• KHI: Asr 4:36pm Maghrib 6:15pm
  • LHR: Asr 4:03pm Maghrib 5:42pm
  • ISB: Asr 4:06pm Maghrib 5:47pm
  • KHI: Asr 4:36pm Maghrib 6:15pm
  • LHR: Asr 4:03pm Maghrib 5:42pm
  • ISB: Asr 4:06pm Maghrib 5:47pm

محبت اور شادی سرحدوں کے پابند نہیں، بھارت جانے پر پابندی ختم ہونی چاہیے، ہمایوں سعید

شائع July 22, 2023
اداکار نے کہا کہ محبت ایسا جذبہ ہے جو انسانوں کی طرح کسی سرحد کا پابند نہیں ہے—فائل فوٹو
اداکار نے کہا کہ محبت ایسا جذبہ ہے جو انسانوں کی طرح کسی سرحد کا پابند نہیں ہے—فائل فوٹو

نامور اداکار اور فلمساز ہمایوں سعید کہتے ہیں کہ محبت، شادی اور رشتے سرحدوں کے پابند نہیں، بھارتی اور پاکستانی شہریوں پر ایک دوسرے ملک کا سفر کرنے پر پابندی ختم ہوچاہیے، سیاستدانوں کو یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے۔

اداکار ہمایوں سعید نے بھارتی نیوز ایجنسی انڈو ایشین نیوز سروس (آئی اے این ایس) کو انٹرویو دیا جہاں انہوں نے ایک انسان سے دوسرے انسان سے محبت کے احساس، شادی اور تعلقات کے حوالے سے گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ محبت ایسا جذبہ ہے جو انسانوں کی طرح کسی سرحد کا پابند نہیں ہے، انہوں نے پاکستان اور بھارتی شہریوں کے درمیان ہونے والی کامیاب شادیوں پر بات کرتے ہوئے زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے کیونکہ محبت، شادی اور رشتوں کی سرحدیں نہیں ہوتیں۔

گفتگو کا آغاز حال ہی میں پیش آنے والے واقعے کی مثال سے ہوا جہاں ایک پاکستانی شہری سیما حیدر کو پب جی گیم کھیلتے ہوئے بھارت کے شہر دہلی کی سرحد سے متصل گریٹر نوئیڈ کے ربوپورہ کے رہنے والے شہری سچن مینا سے محبت ہو گئی تھی، اب سیما اپنے چار بچوں کے ساتھ بھارت میں سچن کے گھر میں رہتی ہیں۔

بھارتی نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے ہمایوں سعید نے اس رائے کا اظہار کیا کہ یہ صرف رومانوی محبت نہیں ہے بلکہ محبت اپنی تمام شکلوں میں دو قوموں کے درمیان ہو سکتی ہے۔

اس ضمن میں ہمایوں سعید نے بھارت کی سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے نامور بلے باز شعیب ملک کے درمیان ہونے کامیاب محبت اور شادی کی بھی مثال دی۔

انہوں نے کہا کہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی کامیاب شادی بھی ایک مثال ہے، اس کے علاوہ میں ایک ایسے جوڑے کو بھی جانتا ہوں جو بھارتی ویڈیو ڈائریکٹر ہے جس نے لاہور کی ایک خاتون سے شادی کی تھی اور یہ جوڑا اب ممبئی میں رہتا ہے، 8 سے 9 سال قبل میں ان سے بھارت میں مل چکا ہوں، ویزا کے مسائل کی وجہ سے گزشتہ 4 سے 5 سال سے بھارت نہیں جاسکا۔’

51 سالہ ہمایوں سعید نے برطانوی نژاد پاکستانی اداکار علی خان کی بھی مثال دی، انہوں نے کہا کہ اداکار علی خان کی شادی بھی پاکستان میں ہوئی اور وہ یہیں رہتے ہیں اور یہیں کام کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ محبت، شادی اور رشتے سرحدوں کے پابند نہیں ہیں، بھارت اور پاکستان ایک ہی زبان بولتے ہیں اس لیے کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔’

ہمایوں سعید نے اپنے خاندان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’میرے والد بھارت میں پیدا ہوئے تھے اور ان کی ہمیشہ سے خواہش تھی کہ وہ ایک بار بھارت جاکر اپنی جائے پیدائش کو دیکھ سکیں لیکن اب ان کا انتقال ہوگیا ہے اور ان کی خواہش پوری نہیں ہوسکی لیکن میں اس جگہ ضرور جانا چاہتا ہوں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جو سرحدیں آگئیں ہیں میں چاہتا ہوں کہ دونوں ممالک کے شہری ایک دوسرے کے ہاں سفر کرسکیں اور ایک دوسرے سے ملاقات کرسکیں، میں یہ نہیں کہہ رہا کہ دونوں ممالک ایک ساتھ کام کرسکتے ہیں لیکن کم از کم ہم ایک دوسرے کا کام دیکھ سکتے ہیں، ایک دوسرے کے کام کی تعریف کرسکتے ہیں، میرے خیال سے اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔ ’

اداکار نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کو ’بدقسمتی سے‘ بھارت جانے کے لیے ویزا نہیں ملتا، اب وہاں سفر کرنا یا بھارتیوں کے لیے پاکستان آنا ناممکن ہو گیا ہے، انہوں نے کہا کہ یقیناً محبت کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، اور ان سیاستدانوں کو سمجھنا چاہیے، میں حیران ہوں کہ ہم انہیں کیسے سمجھ سکتے ہیں۔’

ہمایوں سعید نے پرانے دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’میں خود بھارتی ٹی وی اداکاروں آمنہ شریف، جوہی پرمار، شویتا تیواری، راجیو کھنڈیلوال کو اپنے پروگرام میں کاسٹ کیا کرتا تھا،‘

خیال رہے کہ آمنہ شریف 2004 کے پاکستانی ڈرامے ’انا‘ کا حصہ تھیں جسے ہمایوں نے پروڈیوس کیا تھا، شو کی افتتاحی تھیم معروف بھارتی گلوکارہ شریا گھوشال نے دی تھی۔’

انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ فلمساز مہیش بھٹ پاکستان میں ان سے ملنے آتے تھے اور ان کی دوستی کے بارے میں بات کرتے تھے۔

ہمایوں سعید نے کہا کہ ’مہیش بھٹ مجھ سے ملنے یہاں آتے تھے اور میں بھارت میں ان سے ملنے جاتا تھا، ہم اب بھی رابطے میں ہیں، مہیش بھٹ نے بھی ہمیشہ یہ کوشش کی کہ بھارت اور پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کریں، اس لیے میں نے بھارتی ٹی وی اداکاروں کو یہاں آنے اور کام کرنے پر مجبور کیا، مجھے وہاں کام کرنا اور ممبئی کے ’مہیش لنچ ہوم‘ میں کھانا کھانا بہت اچھا لگتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جب ویزے پر پابندی نہیں تھی تو دونوں ممالک کے لوگ ایک دوسرے کے ساتھ مل کر لطف اندوز ہوتے تھے، میں بھارت میں اپنی فلموں کی پوسٹ پروڈکشن کرتا تھا، میری فیملی بہت خوش ہوتی تھی، میری بیوی ممبئی کے ہر بازار کے بارے میں جانتی ہے، مجھے امید ہے کہ وہ دن واپس آئیں گے۔

ایشیا کپ 2023 پر بات کرتے ہوئے ہمایوں سعید نے کہا کہ ’ورلڈ کپ بھی شروع ہونے والا ہے جہاں بھارت اور پاکستان ایک دوسرے سے ٹکرائیں گے، اس لیے پاکستانیوں کو ویزے جاری کرنے چاہیے، پاکستانی ٹیم کو بھارت کا دورہ کرنا اور کھیلنا چاہیے، اور ہمیں بھی وہاں جانے کا موقع ملنا چاہیے۔‘

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024