• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

خوبصورت نظر آنے کیلئے کاسمیٹک سرجری کرانے میں حرج نہیں، بشریٰ انصاری

شائع July 3, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

لیجنڈری اداکارہ، پروڈیوسر و گلوکارہ بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ بڑھتی عمر میں خوبصورت نظر آنے کے لیے کاسمیٹک سرجری کروانے میں کوئی حرج نہیں، البتہ نوجوان لڑکیوں کو پلاسٹک سرجری نہیں کروانی چاہیے۔

بشریٰ انصاری نے حال ہی میں ملیحہ رحمٰن کو دیے گئے انٹرویو میں اپنے مقبول ڈرامے ’تیرے بن‘ میں اپنے کردار سمیت جلد ریلیز ہونے والے اپنے اسٹینڈ اپ کامیڈی شو ’ملکہ تبسم‘ کے حوالے سے بھی کھل کر باتیں کیں۔

انہوں نے دوران انٹرویو خواتین کی بڑھتی عمر اور صحت کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور اپنی فٹنس کے حوالے سے بھی بات کی۔

بشریٰ انصاری کے مطابق ان کی عمر 67 برس ہے اور اگر وہ کسی کو 57 سال کی لگتی ہیں تو یہ بہت اچھی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتی عمر کو طعنہ نہیں سمجھنا چاہیے اور ہر کسی کو اپنی عمر کو تسلیم کرکے آگے بڑھنا چاہیے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی عمر کے حساب سے مطمئن ہیں اور وہ اپنی صحت کا اپنی مرضی کے مطابق خیال رکھتی ہیں، وہ زیادہ ڈائٹ پسند نہیں کرتیں، البتہ وہ صحت مند غذائیں کھاتی ہیں۔

ان کے مطابق وہ صبح کو بھرپور ناشتہ کرنے کے بعد دوپہر کا کھانا نہیں کھاتیں، دوپہر کو صرف پھل کھاتی ہیں اور پھر رات کا کھانا کھاتی ہیں جب کہ ان کا وزن قدرتی طور پر شروع سے ہی کم تھا۔

بشریٰ انصاری کے مطابق جب انہوں نے مقبول ڈراما ’آنگن ٹیڑھا‘ کیا تب ان کی عمر 27 برس تھی اور میں نے اس میں 60 سالہ خاتون کا کردار ادا کیا تھا لیکن اس وقت لوگ انہیں 38 سال کا سمجھتے تھے۔

میزبان کی جانب سے کاسمیٹک سرجری کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر بشریٰ انصاری نے واضح کیا کہ ان کی ذاتی خیال ہے کہ بڑھتی عمر میں خواتین کو خوبصورت نظر آنے کے لیے ہلکی پھلکی کاسمیٹک سرجری کروانی چاہیے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ خود بھی خوبصورت اور جاذب نظر آنے کے لیے کاسمیٹک سرجری کرواتی ہیں، کیوں کہ ان کی عمر زیادہ ہو رہی ہے، اس لیے وہ چاہتی ہیں کہ خوبصورت نظر آئیں۔

بشریٰ انصاری کے مطابق وہ شائستہ لودھی کے پاس جاتی ہیں اور ان سے اپنی آنکھوں کے سائیڈ میں بوٹوکس کروا کر خوبصورتی بڑھاتی ہیں لیکن وہ زیادہ کاسمیٹک سرجری نہیں کرواتیں۔

ان کے مطابق وہ نہ تو گالوں پر کاسمیٹک سرجری کرواتی ہیں اور نہ ہی انہوں نے کبھی ہونٹوں کو بڑا کرنے کے لیے کوئی طریقہ کار کروایا۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ حد سے زیادہ کاسمیٹک سرجری کروانے کے حق میں نہیں، وہ کبھی ایسی کاسمیٹک سرجری نہیں کروائیں گی کہ وہ پلاسٹک نظر آئیں۔

ان کے مطابق نوجوان لڑکیوں کو کاسمیٹک سرجری نہیں کروانی چاہیے، البتہ انہیں چہرے کے غیر ضروری بال یا داغ ہٹانے کے لیے ضروری کام کروانے ہوں تو وہ کروا سکتی ہیں۔

بشریٰ انصاری نے نام لیے بغیر کہا کہ ایک خاتون وزیر ہیں جنہوں نے اس طرح کاسمیٹک سرجری کروائی ہے کہ ان کا چہرہ ہی تبدیل ہوگیا ہے اور وہ دوسری طرح نظر آتی ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا کبھی کسی شخص کو ان کا چہرہ تبدیل نظر آیا؟

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024