• KHI: Fajr 5:10am Sunrise 6:26am
  • LHR: Fajr 4:38am Sunrise 5:59am
  • ISB: Fajr 4:42am Sunrise 6:05am
  • KHI: Fajr 5:10am Sunrise 6:26am
  • LHR: Fajr 4:38am Sunrise 5:59am
  • ISB: Fajr 4:42am Sunrise 6:05am

گجرات: انسانی اسمگلرز کے خلاف مزید 5 مقدمات درج

شائع June 23, 2023
ایف آئی اے کی جانب سے گرفتار مقامی ایجنٹوں کی تعداد اب 9 ہو گئی ہے— فائل فوٹو: ڈان نیوز
ایف آئی اے کی جانب سے گرفتار مقامی ایجنٹوں کی تعداد اب 9 ہو گئی ہے— فائل فوٹو: ڈان نیوز

یونان کے ساحل پر کشتی کے حادثے کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے گجرات میں انسانی اسمگلروں کے خلاف مزید 5 مقدمات درج کر لیے ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ان مقدمات میں ایک اور مشتبہ شخص کی گرفتاری کے ساتھ ایف آئی اے کی جانب سے گرفتار مقامی ایجنٹوں کی تعداد اب 9 ہو گئی ہے۔

اب تک گجرات اور منڈی بہاؤالدین کے اضلاع سے سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کے قریبی خاندانوں سے تعلق رکھنے والے کم از کم 118 افراد کے ڈی این اے نمونے لیے جا چکے ہیں، توقع ہے کہ ڈی این اے رپورٹس سے یونانی حکام کو سمندر سے نکالی گئی لاشوں کی شناخت میں مدد ملے گی۔

گجرات ایف آئی اے کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر ارتضیٰ انصر وڑائچ نے ڈان کو بتایا کہ تازہ ترین المناک واقعے میں ہلاک غیر قانونی تارکین وطن کو بیرون ملک بھیجنے میں ملوث انسانی اسمگلروں کے خلاف اب تک 21 مقدمات درج کیے گئے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ابرار کے نام سے ایک اور ایجنٹ کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مسلسل چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

قائم مقام ڈپٹی ڈائریکٹر گجرات ایف آئی اے سرکل نے بتایا کہ انسانی اسمگلنگ میں پاکستان، مصر اور لیبیا کے انسانی اسمگلروں پر مشتمل بین الاقوامی مافیا ملوث ہے، لیبیا سے تعلق رکھنے والا ایک بدنام زمانہ سنار آصف سنیارا اور گجرات کے رہائشی اس کے دو بھائی بنیادی طور پر علاقے میں اپنے مقامی ذیلی ایجنٹوں کی مدد سے یہ ریکٹ چلا رہے تھے اور یہ سب ایجنٹس ان لوگوں کی طرف سے انہیں یورپ بھیجنے کے لیے رقم وصول کرتے ہیں۔

ایف آئی اے افسر نے بتایا کہ اسمگلروں نے غیر قانونی تارکین وطن کے طویل قیام کے لیے لیبیا میں محفوظ پناہ گاہیں بنا رکھی ہیں جو پاکستان سے ہوائی جہاز سے نکلنے کے بعد مختلف ممالک کے راستے وہاں پہنچ جاتے ہیں اسمگلر انہیں کشتیوں پر لیبیا سے اٹلی بھیجتے تھے۔

معلوم ہوا ہے کہ سانحہ کشتی کے متاثرین کے لواحقین نے اب انسانی اسمگلروں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لیے ایف آئی اے میں شکایات درج کرانا شروع کر دی ہیں کیونکہ ابتدائی طور پر ایف آئی اے نے شکایت کی تھی کہ حادثے کا شکار افراد کے لواحقین ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے میں ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔

کشتی حادثے کے متاثرین کے اہل خانہ کی شکایت پر اب ان اسمگلروں کے خلاف مزید مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ ابتدائی طور پر گجرات میں ایف آئی اے حکام کی رپورٹ پر کچھ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024