• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

سندھی زبان سے متعلق متنازع بیان، نصیرالدین شاہ نے اعتراف کے بعد معافی بھی مانگ لی

شائع June 11, 2023
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ فنکار نصیر الدین شاہ نے پاکستان میں سندھی زبان سے متعلق اپنی غلطی کا اعتراف کرنے کے بعد پاکستان میں سندھی زبان بولنے والوں سے معافی بھی مانگ لی۔

یاد رہے کہ نصیر الدین شاہ نے 5 جون کو بھارتی یوٹیوبر کو دیے گئے انٹرویو میں برصغیر کی زبانوں پر بات کرتے ہوئے سندھی زبان سے متعلق بے بنیاد دعویٰ کیا تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اب سندھی زبان پاکستان میں نہیں بولی جاتی۔

ان کی جانب سے پاکستان میں سندھی زبان نہ بولے جانے کے دعوے کے بعد جہاں پاکستانی شوبز شخصیات نے ان کے دعوے پر ردعمل دیا تھا، وہیں عام سوشل میڈیا صارفین نے بھی اداکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں سندھ آنے کی دعوت دی تھی تاکہ وہ یہاں آکر سندھی زبان بولنے والوں کو دیکھ سکیں۔

پاکستانی ہدایت کار اور ڈائریکٹر یاسر نواز، دانش نواز اور اداکارہ منشا پاشا نے ایک ساتھ سندھی زبان میں کہا کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ آج بھی سندھی زبان بولتے ہیں۔

’پاکستان میں سندھی بولنے والوں سے معافی مانگتا ہوں‘

بیان کے کئی روز بعد نصیرالدین شاہ نے فیس بُک پر لکھا کہ ’میں پاکستان میں اُن تمام سندھی بولنے والوں سے معذرت کرتا ہوں جو میری غلط رائے سے ناراض ہوئے، میں مانتا ہوں کہ مجھے علم نہیں تھا لیکن کیا اس کے لیے مجھ پر حملہ کرنا ٹھیک ہے؟‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’سچ کہوں تو کئی سال تک غلطی سے ذہین شخص سمجھے جانے کے بعد ’جاہل‘ اور ’دکھاوے کا دانشور‘ جیسے القاب سے لطف اندوز ہورہا ہوں، یہ بڑی تبدیلی ہے۔‘

یاد رہے کہ نصیر الدین شاہ نے اس سے قبل بھی سندھی زبان سے متعلق اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے غلط بات کی ہے۔

انہوں نے وضاحت کی تھی کہ ان کی جانب سے انٹرویو میں کہی گئی دو باتوں پر غیر ضروری تنازع کیا گیا، جس میں سے ایک بات ان کی غلطی تھی۔

اداکار نے واضح کیا کہ انہوں نے سندھی زبان سے متعلق غلط بات کی اور وہ مذکورہ معاملے پر غلط تھے۔

ساتھ ہی نصیر الدین شاہ نے کہا کہ انٹرویو میں ان کی جانب سے مراٹھی اور فارسی زبان میں تعلق سے متعلق کہی گئی بات پر بھی تنازع کیا گیا جو کہ غلط تھا اور وہ اب بھی اپنی بات پر قائم ہیں۔

ان کے مطابق انہوں نے صرف یہ کہا تھا کہ مراٹھی زبان کے بہت سارے الفاظ فارسی سے لیے گئے اور اس میں کوئی غلط بات نہیں۔

نصیر الدین شاہ نے مزید لکھا کہ اردو زبان خود بھی فارسی، ترک اور عربی زبان کا مرکب ہے جب کہ انگریزی میں بہت سارے الفاظ یورپی زبانوں کے ہیں اور اس معاملے پر وہ اب بھی قائم ہیں اور اسی حوالے سے ان پر کی جانے والی تنقید غیر ضروری ہے۔

تاہم ساتھ ہی انہوں نے سندھی زبان سے متعلق کیے گئے اپنے دعوے پر غلطی تسلیم کی، جس پر پاکستانی شوبز شخصیات، سوشل میڈیا صارفین اور سندھی زبان بولنے والے افراد اداکار سے خوش دکھائی دیے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024