والدہ کے انتقال کے بعد 3 روز تک لوگوں کو ہنساتی رہی، یاسرہ رضوی
اداکارہ یاسرہ رضوی کا کہنا ہے کہ جب ان کی والدہ کا انتقال ہوا تو وہ اونچی آواز میں نہیں روئی بلکہ اپنی والدہ سے باتیں کرتی رہیں، یہی نہیں بلکہ والدہ کے جنازے کے بعد 3 روز تک لوگوں کو ہنساتی بھی رہی۔
حال ہی میں اداکارہ یاسر رضوی نے صحافی ملیحہ رحمٰن کو انٹرویو دیا جہاں انہوں نے اپنے کریئر، شادی اور ذاتی زندگی سے متعلق متعدد انکشافات کیے۔
انٹرویو کے دوران یاسرہ رضوی نے اپنے ڈراما سیریل ’شناس‘ کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی، شناس جذباتی اور سنسنی خیز کہانی پر مبنی ڈراما ہے جہاں ایک خاندان کے کئی دہائیوں قبل کے رازوں کو افشا کیا جاتا ہے۔
ڈراما سیریل شناس میں اداکارہ ہاجرہ یامین، سید آریز، ثانیہ سعید، شہزاد نواز، یاسرہ رضوی اور دیگر شامل ہیں جبکہ اس ڈرامے کی ہدایت بھی یاسرہ رضوی نے کی ہے۔
یاسرہ رضوی کے مطابق ڈرامے میں کرداروں کے درمیان جھگڑوں کو چیخنے رونے کے بجائے زبانی تکرار اور باہمی گفتگو کے ذریعے دکھایا گیا ہے، ان کا خیال ہے کہ دو لوگوں کے درمیان اختلافات الفاظوں کے ذریعے بھی ہوسکتا ہے، اس کے لیے چیخنے اور چللانے یا رونے کی ضرورت نہیں ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں یہ بتانا چاہتی ہوں کہ ڈرامے کے ذریعے صورتحال کو مختلف طریقوں سے بھی دکھایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے اپنی مثال دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ ’رواں سال کے شروع میں میرے ماں باپ انتقال کرگئے تھے، اپنی والدہ کے جنازے کے دوران میں روئی نہیں تھی بلکہ مستقل ان سے باتیں کررہی تھی، میں اپنی ماں سے کہہ رہی تھی کہ ڈرنا نہیں، سب ٹھیک ہوجائے گا۔‘
یاسرہ رضوی نے بتایا کہ اپنی ماں کو غسل دینے کے لیے ہمت چاہیے ہوتی ہے، وہ ماں جو آپ کے سامنے جوان عورت ہوتی ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ غسل کے دوران اور اس کے بعد بھی میں اپنی والدہ سے کہہ رہی تھی کہ پیاری امی پریشان مت ہونا، آپ بہت اچھی خاتون تھیں، سب ٹھیک ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ’میت کو ایمبولنس تک میں نے خود چھوڑا، اپنی والدہ کے جنازے پر میں نہیں روئی، مجھے دیکھ کر میری کزنز اپنے بچوں کو کہہ رہی تھیں کہ ’بیٹا اگر ہم بھی اگر کسی دن مر جائیں تو ہمیں بھی ایسے بھیجنا جیسے یاسرہ باجی نے اپنی ماں کو بھیجا ہے، رونے نہیں بیٹھ جانا۔‘
یاسرہ رضوی نے مزید کہا کہ والدہ کے جنازے کے بعد میں نے تین دن تک کچھ نہیں کھایا، مجھے نیند نہیں آرہی تھی، اس وقت بھی میری آنکھوں سے آنسو نہیں نکلے، حالانہ میں دوسروں کو لطیفے سنا کر ہنسا رہی تھی، 3 سے 4 دن تک میں خود بھی ہنس رہی تھی، کیا اس کا یہ مطلب ہے کہ میں انسان نہیں ہوں؟ کیا یہ جذبات ٹھیک نہیں ہیں؟
اس کے علاوہ انٹرویو کے دوران یاسرہ رضوی نے اپنی عمر سے 10 سال کم عمر لڑکے سے شادی کرنے سے متعلق انکشاف کیا کہ جب ان کی شادی ہوئی تھی تو انہوں نے ایک ویڈیو ریلیز کی تھی جس میں انہوں نے خود سے کئی برس چھوٹے لڑکے کے ساتھ شادی سے متعلق حقائق بتائے تھے۔
اداکارہ نے کہا کہ کئی لڑکیوں نے میری شادی کی مثال کو اپنے لیے استعمال کیا اور کئی جگہ پر یہ فائدہ مند ثابت ہوا۔
انہوں نے کہا کہ میری شادی کے بعد بہت سی لڑکیوں کے میسجز آئے کہ انہوں نے اپنے والد کو میری ویڈیو دکھائی جو اپنی بیٹی کی شادی کے لیے نہیں مان رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بہت سی خواتین اپنے بیٹوں کو ان سے بڑی عمر کی لڑکیوں سے اس لیے شادی نہ کرنے دیتیں کہ بچے نہیں ہوں گے، لیکن یہ چیزیں انسان کے ہاتھ میں نہیں ہوتی، میں 38 سال کی تھی جب میرا بیٹا ہوا تھا۔
یاسرہ نے کہا کہ ان کا بیٹا ان کے زندہ رہنے کی وجہ ہے، ’جب میں اپنے بیٹے کو دیکھتی ہوں تو مجھے لگتا ہے کہ جینا چاہیے۔‘
یاسرہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان کا بیٹا اللہ کی طرف سے بے پناہ نعمتوں اور نشانیوں کا ذریعہ رہا ہے، خاص طور پر اس وقت میں جب وہ اپنی زندگی کے انتہائی مشکل اور تاریک دور سے گزر رہی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ایک وقت وہ اس حد تک غم سے نڈھال تھیں کہ رمضان میں شب قدر کے وقت انہوں نے اللہ سے زندگی جینے کے لیے دعا کی تھی جس کے دو ماہ بعد وہ حاملہ ہوگئی تھیں’ میرا بیٹا اللہ کی طرف سے ایک نشانی ہے کہ مجھے زندگی جینی ہے۔’
انٹرویو کے دوران یاسرہ رضوی نے یہ بھی کہا کہ کبھی کبھار وہ ہر دوسرے ہفتے اپنا کام چھوڑدینے کے بارے میں سوچتی ہیں، کیونکہ میں جن زیادہ تر لوگوں سے ملتی ہوں یا کام کرتی ہوں ان کی باتیں تو بہت آفاقی ہوتی ہیں لیکن آخر میں یہ پتا چلتا ہے کہ سب مشہور ہونا چاہتے ہیں یا مشہور شخصیات کے ساتھ اپنا نام بنانا چاہتے ہیں۔
یاسرہ رضوی نے جنوری 2016 میں خود سے 10 سال کم عمر ڈراما ساز عبدالہادی سے شادی کی تھی، یاسرہ رضوی کی شادی کے وقت 34 سال عمر تھی جب کہ ان کے شوہر 24 سال کے تھے۔
شادی کے ایک سال بعد اداکارہ ایک انٹرویو میں بھی بتاچکی ہیں کہ انہیں خود سے ایک دہائی کم عمر لڑکے سے شادی کرنے پر بہت کچھ برداشت کرنا پڑا۔
بعدازاں 2021 میں جوڑے کے ہاں بیٹے کی پیدائش بھی ہوئی تھی، جس کے بعد اداکارہ یاسرہ رضوی اسکرین پر کم دکھائی دیتی ہیں اور زیادہ تر وہ پروڈکشن ٹیم میں کام کرتی ہیں، ان کا حال ہی میں ڈراما سیریل شناس گرین انٹرٹینمنٹ پر نشر ہورہا ہے۔
یاد رہے کہ یاسرہ رضوی کئی نامور ڈراموں میں کام کرچکی ہیں جن میں ’ڈنک‘، ’دل نا امید تو نہیں‘، ’آنگن‘ اور دیگر شامل ہیں، جبکہ انہوں نے کامیاب فلم ’چڑیل‘ میں بھی اداکارہ کے جوہر دکھائے ہیں۔