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے سے پہلے وہ 2010 میں بیڈمنٹن ورلڈ چیمپیئن شپ اور دیگر کئی بین الاقوامی مقابلوں میں ملائیشیا میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی تھے، انہوں نے تین بار ’نیشنل جونیئر چیمپئن‘ کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

اس جوڑی نے شارٹ فلم ’نام بدل دینا‘ میں بھی ایک ساتھ اداکاری کی، یہ شارٹ فلم کانز فلم فیسٹیول میں فائنلسٹ کے طور پر منتخب ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024