• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بھارت: سکھوں کے مقدس مقام گولڈن ٹیمپل کے قریب 36 گھنٹوں میں 2 دھماکے

شائع May 9, 2023
ڈائریکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ دھماکوں میں دہشت گردی کا عنصر خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا—تصویر: اے ایف پی
ڈائریکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ دھماکوں میں دہشت گردی کا عنصر خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا—تصویر: اے ایف پی

بھارت کے شہر امرتسر میں سکھوں کے مقدس مقام گولڈن ٹیمپل کے اطراف کے علاقے میں 36 گھنٹوں کے دوران 2 دھماکے ہوئے۔

ڈان اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا۔

سکھ اکثریت والی بھارتی کی شمالی ریاست پنجاب کے شہر میں پہلا دھماکا ہفتے کی رات کو ہوا جس کے بارے میں پولیس کا کہنا تھا کہ وہ تحقیقات کررہی ہے، اس دھماکے میں ایک شخص زخمی ہوا۔

پنجاب پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ دہشت گردی کا عنصر خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا اور ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ اس میں دیسی ساختہ ڈیوائس استعمال کی گئی۔

گوراو یادو کا کہنا تھا کہ دھماکا اس وقت ہوا جب ایک راہگیر نے غلطی سےڈوری کھینچ لی، جس کے بعد کنٹینر نیچے گرا اور پھٹ گیا۔

گولڈن ٹیمپل ایک بڑے مصنوعی تالاب کے ساتھ چمکتی ہوئی عمارت ہے جس کی تعظیم دنیا بھر کے سکھ کرتے ہیں۔

ماضی میں یہاں پر تشدد مناظر دیکھنے میں آچکے ہیں خاص کر اس وقت جب 1984 میں سکھ عسکریت پسندوں کو نکالنے کے لیے انڈین اسپیشل فورسز نے یہاں دھاوا بولا تھا۔

وہاں موجود عقیدت مندوں نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پیر کے علی الصبح ہوئے دھماکے کے فوراً بعد حکام موقع پر پہنچ گئے اور فارنزیک نمونے اکٹھے کیے۔

اس وقت بھی گوردوارے میں سیکڑوں افراد موجود تھے، یہاں روزانہ آنے والے ایک یاتری جسبیر سنگھ پتی کا کہنا تھا کہ ’اس طرح کے واقعات افراتفری پھیلارہے ہیں‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’وقت آگیا ہے پولیس انتظامیہ فوری کارروائی کرے اور عوام کے سامنے سچائی لائے‘۔

اسی علاقے میں ہفتے کے روز ہوئے دھماکے کے نتیجے میں متعدد کھڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے، اس روز عموماً2 لاکھ افراد یہاں آتے ہیں۔

مارچ میں ایک علیحدگی پسند سکھ رہنما کی گرفتاری کے لیے کئی روز تک سرچ آپریشن کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں سکھ برادری نے احتجاجی مظاہرے کیے تھے۔

تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کیا دھماکوں کا تعلق اس سے تھا۔

30 سالہ امرت پال سنگھ کو تلاش کرنے کی کوشش میں شمالی ریاست میں ہزاروں افسران کو تعینات کیا گیا تھا اور کئی روز تک موبائل انٹرنیٹ منقطع کر دیا گیا تھا، جس کے بعد گزشتہ ماہ انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

امرت پال سنگھ خالصتان کے نام سے ایک علیحدہ سکھ وطن کا مطالبہ دہرانے پر نمایاں ہوئے، جس کے لیے 1980 اور 1990 کی دہائیوں میں کی گئی جدوجہد نے بھارت میں مہلک تشدد کو جنم دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024