چوہدری وجاہت حسین پی ٹی آئی چھوڑ کر واپس مسلم لیگ (ق) میں چلے گئے
بظاہر 9 مئی کو ریاستی عمارتوں اور فوجی تنصیبات پر آتش زنی کے حملوں کے تناظر میں پاکستان تحریک انصاف کو ایک اور دھچکا لگا جب چوہدری پرویز الٰہی کے بھائی نے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا اور دوبارہ اپنی پارٹی میں واپس چلے گئے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اپنی خاندانی پارٹی میں واپسی کا اعلان کرنے سے قبل وجاہت حسین نے مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے بڑے بھائی اپنے چھوٹے بہن بھائیوں کی غلطیوں کو بھلا کر انہیں وطن واپس خوش آمدید کہیں گے۔
پرویز الٰہی نے اپنے تمام منتخب ایم پی اے اور ایم این ایز کے ساتھ گزشتہ سال پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا اور بعد میں انہیں پی ٹی آئی کے مرکزی صدر کا قلمدان سونپا گیا تھا۔
9 مئی کے فسادات کی مذمت کرتے ہوئے چوہدری وجاہت نے کہا کہ پورا پاکستان ریاستی عمارتوں اور فوجی تنصیبات پر آتش زنی کے حملوں کی مذمت کر رہا ہے اور وہ پرویز الٰہی سے بھی گھر واپس آنے کے لیےکہیں گے، اور ایک متحد قوت کے طور پر خاندانی سیاست میں شامل ہونے کی اہمیت پر زور دیں گے۔