• KHI: Maghrib 6:04pm Isha 7:24pm
  • LHR: Maghrib 5:21pm Isha 6:47pm
  • ISB: Maghrib 5:22pm Isha 6:49pm
  • KHI: Maghrib 6:04pm Isha 7:24pm
  • LHR: Maghrib 5:21pm Isha 6:47pm
  • ISB: Maghrib 5:22pm Isha 6:49pm

مداحوں کا دل چرانے والی سشمیتا سین عارضہ قلب میں مبتلا

شائع March 3, 2023
اداکارہ کے مطابق اب وہ روبہ صحت ہیں —فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کے مطابق اب وہ روبہ صحت ہیں —فوٹو: انسٹاگرام

دراز قد اور اپنی خوبصورتی کی وجہ سے شہرت رکھنے والی سابق ’مس انڈیا‘ اور ’مس یونیورس‘ بولی وڈ اداکارہ سشمیتا سین نے انکشاف کیا ہے کہ کچھ دن قبل انہیں دل کا دورہ پڑا تھا اور اب ان کی اینجیوپلاسٹی کردی گئی۔

سشمیتا سین نے انسٹاگرام پر والد کے ہمراہ اپنی پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو آگاہ کیا کہ اینجیو پلاسٹی کے بعد انہیں اسٹنٹ ڈال دیے گئے اور اب ان کی صحت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ کچھ دن قبل انہیں ہارٹ اٹیک ہوا تھا، جس کے بعد ان کی اینجیوپلاسٹی کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور دو دن قبل یعنی فروری کے اختتام پر ان کے دل میں اسٹنٹ ڈال دیا گیا۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں صحت یابی کی دعائیں کرنے والی شخصیات اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ اب وہ روبہ صحت ہیں اور ان کی طبیعت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

اپنی اداؤں سے مداحوں کا دل چرانے والی اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ان کے دل کے ڈاکٹر نے انہیں بتایا کہ ان کا دل بہت بڑا ہے۔

اداکارہ کی جانب سے مذاق میں کہی گئی بات پر بعض مداح پریشان بھی دکھائی دیے، کیوں کہ عام طور پر دل کا بڑا ہونا بھی دراصل سنگین بیماری کی علامت ہے، تاہم اداکارہ نے بڑے دل کی بات کے ساتھ مزاحیہ ایموجیز کا بھی استعمال کیا، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ انہوں نے یہ بات مذاق میں کی۔

سشمیتا سین کی جانب سے ہارٹ اٹیک کی پوسٹ کیے جانے کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے ان کی صحت یابی کے لیے دعائیں کرتے ہوئے انہیں مضبوط خاتون قرار دیا، ساتھ ہی مداحوں نے بھی ان کی صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔

سشمیتا سین کی جانب سے اس بار عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کی پوسٹ کیے جانے سے قبل نومبر 2021 میں انہوں نے سوشل میڈیا پر انکشاف کیا تھا کہ اپنی 46 ویں سالگرہ سے کچھ دن قبل انہوں نے سرجری کروائی تھی۔

سشمیتا سین نے نومبر 2021 میں اگرچہ سرجری کروانے کا اعتراف کیا تھا، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ انہوں نے کس چیز کی سرجری کروائی تھی۔

بعد ازاں انہوں نے ایک اور وضاحتی ویڈیو جاری کی تھی، اس میں بھی انہوں نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ انہوں نے کس چیز کی سرجری کروائی۔

تاہم ویڈیو میں اداکارہ کو چلتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا، جس میں محسوس ہوتا تھا کہ اداکارہ چلنے کے دوران بات کرتے ہوئے ٹھیک سے سانس نہیں لے پا رہیں اور ان کی سانس پھولتی محسوس ہوتی تھی۔

اب خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر اداکارہ 2021 میں بھی عارضہ قلب کے علاج سے گزریں ہوں گی، کیوں کہ ان کی اس وقت بھی سانس پھول رہی تھی، تاہم اس حوالے سے تصدیقی طور پر کچھ نہییں کہا جا سکتا۔

سشمیتا سین نے 1996 میں فلم ’دستک‘ سے کیریئر کا آغاز کیا، اب تک وہ 50 کے قریب فلموں میں نظر آ چکی ہیں۔

انہوں نے اپنی اداکاری کی بناء پر فلم فیئر، آئیفا، اسٹار اسکرین اور زی سائنے سمیت متعدد ایوارڈ اپنے نام کیے۔

سشمیتا سین نے 1994 میں مس انڈیا کا اعزاز اپنے نام کیا تھا، جس کے بعد وہ اسی برس مس یونیورس بھی منتخب ہوئی تھیں۔

سشمیتا سین نے اگرچہ شادی نہیں کی، تاہم انہوں نے 2 بچوں کو گود لے رکھا ہے، انہوں نے سب سے پہلے 2000 میں ایک بچی اور بعد ازاں 2010 میں دوسری بچی کو گود لیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025