• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

مالاکنڈ: غداری اور دیگر سنگین الزامات، جوڈیشل مجسٹریٹ کا مراد سعید کی گرفتاری کا حکم

شائع May 4, 2023
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

مالاکنڈ کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے غداری اور دیگر سنگین الزامات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مراد سعید کی گرفتاری کا حکم نامہ جاری کردیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ درگئی ریاض اسلم خان نے پی ٹی آئی رہنما و سابق وفاقی وزیر مراد سعید کی گرفتاری کا باضابطہ حکم نامہ جاری کردیا ہے۔

عدالت نے حکم نامے میں مراد سعید کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

مراد سعید کے خلاف لیویز پوسٹ درگئی میں دفعہ 204 کے تحت غداری اور دیگر سنگین قسم الزامات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

ادھر پاکستان تحریک انصاف کے ڈویژنل صدر فضل حکیم خان نے مراد سعید کے خلاف مقدمے کے اندراج کے خلاف آج سوات موٹروے اور لیویز لائن مالاکنڈ خاص میں ڈویژن سطح پراحتجاج کا اعلان کیا ہے۔

مالاکنڈ ڈویژن پاکستان تحریک انصاف کے صدر و سابق ایم پی اے فضل حکیم یوسفزئی نے ڈان نیوز کو بتایا کہ مراد سعید کی گرفتاری کسی بھی صورت قبول نہیں ہے، اس کے خلاف بھرپور مزاحمت کریں گے۔

سابق ایم پی اے فضل حکیم یوسفزئی نے کہا کہ کارکن تیار ہیں، آج مالاکنڈ میں بڑا احتجاج کرنے جا رہے ہیں، مالاکنڈ لیویز اور ڈی سی آفس کے سامنے دھرنا دیں گے اور ہزاروں کی تعداد میں کارکنان اپنے لیڈر مراد سعید کے لیے نکل آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت میں ہمیں ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے، مراد سعید کا گناہ صرف یہی ہے کہ وہ سوات کے امن کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں اور سارا ڈرامہ عوام کے سامنے لائے ہیں۔

سابق ایم پی اے نے کہا کہ مراد سعید نے فیصلہ کر لیا ہے کہ ہم مزید جنازے اٹھانے کے بجائے آواز اٹھائیں گے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کے خلاف درگئی مالاکنڈ سے تعلق رکھنے والے شخص خورشید کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024