• KHI: Fajr 5:10am Sunrise 6:26am
  • LHR: Fajr 4:38am Sunrise 5:59am
  • ISB: Fajr 4:42am Sunrise 6:05am
  • KHI: Fajr 5:10am Sunrise 6:26am
  • LHR: Fajr 4:38am Sunrise 5:59am
  • ISB: Fajr 4:42am Sunrise 6:05am

مالی مشکلات کے باوجود جنید جمشید نے قرض لوٹایا، وجاہت رؤف

شائع July 12, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

اداکار، میزبان اور ہدایت کار وجاہت رؤف نے انکشاف کیا ہے کہ مرحوم جنید جمشید نے انتہائی مالی مشکلات کے باوجود ان کا 800 ڈالرز کا قرض لوٹایا اور کہا کہ وہ کسی کے مقروض ہوکر خدا کے پاس جانا نہیں چاہتے۔

وجاہت رؤف اہلیہ شازیہ وجاہت کے ہمراہ حال ہی میں سما ٹی وی کے شو ’حد کردی‘ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے شوبز سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں دونوں شخصیات نے بتایا کہ جب ان کی عمر 18 سال تھی، تب دونوں نے منگنی کرلی تھی اور دونوں ایک ساتھ کالج میں بھی پڑھے۔

ان کے مطابق ان کی شادی کو 25 سال گزر چکے اور دونوں کے درمیان کبھی کوئی شدید تنازع نہیں ہوا البتہ کام سمیت دیگر معاملات پر ان میں معمولی جھگڑے ہوتے رہتے ہیں۔

وجاہت رؤف نے واضح کیا کہ دونوں میاں بیوی ہونے کے باوجود ایک دوسرے کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے اور شاید ان کی شادی کی کامیابی کا یہی سبب ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں دونوں نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے عاشر وجاہت کو بھی اپنی پروڈکشن میں کام کروانے کے پیسے دیتے ہیں۔

ان کے مطابق عاشر وجاہت 9 سال کی عمر سے اداکاری کرتے آرہے ہیں اور انہوں نے پہلی کمائی 9 سال کی عمر میں کی تھی۔

پروگرام کے دوران وجاہت رؤف نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ان کے کامیڈی شو ’وائس اوور مین‘ میں شرکت کرنے والے مہمان مفت میں آتے تھے، البتہ جن شوز کو کسی کمپنی نے اسپانسرڈ کیا تھا، ان میں شرکت کرنے والی شخصیات کو معاوضہ دیا جاتا تھا۔

انہوں نے اپنے شو میں مفت میں آنے والی شخصیات کا شکریہ ادا کیا اور اعتراف کیا کہ زیادہ تر شخصیات مفت میں ان کے شو میں آئیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں بتایا کہ والدین نے انہیں ایم بی اے کی پڑھائی کرنے کے لیے بیرون ملک بھیجا لیکن انہوں نے وہاں جاکر فلم کی تعلیم حاصل کی اور انہوں نے یہ بات والدین سے خفیہ رکھی لیکن گریجوایشن کے وقت جب انہوں نے والدین کو بتایا تو انہوں نے کسی ناراضی کا اظہار نہیں کیا۔

پروگرام کے ایک حصے میں انہوں نے بتایا کہ سید جبران ناصر وہ اداکار ہیں جو اپنے معاوضے میں سے ایک روپیہ بھی نہیں چھوڑتے۔

ایک سوال کے جواب میں شازیہ وجاہت نے کہا کہ بطور پروڈیوسر وہ ساس بہو کے ڈرامے نہیں بنانا چاہتیں لیکن پاکستانی شائقین اور ٹی وی چینلز کو ایسے ہی ڈرامے پسند آتے ہیں۔

اسی حصے میں وجاہت رؤف نے بتایا کہ مہوش حیات انتہائی اچھی اداکارہ ہیں جو ہمیشہ شوٹنگ کے لیے وقت پر آجاتی ہیں۔

پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں وجاہت رؤف نے مرحوم جنید جمشید کے حوالے سے ایک جذباتی واقعہ بھی سنایا اور بتایا کہ ان کی مرحوم سے بہت اچھی دوستی تھی۔

وجاہت رؤف کے مطابق جب وہ امریکا میں زیر تعلیم تھے تب انہوں نے یونیورسٹی کے دوستوں کے ہمراہ وہاں شو کرنا چاہا جس کے لیے انہوں نے جنید جمشید کو بلانا چاہا اور ان کی ٹیم نے ان سے ایڈوانس کی مد میں 800 ڈالر منگوا لیے، لیکن بعد ازاں کچھ مسائل کی وجہ سے وہ کنسرٹ نہیں ہوسکا اور ان کی رقم جنید جمشید کی ٹیم کے پاس ہی رہے۔

انہوں نے بتایا کہ کئی سال بعد جب وہ وطن آئے تو ان کی جنید جمشید سے دوستی ہوگئی اور پھر ایک وقت آیا کہ مرحوم کے مالی حالات انتہائی خراب ہوگئے، انہوں نے اپنی تمام گاڑیاں بیچ دی تھیں اور گھر بھی چھوٹا لیا تھا۔

وجاہت رؤف کا کہنا تھا کہ ان ہی دنوں میں جنید جمشید نے انہیں گھر پر آکر ملنے کا کہا اور وہ یہ سوچ کر گئے کہ وہ شاید ان سے کچھ مالی معاونت مانگیں گے۔

ہدایت کار کے مطابق لیکن جب وہ جنید جمشید کے گھر پہنچے تو انہوں نے انہیں بتایا کہ انہیں اب معلوم ہوا ہے کہ انہوں نے ان کے کنسرٹ کے لیے ان کی ٹیم کو 800 ڈالر دیے تھے جو انہیں تاحال نہیں ملے اور وہ مذکورہ رقم انہیں لوٹانا چاہتے ہیں کیونکہ وہ کسی کے مقروض ہوکر نہیں مرنا چاہتے۔

وجاہت رؤف نے بتایا کہ ان کے 800 ڈالرز کے عوض جنید جمشید نے اس وقت کے پروگرامات میں شرکت کرکے ان کا پورا قرضہ اتارا۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024