• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

کامیڈی شو’ملکہ تبسم’ میں پرفارمنس پر بشریٰ انصاری کی تعریفیں

شائع July 12, 2023
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

لیجنڈری اداکارہ، لکھاری و ہدایت کار بشریٰ انصاری کی جانب سے اسٹینڈ اپ تھیٹر کامیڈی شو ’ملکہ تبسم‘ میں شاندار پرفارمنس دیے جانے پر شوبز شخصیات سمیت مداحوں کی جانب سے ان کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

بشریٰ انصاری کے تھیٹر کامیڈی شو ’ملکہ تبسم‘ کو گزشتہ ہفتے 3 جولائی سے کراچی آرٹس کونسل آف پاکستان میں روزانہ کی بنیاد پر پیش کیا جا رہا ہے۔

تھیٹر کامیڈی شو کی ہدایات داور محمود نے دی ہیں اور اس کا اسکرپٹ سید نینی نے لکھا ہے اور شو میں اداکارہ اپنی زندگی کے سچے واقعات بھی بتاتی سنائی دیتی ہیں۔

’ملکہ تبسم‘ بشریٰ انصاری کا اب تک کا پہلا اسٹینڈ اپ کامیڈی تھیٹر شو ہے، اس سے قبل وہ ٹی وی پر دیگر ساتھی اداکاروں کے ہمراہ کامیڈی شوز کرتی رہی ہیں۔

تقریبا سوا گھنٹے دورانیے کے شو میں بشریٰ انصاری اپنی زندگی کے سچے واقعات سمیت ملک کے حالیہ واقعات اور ماضی پر بھی اچھوتے انداز میں گفتگو کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

اگرچہ ملکہ تبسم کامیڈی شو ہے لیکن اس میں انتہائی حساس معاملات پر مزاحیہ انداز میں کھل کر بات کی گئی ہے اور بشریٰ انصاری اپنے مخصوص انداز میں ملک کی سیاست اور حالات پر بھی بات کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

’ملکہ تبسم‘ میں بشریٰ انصاری کی شاندار پرفارمنس پر لیجنڈری لکھاری انور مقصود نے بھی ان کی تعریفیں کیں، علاوہ ازیں متعدد شخصیات نے بھی اداکارہ کی تعریفیں کرتے ہوئے لوگوں کو تجویز دی کہ وہ لازمی کامیڈی شو دیکھنے آئیں۔

ہدایت کار وجاہت رؤف، پروڈیوسر شازیہ وجاہت، اداکار عمران اشرف، اداکارہ صبا حمید سمیت دیگر شوبز شخصیات نے بھی ’ملکہ تبسم‘ دیکھنے کے بعد بشریٰ انصاری کی تعریفیں کیں اور مداحوں کو بھی تجویز دی کہ وہ لازمی کامیڈی شو دیکھنے جائیں۔

’ملکہ تبسم‘ کو آئندہ ماہ اگست کے وسط تک کراچی آرٹس میں یومیہ بنیادوں پر دکھائے جانے کا امکان ہے، اس کے بعد مذکورہ شو کو پہلے دارالحکومت اسلام آباد اور بعد ازاں لاہور میں دکھایا جائے گا۔

اس وقت کراچی آرٹس کونسل میں ’ملکہ تبسم‘ کا یومیہ ایک شو رات 8 بجے شروع کیا جاتا ہے اور اس کی ایڈوانس بکنگ بھی کی جاتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024