شہدا کو حیاتِ جاوداں عطا کی گئی، ان کی قربانیوں کو کوئی زائل نہیں کر سکتا، جنرل عاصم منیر
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جو کچھ 9 مئی کو ہوا، وہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے، وہ شہدا جنہیں اللہ رب العزت نے حیاتِ جاوداں عطا فرما دی، ان کی قربانیوں کو کوئی زائل نہیں کر سکتا۔

یومِ تکریمِ شہدا پاکستان کے حوالے سے آرمی چیف نے پولیس لائن اسلام آباد کا دورہ کیا، پولیس لائن آمد پر کا جنرل سید عاصم منیر کا استقبال انسپیکٹر جنرل اسلام آباد پولیس ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے کیا۔
انہوں نے پولیس افسران اور جوانوں کے ساتھ ساتھ پولیس کے شہدا کے لواحقین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاست کی علامت اور سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں جو ملک و قوم کے وقار کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔