• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

شائستہ لودھی کی مارننگ شوز کے ’عجیب وغریب آئیڈیاز‘ پر وضاحت

شائع July 2, 2023
شائستہ لودھی نے سنہ 2011 میں پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری میں بطور وی جے قدم رکھا تھا— فائل فوٹو: یوٹیوب/انسٹاگرام
شائستہ لودھی نے سنہ 2011 میں پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری میں بطور وی جے قدم رکھا تھا— فائل فوٹو: یوٹیوب/انسٹاگرام

نامور ٹی وی میزبان ڈاکٹر شائستہ لودھی نے اپنے مارننگ شوز میں عجیب و غریب آئیڈیاز کی وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’سب ہم پر ہی الزام لگاتے ہیں، انہیں کوئی کچھ نہیں کہتا جو ہمیں ایسے آئیڈیاز دیتا ہے۔‘

شائستہ لودھی نے حال ہی میں جیو انٹرٹینمنٹ کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ اور سما نیوز کے پروگرام ’حد کردی‘ میں شرکت کی۔

سما پروگرام کے میزبان مومن ثاقب نے کہا کہ ’جب آپ مارننگ شوز کرتی تھیں تو لوگوں کی شادیاں کرواتے کرواتے بکروں کی بھی شادی کروانا شروع کردی؟ شادیاں کروانا ثواب کا کام ہے لیکن بکروں کی شادی کون کرواتا ہے؟ بعدازاں پروگرام کے دوران وہ تصویر بھی دکھائی گئی جب شائستہ نے اپنے مارننگ شو میں بکروں کی شادی کروائی تھی۔

جس پر شائستہ نے جواب دیا کہ ’کیا صرف انسانوں کی شادی کروانا ثواب کا کام ہے۔‘

میزبان نے تصویر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے بکرا اور بکری کی شادی کروائی تھی اب دونوں کے 4 چھوٹے بچے بھی ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’چونکہ بکری بہت چھوٹی تھی اس لیے اسے ڈائپر بھی پہنا دیا تھا‘، جس پر مومن ثاقب حیران دکھائی دیے تو شائستہ نے کہا کہ ’میں جو کچھ کہہ رہی ہوں سچ کہہ رہی ہوں، یقین کریں، ہم نے بکری کو ڈائپر اس لیے پہنایا تاکہ اسٹوڈیو گندا نہ ہو‘۔

جس پر پروگرام میں موجود شرکا ہنس پڑے، تاہم شائستہ نے کہا کہ ’اس میں ہنسنے کی بات نہیں ہے بلکہ یہ ایک گہری بات ہے۔‘

دوسری جانب شائستہ لودھی نے جب جیو انٹرٹیمنٹ کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت تو میزبان نے پوچھا کہ ’غالباً آپ نے عیدالاضحیٰ کے شو کے دوران ہی بکرا اور بکری کی شادی کروائی تھی۔‘

جس پر شائستہ نے کہا کہ ’اس وقت ’بکرا‘ اسٹوڈیو میں بہت مسئلہ کر رہا تھا جس پر ہمیں مجبوراً اسے ڈائپر پہنانا پڑا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہر کوئی مجھ پر الزام لگا رہتا ہے، لیکن انہیں کوئی کچھ نہیں کہتا جو ہمیں یہ آئیڈیاز دیتا ہے۔‘

شائستہ لودھی نے کہا کہ ’آپ میری سادگی دیکھیں، پروڈیوسر نے ہمیں یہ آئیڈیا دیا تھا اور ہم اس پر عمل بھی کر رہے تھے۔‘

اسی پروگرام کے دوران تابش ہاشمی نے پرانی تصویر دکھائی جہاں شائستہ لودھی کوبرا کو بوسہ دے رہی ہیں، یہ تصویر شائستہ لودھی کے 2010 کے پروگرام کی تھی، جب انہوں نے اپنے شو میں وقار ذکا کو بطور مہمان بلایا تھا۔

شائستہ نے اس خطرناک مظاہرے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں یہ کر رہی تھی، مجھے اندازہ نہیں تھا کہ ایسا ہوجائے گا، کوبرا کو بوسہ دینے سے قبل میں نے ایک ہفتےتک پریکٹس کی تھی۔‘

میزبان نے بتایا کہ سانپ کو بوسہ دینا میری اپنی مرضی تھی، ایسا کرنے کے لیے مجھے کسی نے نہیں کہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک دن وقار ذکا میرے پروگرام میں آئے ہوئے تھے، انہوں نے بریک کے دوران مجھے اس چیلنج کا بتایا، لائیو پروگرام میں جب وقار نے سانپ سامنے رکھ کر چیلنج کرنے کا کہا تو میں نے بھی کردیا۔

شائستہ نے بتایا کہ ’اس وقت لائیو جانے سے پہلے وقار ذکا نے بتایا تھا کہ سانپ کا زہر نکالے ہوئے کئی سال گزر گئے ہیں تو اب اس میں یقینی طو رپر زہر ہوگا، لیکن مجھے اس بات کا اندازہ نہیں تھا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ خطرناک مظاہرہ کرنے کے بارے میں انہوں نے اپنے والدین کو نہیں بتایا تھا، ’میرے والدین اس بات سے لاعلم تھے، جب یہ شو ٹی وی پر نشر ہوا تو میرے والدین کو فون کالز آنا شروع ہوئیں تو والد نے مجھے کال کرکے پوچھا، یہ کیا پاگل پن کیا ہے؟‘ جس پر میں نے کہا ’اب تو ہوگیا جو ہونا تھا‘۔

یاد رہے کہ سنہ 2011 میں بطور وی جے قدم رکھنے والی شائستہ لودھی نے مارننگ شوز سے شہرت سمیٹی اور سنہ 2016 میں انہوں نے اداکاری کی شروعات کی اور ڈراما سیریل ’وعدہ‘ اور پھر ’خان‘ میں کام کیا۔

ڈاکٹر شائستہ لودھی نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی سے ایم بی بی ایس کی تعلیم حاصل کی۔

شوبز انڈسٹری اور بطور ٹی وی میزبان کام کرنے، شادی اور پھر بچوں کی ذمہ داریوں کے باوجود انہوں نے کبھی بھی اپنے پیشے سے مکمل علیحدگی اختیار نہیں کی، وہ کہتی ہیں کہ انہیں میڈیا میں کام کرنے سے زیادہ میڈیکل کی نوکری کرنے میں مزہ آیا ہے۔

شائستہ لودھی اب بطور Aesthetic physician کے نام سے اپنا کلینک چلاتی ہیں جس کی شاخیں کراچی اور لاہور میں ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024