• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

امریکا کا شام میں داعش کے سینیئر رہنما کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

شائع April 18, 2023
اس کارروائی کے دوران کسی شہری یا امریکی فوجی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا—فائل فوٹو: اے ایف پی
اس کارروائی کے دوران کسی شہری یا امریکی فوجی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا—فائل فوٹو: اے ایف پی

امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ گزشتہ روز شام میں امریکی ہیلی کاپٹر کے حملے میں داعش کا ایک سینیئر لیڈر مارا گیا جو یورپ اور مشرق وسطیٰ میں حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق سینٹرل کمانڈ نے ایک بیان میں کہا کہ 17 اپریل بروز پیر کی صبح امریکی سینٹرل کمانڈ کی فورسز نے شام میں داعش کے ایک سینیئر رہنما عبد الہادی محمود الحاجی علی کو ہلاک کر دیا۔

بیان میں کہا گیا کہ عبد الہادی محمود الحاجی علی مشرق وسطیٰ اور یورپ میں دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا، اس کے خلاف یہ کارروائی داعش کی جانب سے بیرون ملک اہلکاروں کو اغوا کرنے کی سازش کا انکشاف کرنے کے بعد انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر شروع کی گئی تھی۔

قبل ازیں امریکی سینٹرل کمانڈ کے ایک بیان میں عبد الہادی محمود الحاجی علی کا نام لیے بغیر کہا گیا تھا کہ شام میں حملے کے نتیجے میں ہدف بنایا گیا ایک شخص ممکنہ طور پر ہلاک ہوگیا ہے۔

دونوں بیانات میں داعش کے دیگر 2 کارندوں کی ہلاکتوں کی اطلاع بھی دی گئی تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، پہلے بیان میں کہا گیا کہ اس کارروائی کے دوران کسی شہری یا امریکی فوجی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ اس حملے میں شام کی ترکی کے ساتھ شمالی سرحد پر واقع شہر جرابلس سے 25 کلومیٹر مغرب میں واقع السویدہ گاؤں میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا، اس حملے میں مرکزی ہدف اور 2 دیگر جنگجو مارے گئے۔

بیان میں بتایا گیا کہ داعش رہنما کو اس سے قبل جرابلس کے جنوب میں کردوں کے زیر قبضہ شہر منبج میں قید کیا گیا تھا، اس نے تقریباً 6 ماہ قبل السویدہ میں ایک ترک نواز گروپ کی حفاظت میں پناہ لی تھی۔

مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ اس شخص کو اُس وقت ہلاک کیا گیا جب وہ بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا، اس کی لاش اس کے ایک بھائی کے حوالے کر دی گئی۔

دریں اثنا السویدہ میں ایک ترک حمایت یافتہ باغی گروپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کے 2 جنگجو امریکا کی جانب سے کیے جانے والے حملے کے مقام پر جانے کے بعد مارے گئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024