• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

خیبرپختونخوا: ضلع شانگلہ میں لینڈ سلائیڈنگ سے 8 بچے جاں بحق

شائع July 6, 2023
ریسکیو1122 کے اہلکار امدادی کام میں مصروف ہیں–فائل فوٹو: عمرباچا
ریسکیو1122 کے اہلکار امدادی کام میں مصروف ہیں–فائل فوٹو: عمرباچا

خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں کرکٹ گراؤنڈ پر لینڈ سلائیڈ سے 8 بچے جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

شانگلہ کے ڈپٹی کمشنر حسن عابد نے اسے قبل 9 بچوں کے جاں بحق ہونے کی خبر دی تھی تاہم 8 بچوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر شانگلہ حسن عابد نے کہا کہ مرتونگ کے علاقے کز کلے میں ایک کرکٹ گراؤنڈ پر بچے کھیل رہے تھے کہ لینڈ سلائیڈ ہوگئی اور بچے اس کے نیچے دب گئے تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں امدادی سرگرمی میں مصروف ہیں جبکہ رورل ہیلتھ سینٹر مرتونگ سمیت تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پران میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر 6 بچوں کی لاشیں اور ایک بچی کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا تھا اور بھاری مشینری کے ذریعے دیگر بچوں کی تلاش جاری تھی اور مزید لاشیں نکال لی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ زخمی بچی اور لاشوں کو رورل ہیلتھ سینٹر مرتونگ میں منتقل کردیا گیا ہے اور ریسکیو آپریشن میں مقامی لوگ بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

ڈی سی حسن عابد نے بتایا کہ حکومت خیبرپختونخوا کی پالیسی کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 2 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

مقامی افراد نے بتایا کہ جاں بحق بچوں کی عمریں 9 سال سے 14 سال کے درمیان تھیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 12 جنوری 2022 کو خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں ایک گھر لینڈ سلائیڈ کی زد میں آیا تھا، جس کے نتیجے میں دو بچے جاں بحق ہوئے تھے جبکہ خاندان کے 9 افراد دب گئے تھے۔

شانگلہ کے ڈپٹی کمشنر ضیاالرحمٰن نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا تھا کہ شدید لینڈ سلائیڈنگ سے شانگلہ کے علاقے کوز الپوری کے رہائشی خورشید خان کا گھر زد میں آیا اور گھر مکمل طور پر زیر زمین آگیا اور تمام مکین بھی دب گئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024