’وعدوں کی خلاف ورزی‘ پر طالبان نے طورخم بارڈر بند کر دیا
افغان طالبان کے حکام نے اسلام آباد پر اپنے وعدوں سے مکرنے کا الزام لگاتے ہوئے پاکستان کے ساتھ ایک اہم تجارتی اور سرحدی گزرگاہ کو بند کر دیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق طورخم پر تعینات افغان طالبان کے کمشنر کا کہنا تھا کہ سرحدی مقام کو سفری اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
طورخم میں طالبان کمشنر مولوی محمد صدیق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان نے اپنے وعدوں کی پاسداری نہیں کی، اس لیے قیادت کی ہدایت پر گیٹ وے کو بند کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے افغانستان کے لوگوں کو تجویز دی کہ وہ مشرقی صوبہ ننگرہار میں سرحدی گزرگاہ پر سفر کرنے سے گریز کریں۔
افغان طالبان کے عہدیدار نے یہ نہیں بتایا کہ اسلام آباد نے مبینہ طور پر اپنے کس عہد کی خلاف ورزی کی ہے، کچھ غیر مصدقہ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ افغان طالبان پاکستان میں علاج معالجے کے خواہشمند افغان مریضوں کی آمد و رفت پر غیر اعلانیہ پابندی سے ناراض ہیں۔
اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی جانب سے فوری طور پر اس معاملے پر کوئی بیان اور رد عمل سامنے نہیں آیا۔