• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

صرحا اصغر پر جسمانی حملے کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار

شائع August 10, 2023
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

مقبول اداکارہ صرحا اصغر کو صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں راستے میں ہراسانی کا نشانہ بنانے اور ان پر جسمانی حملے کی کوشش کرنے والے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

صرحا اصغر کے ساتھ نامناسب واقعہ کراچی کے شاہ فیصل پولیس تھانے کی حدود میں ان کی رہائش کے قریب پیش آیا اور ان پر جسمانی حملے کی کوشش کرنے والے ملزم کو اداکارہ کے شوہر اور اہل محلہ نے پکڑ کر قریبی پولیس کے حوالے کیا۔

’جیو ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق صرحا اصغر کو ہراساں کرنے کا مقدمہ ان کے شوہر عمر مرتضیٰ کی مدعیت میں شاہ فیصل تھانے پر درج کرلیا گیا۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ اداکارہ کے ساتھ نامناسب واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ خریداری کے لیے قریبی مارکیٹ گئی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے پولیس کو بیان بھی ریکارڈ کروادیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ مارکیٹ سے واپسی پر گھر کے قریب ایک آوارہ شخص نے انہیں راہ چلتے ہوئے ہراساں کرنا شروع کیا۔

اداکارہ کے مطابق آوارہ ملزم ان کے پیچھے آوازیں کسنے لگا اور مسلسل ان کا پیچھا کرتے ہوئے ان کے گھر تک آیا۔

رپورٹ کے مطابق صرحا اصغر نے پولیس کو بتایا کہ ملزم نے ان پر جسمانی حملہ کرنے کی کوشش کی، جس سے ان کپڑے بھی پھٹ گئے لیکن اس وقت تک وہ گھر تک پہنچ چکی تھیں۔

اداکارہ کے مطابق انہوں نے گھر کی گھنٹی بجائی جس پر ان کے شوہر نکل آئے، جنہوں نے ملزم کے ساتھ ہاتھا پائی کی اور بعد ازاں اہل محلہ کی مدد سے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ صرحا اصغر پر جسمانی حملے کی کوشش کرنے والے ملزم کا نام عاصم ہے، جس کے خلاف اداکارہ کے شوہر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔

واقعے کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد صرحا اصغر یا ان کے شوہر نے میڈیا کو وضاحت دینے سے معذرت کرلی اور نہ ہی انہوں نے واقعے سے متعلق فوری طور پر کوئی سوشل میڈیا پوسٹ کی۔

اطلاعات کے مطابق اداکارہ کے ساتھ نامناسب واقعہ رواں ماہ اگست کے آغاز میں یکم اگست کو پیش آیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024