• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

آصفہ بھٹو زرداری جاپان میں نجی دورے پر ہیں، اخراجات خود برداشت کر رہی ہیں، پی پی پی

شائع July 3, 2023
فوٹو: بلاول بھٹو زرداری ٹوئٹر
فوٹو: بلاول بھٹو زرداری ٹوئٹر

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سیکریٹری اطلاعات اور وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا ہے کہ آصفہ بھٹو زرداری ’نجی دورے‘ پر جاپان گئی ہیں اور وہ اپنے اخراجات خود برداشت کر رہی ہیں۔

چیئرمین پی پی پی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جاپانی حکومت کی طرف سے دعوت ملنے کے بعد 4 روزہ سرکاری دورے پر جاپان پہنچے ہیں اور انہوں نے ٹوکیو میں پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کی جہاں ان کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری بھی ان کے ساتھ موجود تھیں۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے سرکاری دورے کے دوران پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات میں آصفہ بھٹو زرداری کی موجودگی پر ٹوئٹر صارفین نے شدید تنقید کرتے ہوئے ٹیکس دہندگان کے پیسوں کا غلط استعمال قرار دیا تھا۔

جماعت اسلامی کراچی کے سربراہ حافظ نعیم الرحمٰن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس تصویر میں نیا کچھ نہیں، بادشاہت میں یہ ہوتا ہے کہ غلام قوم کے نئے آقاؤں کو اسی طرح قوم کے خرچوں پر تیار کیا جاتا ہے‘۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اس ملک میں جمہوریت پر روز شب خون مارا جاتا ہے، پی پی ہو یا مسلم لیگ (ن)، خاندان ہیں، ان کی شہزادیاں اور شہزادے ہیں، پارٹی کے سب لوگوں کی حیثیت درباریوں اور نورتنوں کی ہے اور عوام کے خون پسینے کی کمائی پر عیاشیاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’اب زمانہ بدل رہا ہے یہ سب کچھ اب زیادہ دیر تک نہیں رہ سکے گا‘۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی اعوان نے کہا کہ یہ ہیں ایک ایسے ملک کے وزیر خارجہ جس کی معیشت ڈیفالٹ کے دہانے پر ہے اور موصوف اپنی بہن سمیت ایک بڑے گروپ کے ہمراہ دنیا بھر کی سیر کرتے پھر رہے ہیں۔

علی اعوان نے کہا کہ جمہوری اقدار کا راگ الاپنے والے بلاول بتانا پسند کریں گے کہ آصفہ کس حیثیت سے بیرونی دوروں پر ان کے ہمراہ ہیں؟

انہوں نے کہا کہ دیوالیہ پن کے خدشے سے دوچار ملک کے عوام کے ٹیکس کا پیسہ ایسے بے دریغ استعمال کرنا ظلم نہیں؟

تاہم پی پی پی رہنما شازیہ مری نے کہا کہ آصفہ بھٹو زرداری نجی دورے پر جاپان گئی ہیں اور وہ سرکاری ملاقاتوں میں شرکت نہیں کر رہی ہیں۔

شازیہ مری نے کہا کہ آصفہ نے صرف پاکستانی کمیونٹی اور پاکستانی کاروباری کمیونٹی کے دوستوں کی تقریبات میں شرکت کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین نے اس بات کو اٹھایا ہے لیکن اس مہم میں کوئی میرٹ نہیں ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024