• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

شادی کرنے کی کوشش کی تھی، انوشے اشرف

شائع July 18, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

ماڈل اور ویڈیو جوکی (وی جے) انوشے اشرف نے کہا ہے کہ انہوں نے ماضی میں شادی کرنے کی کوشش کی تھی اور انہوں نے منگنی تک کرلی تھی لیکن پھر انہوں نے شادی کا ارادہ تبدیل کردیا۔

انوشے اشرف حال ہی میں جیو ٹی وی کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے شوبز سمیت اپنی ذاتی زندگی پر بھی کھل کر بات کی۔

اداکاری کم کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انوشے اشرف نے کہا کہ انہیں شروع سے ہی اداکاری کرنے کا شوق نہیں تھا، اس لیے وہ ٹی وی اسکرین پر کم دکھائی دیتی ہیں۔

خلیل الرحمٰن قمر کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے دلیل دی کہ چونکہ وہ اداکارہ نہیں ہے، اس لیے انہیں معروف لکھاری کے ساتھ کام کرنے میں انکار سے کوئی مسئلہ نہیں ہوا۔

انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ماضی میں وہ 50 لاکھ روپے کے عوض بھی خلیل الرحمٰن قمر کے ساتھ کام کرنے کو تیار نہیں تھیں، لیکن اب انہیں ایک کروڑ روپے سے زائد کی پیش کش کی جائے گی تو وہ ضرور سوچیں گی۔

ذاتی زندگی سے متعلق بات کرتے ہوئے انوشے اشرف نے کہا کہ جیسے ہی ان کی عمر 18 سال ہوگئی تو والد نے انہیں ملازمت کرنے کا کہا تاکہ وہ خود مختار بن سکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کی مزید دو بہنیں ہیں اور انہوں نے انگریزی ادب میں بیچلرز تک تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔

انوشے اشرف نے ایک واقعہ بتایا کہ عید کے دن انہیں ارطغرل غازی کا کردار ادا کرنے والے اداکار نے فون کیا تھا لیکن وہ ان کی کال نہیں اٹھا پائی تھیں اور بعد ازاں اداکار نے انہیں ویڈیو پیغام بھیجا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ارطغرل غازی کے اداکار نے ان کے ایک ترک دوست سے اداکارہ کا نمبر لیا اور انہیں ویڈیو پیغام بھیجا، جس کے بعد ان کے درمیان بھی اچھی دوستی ہوگئی۔

شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ماڈل نے کہا کہ ان کی نظر میں شادی اور تعلقات کے لیے مرد اور خاتون کے عمر کے درمیان فرق کی کوئی اہمیت نہیں، البتہ ذہنیت ایک جیسی ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وہ عام طور پر خواتین کو بھی مشورہ دیتی رہتی ہیں کہ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ مرد آپ سے 15 سال کم عمر ہے یا پھر 15 سال زائد العمر ہے، اصل بات خیالات اور ذہنیت کی ہوتی ہے۔

انوشے اشرف کا کہنا تھا کہ وہ شادی کے لیے صرف اور صرف اپنے شریک حیات میں ایک چیز دیکھنا چاہتی ہیں کہ وہ ان کی ذہنیت جیسا شخص ہو، یعنی دونوں کے خیالات ایک جیسے ہونے چاہئیں اور مرد خاتون کو اپنی شناخت کے ساتھ آگے بڑھنے کی اجازت دے۔

انہوں نے عندیہ دیا کہ اب انہوں نے شادی کرنے کے لیے ذہن بنا لیا ہے، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ وہ کب تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔

انوشے اشرف نے اب تک شادی نہ کرنے کے سوال پر مسکراتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ماضی میں شادی کرنے کی کوشش کی تھی، یہاں تک کہ انہوں نے منگنی تک کرلی تھی لیکن پھر انہوں نے شادی کا ارادہ موخر کرلیا۔

انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے کس کے ہمراہ منگنی کی تھی اور اب کیا ان کی منگنی ختم ہوگئی یا نہیں؟

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024