عالمی برادری کو پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھانی چاہیے، عمران خان
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کو پاکستان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے آواز اٹھانی چاہیے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عمران خان نے یہ بات پاکستان میں قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر اینڈریو ڈالگلیش اور قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر زوئی ویئر سے گفتگو کے دوران کہی جنہوں نے گزشتہ روز زمان پارک میں عمران خان سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
ملاقات میں دو طرفہ امور کے علاوہ جمہوری استحکام، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے حوالے سے پی ٹی آئی کے وژن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
برطانوی ہائی کمشنر کے وفد نے پاکستان میں جمہوریت کے فروغ اور پائیداری کی ضرورت پر زور دیا، ملاقات میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور عالمی برادری کی تشویش پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، عمران خان نے کہا کہ آئین اور قانون کی حکمرانی پی ٹی آئی کے سیاسی ایجنڈے کا بنیادی نکتہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کی مضبوط بنیادوں کا تعلق بنیادی انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ سے ہے، پی ٹی آئی سیاسی عمل کو آگے لے جانے اور عوامی رائے کی بنیاد پر ملک کو سیاسی و معاشی بحرانوں سے نکالنے پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکمران عوام کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کے لیے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں مصروف ہیں، یہ لوگوں کی عزت نفس مجروح کر رہے ہیں، آزادی اظہار رائے کے حق کی تذلیل کر رہے ہیں اور آئین کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔
قبل ازیں ایک ٹوئٹ میں عمران خان نے خبردار کیا کہ آج ہم اپنی آئینی تاریخ کےدوراہے پر کھڑےہیں جہاں ہم ترکی بن سکتے ہیں یا ایک اور میانمار میں تبدیل ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم میں ہر کسی کو انتخاب کرنا ہوگا کہ اسےتحریک انصاف کی طرح آئین، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کےساتھ کھڑا ہونا ہے یا کرپٹ مافیا، جنگل کے قانون اور فسطائیت کا ساتھ دینا ہے۔
عمران خان کا پارٹی کارکنان کے ساتھ افطار
قبل ازیں عمران خان نے زمان پارک میں اپنی رہائش گاہ کے باہر کیمپوں میں مقیم پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ افطار کیا۔
پارٹی کارکنان سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سربراہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف کے پاس پیسہ بہت ہے لیکن عوام میں کوئی عزت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف لندن کے مہنگے ترین علاقے میں رہتے ہیں لیکن انہیں روزانہ کی بنیاد پر عوام کی جانب سے گالیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، نواز شریف اور ان کا خاندان شہر کی سڑکوں پر آزادانہ طور پر گھوم نہیں سکتا، معاشرے میں آپ کی کتنی عزت ہے اس کا فیصلہ مال نہیں، صرف اللہ کرتا ہے۔