جسم میں موجود ’ریٹرو وائرس‘ کا کینسر کے خلاف مددگار ہونے کا انکشاف
برطانوی ماہرین کی طویل مگر تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ انسانی جسم میں لاکھوں سال سے موجود ’ریٹرو وائرس‘ حیران کن طور پر کینسر کے خلاف مددگار ثابت ہو رہا ہے جب کہ مذکورہ وائرس کو ہی سرطان کا سبب بھی مانا جاتا رہا ہے۔
’ریٹرو وائرسز‘ دراصل متعدد وائرسز کا مجموعہ ہیں، جنہیں اپنی کاپیاں بنوانے اور ان کاپیوں کو انسانی جسم میں پھیلانے کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔
خیال کیا جاتا ہے کہ یہ وائرسز پچاس کروڑ سال قبل سے انسانی جسم کا حصہ ہیں اور وائرسز انسان کے اس خلیے میں اپنی کاپی شامل کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو کسی بھی بیماری یا انفیکشن کی وجہ سے متاثر ہوا ہوتا ہے اور پھر مذکورہ کاپی ہمیشہ کے لیے انسانی جسم کا حصہ بن جاتی ہے اور وہ ایک سے دوسرے انسان میں بھی نسلوں تک منتقل ہوتی رہتی ہے۔
متعدد تحقیقات کے مطابق ’ریٹرو وائرسز‘ ایچ آئی وی سمیت کینسر جیسی بیماریوں کا سبب بھی بنتے رہے ہیں، تاہم حالیہ تحقیق سے معلوم ہوا کہ ان ہی وائرس کی ایک قسم کینسر کے خلاف انسان کی مدد کرتی ہے۔
طبی جریدے ’نیچر‘ میں شائع تحقیق کے مطابق لندن کے فرانسز کرک انسٹیٹیوٹ کے ماہرین نے ’ریٹرو وائرسز‘ کی ایک قسم کی جانب سے کینسر میں مدد فراہم کرنے پر تحقیق کی، جس سے معلوم ہوا کہ مذکورہ وائرس کینسر کی کچھ اقسام کو ختم کرنے کے لیے انسانی جسم کے مدافعتی نظام اور اینٹی باڈیز کو مدد فراہم کرتا ہے۔
اسی حوالے سے برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ نے بتایا کہ ماہرین نے تحقیق کے دوران پھیپھڑوں کے کینسر کے خلاف مدد فراہم کرنے پر ’ریٹرو وائرسز‘ کے کردار کو دیکھا اور وہ حیران رہ گئے کہ ماضی میں کینسر کا سبب بننے والا وائرس اب کینسر کے خلاف ہی انسانی جسم کی مدد کر رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق ’ریٹرو وائرس‘ کی مذکورہ قسم سے کینسر کے علاج اور کینسر سے تحفط کی ویکسین بنائی جا سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق حیران کن طور پر ’ریٹرو وائرس‘ اس وقت کینسر کے خلاف اچانک متحرک ہوجاتے ہیں جب کینسر بری طرح انسانی جسم کو متاثر کر رہا ہوتا ہے لیکن مذکورہ وائرس ہر طرح کے کینسر کے وقت متحرک نہیں ہوتے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ ’ریٹرو وائرس‘ کینسر کے وقت ’بی سیل‘ نامی ایک حصے میں جمع ہوجاتے ہیں جو اینٹی باڈیز بنانے کا کام کرتا ہے اور مذکورہ حصہ انسانی مدافعتی نظام کو مضبوط ہونے اور انفیکشنز سے لڑنے کی ہدایات بھی جاری کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ’ریٹرو وائرس‘ کی خاص قسم ’بی سیل‘ میں جمع ہوکر اینٹی باڈیز میں اپنی کاپی بناتے ہیں جو کینسر کے خلاف انسانی جسم کی مدد کرتے ہیں۔
تاہم ماہرین نے بتایا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’ریٹرو وائرس‘ کی خاص قسم ’بی سیل‘ میں کینسر کی مدد کے لیے کیوں جمع ہوتی ہیں اور اس کی کیا وجوہات ہو سکتی ہیں؟
ماہرین نے مذکورہ معاملے پر مزید تحقیق پر زور دیتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ اسی وائرس کی خصوصی قسم سے کینسر کے علاج اور اس کے تحفظ کی ویکسین بنائی جا سکتی ہے۔