• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

معلوم ہوتا کہ ’میرے پاس تم ہو‘ کامیاب جائے گا تو زیادہ معاوضہ لیتا، عدنان صدیقی

شائع July 20, 2023
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

مقبول ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ میں شادی شدہ امیر شخص ’شہوار‘ کا کردار ادا کرنے والے عدنان صدیقی نے کہا ہے کہ اگر انہیں معلوم ہوتا کہ ان کا ڈراما کامیاب جائے گا تو وہ زیادہ معاوضہ لیتے۔

’میرے پاس تم ہو‘ سال 2019 اور 2020 کا مقبول ترین ڈراما تھا، اس میں عدنان صدیقی نے ’شہوار‘ نامی ایک ایسے شادی شدہ امیر شخص کا کردار ادا کیا تھا، جسے ایک شادی شدہ غریب خاتون سے عشق ہوجاتا ہے۔

عدنان صدیقی کے کردار ’شہوار‘ کو ڈرامے میں عائزہ خان کے کردار ’مہوش‘ سے محبت ہوجاتی ہے۔

مہوش کا کردار ڈرامے کے غریب کردار ’دانش‘ یعنی ہمایوں سعید کی اہلیہ ہوتی ہیں مگر غربت کی وجہ سے مہوش آگے چل کر شوہر سے طلاق لے کر امیر شخص ’شہوار‘ سے شادی کی خواہش مند ہوتی ہیں۔

’میرے پاس تم ہو‘ میں شادی شدہ مرد اور خاتون کو دولت کی وجہ سے تعلقات پر اور پاکستانی معاشرے کے برعکس حالات میں دکھانے پر ڈرامے پر شدید تنقید بھی کی گئی تھی۔

مذکورہ ڈرامے کے حوالے سے عدنان صدیقی پہلے بھی باتیں کر چکے ہیں، اب ایک بار پھر انہوں نے اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ ڈراما اتنا کامیاب ہوگا۔

عدنان صدیقی نے جنید اکرم کے پوڈ کاسٹ میں بات کرتے ہوئے نہ صرف مذکورہ ڈرامے پر بات کی بلکہ دیگر معاملات پر بھی گفتگو کی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کا پہلا ڈراما ’خوابوں کی زنجیر‘ تھا، جسے انور مقصود نے لکھا تھا، اس کے بعد انہوں نے ’عروسا‘ ڈراما کیا، جس سے انہیں شہرت ملی۔

پروگرام کے دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ اداکاری سے قبل انہوں نے مارکیٹنگ کی ملازمت بھی کی اور انہوں نے معروف موبائل کمپنی ’جاز‘ میں بھی نوکری کی۔

ان کے مطابق جب ’جاز‘ کمپنی نے پاکستان میں آغاز کیا، تب انہوں نے اس میں ملازمت کی تھی لیکن بعد ازاں انہوں نے مارکیٹنگ کی ملازمت چھوڑ کر کل وقتی اداکاری کرنا شروع کردی۔

پوڈ کاسٹ کے دوران انہوں نے ہولی وڈ اداکارہ اینجلینا جولی کے ہمراہ کام کرنے کا تجربہ بھی شیئر کیا اور بتایا کہ مذکورہ فلم کی شوٹنگ بھارت میں بھی ہوئی اور وہ وہاں شوٹنگ کے لیے دو ماہ سے زیادہ عرصہ رہے۔

ان کے مطابق بھارت میں رہائش کے دوران ابتدائی طور پر انہیں چھوٹے اور معیاری ہوٹل میں رہائش دی گئی جب کہ اینجلینا جولی سمیت برطانیہ سے تعلق رکھنے والے کیمرامین کو بھی بڑے اور پرتعیش ہوٹل میں رہائش دی گئی، جس پر انہوں نے ٹیم سے احتجاج کیا اور بعد ازاں انہیں بھی اسی ہوٹل میں کمرا دیا گیا، جہاں اینجلینا جولی رہائش پذیر تھیں۔

عدنان صدیقی نے بتایا کہ مذکورہ فلم کے لیے انہیں معاوضہ بھی کم دیا گیا تھا لیکن پھر انہوں نے ایک امریکی تنظیم کے سہارے سے اپنا معاوضہ بھی بڑھوایا اور اپنی مراعات بھی بڑھوائیں۔

انہوں نے اینجلینا جولی اور بولی وڈ کے مرحوم اداکار عرفان خان کے ساتھ بھارت میں شوٹنگ کے ساتھ گزرے ہوئے وقت شاندار وقت قرار دیا۔

پوڈکاسٹ میں ’میرے پاس تم ہو‘ پر بات کرتے ہوئے عدنان صدیقی نے انکشاف کیا کہ انہیں ہمایوں سعید نے ’شہوار‘ کا کردار دیا تھا اور کہا کہ مذکورہ کردار ان پر اچھا لگے گا۔ ان کے مطابق ہمایوں سعید نے انہیں بتایا کہ ’میرے پاس تم ہو‘ کا اسکرپٹ 6 سال قبل لکھا گیا تھا۔

انہوں نے تمام ساتھی اداکاروں کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ ہمایوں سعید اور عائزہ خان نے شاندار اداکاری کی جب کہ ندیم بیگ نے بہترین ہدایت کاری دی اور سب سے زیادہ کمال لکھاری خلیل الرحمٰن قمر نے کیا۔

ایک سوال کے جواب میں عدنان صدیقی نے کہا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ’میرے پاس تم ہو‘ اتنا کامیاب ہوگا اور اگر انہیں معلوم ہوتا تو وہ زیادہ معاوضہ لیتے۔

انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ ’میرے پاس تم ہو‘ کی کامیابی کا انہیں بہت زیادہ فائدہ ہوا، انہیں متعدد اشتہارات اور ڈراموں کی پیش کش ہوئی اور انہوں نے اس کا بھرپور فائدہ بھی اٹھایا۔

اگرچہ عدنان صدیقی نے کہا کہ اگر انہیں علم ہوتا کہ ’میرے پاس تم ہو‘ ڈراما کامیاب جائے گا تو وہ زیادہ معاوضہ لیتے لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے اس ڈرامے میں اداکاری کا کتنا معاوضہ لیا تھا؟

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024