• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کیا فلم ڈیبیو کے بعد وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ مستقل اداکاری کریں گے؟

شائع April 26, 2023
دونوں میاں بیوی نے پہلی بار اداکاری کی —اسکرین شاٹ
دونوں میاں بیوی نے پہلی بار اداکاری کی —اسکرین شاٹ

سابق کرکٹر وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم نے ایکشن کامیڈی فلم ’منی بیک گارنٹی‘ سے فلمی کیریئر کا آغاز کردیا، جس کے بعد ان کے مداح انہیں مزید فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کرتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

دونوں میاں بیوی کی اداکاری کو سراہا گیا اور ان کی فلم کو دیکھنے والے افراد کے مطابق ان کی اداکاری کو دیکھ کر یہ گمان تک نہ ہوا کہ دونوں پہلی بار اداکاری کر رہے ہیں۔

’منی بیک گارنٹی‘ کو عید الفطر پر پاکستان سمیت دنیا کے 20 ممالک میں ریلیز کیا گیا تھا، فلم میں وسیم اکرم نے بینک منیجر جب کہ شنیرا اکرم نے امریکی صحافی بیلا کا کردار ادا کیا ہے جو پاکستانی سیاستدانوں کی کرپشن پر کام کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

فلم میں فواد خان نے وسیم اکرم کے اسسٹنٹ کا کردار ادا کیا ہے اور دونوں ایک ایسے بینک کے افسر ہوتے ہیں جو کرپشن کرنے والے سیاست دانوں کے پیسوں کو محفوظ بناتا ہے۔

فلم کو کہانی اور کرداروں کی وجہ سے کافی سراہا گیا اور اس نے دیگر ریلیز ہونے والی فلموں کے مقابلے اچھی کمائی بھی کی، لیکن شائقین یہ جاننے کو بے تاب ہیں کہ ڈیبیو کے بعد وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ اب مستقل بنیادوں پر اداکاری کرتے دکھائی دیں گے یا نہیں؟

اسی حوالے سے وسیم اکرم نے ’بی بی سی اردو‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کرکٹ کے زمانے سے ماڈلنگ کرتے آرہے تھے، تاہم پہلی بار انہوں نے فلم کے لیے کام کیا جو کہ ایک منفرد تجربہ تھا۔

وسیم اکرم کے مطابق ماڈلنگ میں اتنی محنت نہیں کرنی پڑتی، اس میں زیادہ سے زیادہ دو دن کے اندر اسکرپٹ یاد ہوجاتا ہے لیکن ڈراموں اور فلموں کی کہانی بڑی ہوتی ہے اور اسکرپٹ کو یاد رکھنا مشکل بن جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں فلموں میں کام کرنے کا کوئی شوق نہیں تھا لیکن انہوں نے اپنے دوست اور فلم ساز فیصل قریشی کی فرمائش پر فلم میں کام کیا جب کہ انہیں اسکرپٹ بھی اچھا لگا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

انہوں نے فلم کی کہانی اور کاسٹ کی تعریفیں کرتے ہوئے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران فواد خان اور جاوید شیخ سمیت تمام اداکاروں نے ان کے ساتھ تعاون کیا۔

وسیم اکرم نے اعتراف کیا کہ سپر اسٹار فواد خان کے سامنے اداکاری کرنے اور ڈائیلاگ بولنے میں انہیں پریشانی ہوئی لیکن فواد خان نے انہیں اس بات کا احساس تک نہیں ہونے دیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی اہلیہ فلم میں امریکی صحافی کے کردار میں بہت اچھی لگ رہی ہیں، جن سے وہ بطور بینک منیجر محبت بھی کر بیٹھتے ہیں۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

وسیم اکرم کے مطابق اگرچہ انہیں اس بات کا علم نہیں کہ ’منی بیک گارنٹی‘ فلم کتنی کمائی کرے گی، تاہم انہوں نے شائقین کو مشورہ دیا کہ وہ فلم دیکھنے کے لیے سینما ضرور جائیں، بہت اچھی فلم ہے۔

مستقل بنیادوں پر اداکاری کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر وسیم اکرم نے مبہم جواب دیا اور بتایا کہ انسان کو وہی کام کرنا چاہیے جو اسے آتا ہے اور جس کام میں اسے مزہ آتا ہو۔

انہوں نے اداکاری کو ماڈلنگ کے مقابلے مشکل قرار دیا، تاہم واضح طور پر مستقبل میں اداکاری کرنے یا نہ کرنے سے متعلق کوئی جواب نہیں دیا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ کامیڈی اور ایکشن فلموں سمیت اسی طرح کے ڈراموں میں بھی مستقبل میں دکھائی دیں گے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024