• KHI: Zuhr 12:25pm Asr 4:49pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 4:19pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 4:23pm
  • KHI: Zuhr 12:25pm Asr 4:49pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 4:19pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 4:23pm

’ہوئے تم اجنبی‘ عید الفطر پر ریلیز کرنے کا اعلان

شائع February 13, 2023
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اداکار میکال ذوالفقار، سعدیہ خان، ثمینہ پیرزادہ اور شفقت چیمہ سمیت دیگر میگا کاسٹ پر مبنی فلم ’ہوئے تم اجنبی‘ کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے عید الفطر پر ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

’ہوئے تم اجنبی‘ سقوط ڈھاکا کے پس منظر میں بننے والی دوسری اردو فلم ہوگی، اس سے قبل سجل علی اور بلال عباس کی فلم ’کھیل کھیل میں‘ بھی بنگلہ دیش ٹوٹنے کے پس منظر پر بنائی گئی تھی۔

مذکورہ دونوں فلموں کے علاوہ اسی موضوع پر متعدد ٹیلی فلمیں اور ڈرامے بھی بنائے جا چکے ہیں، تاہم پہلی بار کہانی کو بڑے پردے پر دکھانے کا سلسلہ حال ہی میں شروع ہوا تھا۔

ثمینہ پیرزادہ بھی اہم کردار میں دکھائی دیں گی—اسکرین شاٹ
ثمینہ پیرزادہ بھی اہم کردار میں دکھائی دیں گی—اسکرین شاٹ

’ہوئے تم اجنبی‘ کی کہانی کامران شاہد نے لکھی ہے اور انہوں نے ہی فلم کی ہدایات دی ہیں، جس میں سقوط ڈھاکا کے وقت لگنے والی جنگ کے مناظربھی دکھائے گئے ہیں۔

جاری کیے گئے ٹیزر سے معلوم ہوتا ہے کہ فلم کی کہانی دو پریمیوں کے گرد گھومتی ہے جو بنگلہ دیش کے ٹوٹنے سے قبل ڈھاکا یونیورسٹی میں تعلیم کے دوران ایک دوسرے کے اسیر ہوتے ہیں۔

فلم کے مرکزی کردار میکال ذوالفقار اور سعدیہ خان نے ادا کیے ہیں، جنہیں ٹریلر میں ایک دوسرے سے محبت کرتے اور بعد ازاں جنگ لگنے کے بعد ایک دوسرے سے الگ ہوتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

اگرچہ فلم کی مرکزی کہانی میکال ذوالفقار اور سعدیہ خان کے رومانس کے گرد گھومتی ہے، تاہم فلم میں اس دور کے اہم مسائل کو بھی انتہائی اچھوتے انداز میں دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر سے فلم کی کہانی کو مکمل سمجھنا مشکل ہے، تاہم ٹریلر میں عندیہ ملتا ہے کہ فلم کی کہانی ٹریجڈی ہوگی اور شائقین پہلی بار مختلف زاویے سے سقوط ڈھاکا کی کہانی کو اسکرین پر دیکھ سکیں گے۔

ٹریلر میں ثمینہ پیرزادہ، شفقت چیمہ اور سہیل احمد سمیت دیگر اداکاروں کو بھی دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر کو جاری کرتے ہوئے تصدیق کی گئی ہے کہ فلم کو عید الفطر کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 20 ستمبر 2024
کارٹون : 19 ستمبر 2024