• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

ڈیرہ اسمٰعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب دھماکا، 22 اہلکار زخمی

شائع May 28, 2023
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دھماکا ایک خودکش حملہ تھا — فائل فوٹو: ڈان
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دھماکا ایک خودکش حملہ تھا — فائل فوٹو: ڈان

ڈیرہ اسمٰعیل خان میں صدر تھانے کی حدود میں چہکان کے علاقے میں ایک موٹرسائیکل پر سوار خودکش بمبار نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تقریباً 22 اہلکار زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دھماکا ایک خودکش حملہ تھا، موٹر سائیکل پر سوار ایک نامعلوم خودکش حملہ آور نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے کے نزدیک خود کو دھماکے سے اڑا لیا، حملے کے نتیجے میں کم از کم 22 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔

اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے اس خبر کے شائع ہونے تک کوئی باضابطہ بیان موصول نہیں ہوا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ قافلہ جنوبی وزیرستان کے ضلع منزہ جا رہا تھا جب اس پر حملہ ہوگیا، خودکش حملے کے بعد علاقے کو فوری طور پر گھیرے میں لے لیا گیا۔

عہدیدار نے بتایا کہ ان زخمی اہلکاروں کو ڈیرہ اسمٰعیل خان کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق قافلے پر وانا پیٹرول پمپ کے قریب حملہ کیا گیا، خودکش حملہ آور عقب سے آیا اور قافلے کے درمیان سے گزر کر قافلے میں شامل چوتھی گاڑی کے سامنے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

انہوں نے کہا کہ عین ممکن ہے کہ خودکش حملہ آور پیٹرول پمپ پر سیکیورٹی فورسز کے قافلے کا انتظار کر رہا تھا جو کہ جائے وقوع سے تقریباً 400 میٹر کے فاصلے پر ہے۔

حملے کے فوری بعد ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) عبدالرؤف بابر قیصرانی کی سربراہی میں پولیس کی نفری سیکیورٹی فورسز کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر مشترکہ سرچ آپریشن شروع کردیا۔

زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں میں حوالدار تنویر، حوالدار ذوالفقار، لانس نائیک مصطفیٰ، سپاہی حنیف، سپاہی نواز، نائیک لیاقت، لانس نائیک فراز، نائیک شاہد، سپاہی سکندر، میر جعفر، امیر اصغر، نائیک اظہر، نائیک موسیٰ، سپاہی فدا حسین، سپاہی صاحب کمال، سپاہی کامران، سپاہی تنظیم، سپاہی عارف، باسط علی اور سلیم سمیت حجام وسیم اور ڈرائیور سپاہی منیب شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024